ممبئی: تیلگو فلموں سے اداکاری کا آغاز کرنے والی بالی وڈ اداکارہ آسین کی طلاق کی خبریں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آسین کے مداح اُس وقت چونک اٹھے جب انہوں نے اداکارہ کا انسٹاگرام ہینڈل چیک کیا۔ مداحوں نے دیکھا کہ اداکارہ نے شوہر راہول شرما کے ساتھ اپنی تمام تصاویر اور ویڈیوز ہٹا دی ہیں۔
آسین نے شوہر کی تصاویر اور ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے کی وجہ بیان نہیں کی۔ سوشل میڈیا پر جوڑے میں علیحدگی کی خبریں زور پکڑ رہی ہیں۔
خیال رہے کہ آسین نے سال 2016 میں الیکٹرونکس مصنوعات بنانے والی مقامی کمپنی کے مالک راہول شرما سے شادی کی تھی اور جوڑے کے ہاں 2017 میں بیٹی کی ولادت ہوئی۔
آسین نے سُپر اسٹار سلمان خان کی فلم ’ریڈی‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھا تھا۔ بعد ازاں اجے دیوگن کی فلم ’بول بچن‘، عامر خان کی فلم ’گجنی‘ اور اکشے کمار کے ساتھ فلم ’کھلاڑی 786‘ میں نظر آئیں۔