آصف زرداری اور نواز شریف میں رابطہ، جلد ملاقات پر اتفاق

آصف زرداری

کراچی: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے ن لیگ کے قائد نواز شریف کو ملک واپسی پر مبارک باد دی، دونوں رہنماؤں نے جلد ملاقات پر اتفاق کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ریاست کوبچانے کے لیے ہم سب مل کراپنا کردار ادا کریں گے۔

نواز شریف اور زرداری کے درمیان معاشی مشکلات اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے اہم فیصلے کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کوملاقات کی دعوت دی جو دونوں نے قبول کرلی۔

اس سے قبل نواز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں سندھ اور بلوچستان کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی تھی۔

لیگی قائد نواز شریف تقریبا ساڑھے 4 سال کے بعد پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون پہنچے تو شہبازشریف سمیت سینئر لیگی قیادت نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر مریم نواز ، خواجہ آصف، اسحاق ڈار، احسن اقبال سمیت ن لیگی قیادت بھی موجود تھی۔

نواز شریف نے پارٹی سیکرٹریٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا اور پارٹی رہنماؤں کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ہمارا مقصد پاکستان کو مہنگائی، بے روزگاری اور دہشت گردی سے پاک کرنا ہے۔ مسلم لیگ ن نے پہلے بھی پاکستان کی ترقی کی سیاست کی اور آگے بھی یہ سفر جاری رہے گا۔ ہم بہت جلد پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔

نواز شریف نے پارٹی کارکنوں کو بھرپور انداز میں الیکشن کی تیاری کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔