پی اے سی چیئرمین شپ: آصف زرداری نے رانا تنویر کی حمایت کا عندیہ دے دیا

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے پی اے سی چیئرمین شپ کے لیے رانا تنویر کی حمایت کا عندیہ دے دیا.

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین نے کہا کہ رانا تنویر اچھے انسان ہیں،  پی اے سی کی چیئرمین شپ پر مشاورت کریں گے۔

اس سوال پر کہ کیا ن لیگ نے رانا تنویر کو پی اے سی کا چیئرمین نام زد کرنے سے قبل ان سے مشاورت کی، سابق صدر نے کہا کہ خورشید شاہ سے ضرور کی ہوگی، مجھ سے کیوں کریں گے۔

انھوں نے حکومتی اقدامات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کہ آئی ایم ایف کا آفس پاکستان شفٹ ہورہا ہے.

انھوں نے کہا کہ اگر آئی ایم ایف کے لوگ اسٹیٹ بینک میں بیٹھیں ہوں گے، تو پھر ملک کون چلا رہا ہوگا؟

مزید پڑھیں: آئی ایم ایف کے پیش نظر عوام نہیں، ذاتی مفاد ہوگا: بلاول بھٹو زرداری

خیال رہے کہ آج پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ آئی ایم ایف اگر ملک چلائے گا، تو وہ عوام نہیں اپنے مفاد کے لئے چلائے گا.

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف غریب عوام، مزدوراور کسان کا خیال نہیں رکھے گا، قانون آئی ایم ایف کے تنخواہ دارکو سربراہ اسٹیٹ بینک بنانے کی اجازت نہیں دیتا.