بھارت میں کھیلی جا رہی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں شاہینوں کو تین میچز کے بعد بھی پہلی جیت کی تلاش ہے گزشتہ رو جاپان سے میچ بھی برابر رہا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی بھارت میں کھیلی جا رہی ہے جس میں پاکستان ٹیم اپنے تین میچز کھیل چکی ہے لیکن تاحال فتح کا مزا چکھنے سے محروم ہے۔
گزشتہ روز چنائی میں پاکستان اور جاپان کا میچ بھی تین تین گول سے برابر رہا۔ قومی ٹیم نے پہلے اور دوسرے کوارٹر میں جاپان پر برتری لی لیکن تیسرے کوارٹر میں جاپان نے پلٹ کر وار کیا اور قومی ٹیم کی برتری کو تین دو کے خسارے میں بدل دیا۔
شاہینوں نے چوتھے اور آخری کوارٹر میں گول داغ کر مقابلہ تین تین سے برابر کر دیا۔ سفیان دو گول کرکے میچ کے ہیرو قرار پائے جب کہ عبدالوحید رانا نے ایک بار گیند جال میں پہنچائی۔
اس سے قبل پاکستان کو ایونٹ کے اپنے افتتاحی میچ میں ملائیشیا سے دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست ہوئی تھی جب کہ دوسرے میچ میں کوریا سے مقابلہ ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا تھا۔
پاکستان آج ایونٹ میں چوتھا میچ چین کے خلاف کھیلے گا جب کہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 9 اگست کو شیڈول ہے۔