راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ کے 44 رکنی وفد نے ملاقات کی ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاکستان کے مختلف امور پر سیر حاصل بات چیت ہوئی جبکہ علاقائی امن و استحکام، انسداد دہشتگردی اور جمہوری اقدار کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے تعلیم، مثبت سوچ کی اہمیت اور سکیورٹی چیلنجز پر روشنی ڈالی جبکہ پاکستان کے وسیع پوٹینشل پر بھی اظہار خیال کیا۔
اس موقع پر سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے کہا کہ وفد کے شرکا اپنے ذاتی تجربات کی روشنی میں اپنی رائے قائم کریں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مس انفارمیشن اور فیک نیوز کے اثرات پر بھی گفتگو کی، ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے تعمیری بات چیت پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
گزشتہ روز نوجوانان پاکستان کی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف عاصم منیر نے کہا تھا کہ جو پاکستان کے ڈیفالٹ کا بیانیہ بنا رہے تھے وہ آج کہاں ہیں؟ بحیثیت مسلمان ہمیں ناامیدی سے منع کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو سوشل میڈیا سے پیدا ہیجان، فتنے سے دور رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے، عوام، حکومت اور فوج میں مضبوط رشتہ ہی پاکستان کے تحفظ اور ترقی کا ضامن ہے۔
آرمی چیف نے کہا تھا کہ آپ کی آنکھوں کی چمک دیکھ کریقین ہوجاتا ہے پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے، آزادریاست کی اہمیت جاننی ہے تو لیبیا، شام، کشمیر اور غزہ کےعوام سے پوچھو۔
نوجوانوں سے خطاب میں جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ زندگی امتحان کا نام ہے، علم انسان کو دوسروں سے ممتاز کرتا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قرآن کی آیت پڑھ کر سنائی، ’کیا لوگ یہ سمجھے بیٹھے ہیں کہ صرف یہ کہنے پرچھوڑ دیے جائیں گے کہ ہم ایمان لائے اور آزمائش نہ ہو گی۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اور قیمتی سرمایہ ہمارے نوجوان ہیں، ہم کسی صورت قیمتی سرمایہ نوجوانوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔
آرمی چیف نے خطاب کے اختتام پر نوجوانوں کو علامہ اقبال کا شعر ’افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر، ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ‘ بھی پڑھ کر سنایا۔
عاصم منیر نے نوجوانوں کے سوالات کے جواب میں پاک فوج کا مؤقف بھی بیان کیا، انھوں نے کہا کہ پارا چنار فسادات پر قبائل مل کر زمینی، فروعی تنازعات ختم کرنے میں مدد دیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کے پی کی عوام 22 سال سے پاک فوج کیساتھ دہشتگردی کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بنی رہی، میرا یہ ایمان ہے اللہ تعالیٰ ہمیں دہشتگردی کے خلاف فتح مبین عطا کرے گا۔