میثاق معیشت پر بات اور معاہدہ کرنے کیلیے تیار ہوں، آصف علی زرداری

میثاق معیشت پر بات اور معاہدہ کرنے کیلیے تیار ہوں، آصف علی زرداری

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ میں میثاق معیشت پر بات کرنے اور معاہدہ کرنے کیلیے تیار ہوں۔

لاہور میں اپٹما اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ صنعتکار تمام سیاسی جماعتوں سے میثاق معیشت کا معاہدہ کریں، میں معاہدے پر دستخط کرنے کو تیار ہوں، میں آپ کو لیول پلیئنگ فیلڈ دوں گا، ہم غریب نہیں امیر ہیں، جو پاکستان کو غریب سمجھتے ہیں وہ احمق ہیں۔

آصف علی زرداری ے بتایا کہ میں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی میثاق معیشت پر دستخط کیلیے کہا تھا، میں نے اس سے کہا تھا کہ کوئی فرق نہیں پڑتا کہ تم میرے ساتھ کیا کرتے ہو۔

انہوں نے کہا کہ کہیں سے بھی ایکسپورٹ کرائیں، ڈالر کی قیمت زیادہ ہونے سے ہر چیز مہنگی ہوتی ہے، مجھے تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل کا مکمل احساس ہے، برآمدات کو فروغ دے کر معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی برآمدات کو 100 ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے، معیشت کی بہتری کیلیے تجارت کو فروغ دینا ہوگا، عام آدمی کے مسائل حل ہوں گے تو وہ ٹیکس دینے کے قابل ہوگا، ہمیں امداد نہیں تجارت کے مواقع دیکھنا ہوں گے، اگر میری فیملی سمیت چند فیملیاں امیر ہوں گی تو ملک امیر نہیں ہوگا۔

سابق صدر نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے تعلقات بہتر ہوگئے ہیں، اب پاکستان ایران گیس پائپ لائن بھی جلد شروع ہوگی، اب گیس پائپ لائن میں تاخیر کی کوئی وجہ نظرن ہیں آتی۔