اسما عباس اور زارا نور نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ اسما عباس اور ان کی صاحبزادی و اداکارہ زارا نور عباس نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔

اداکارہ زارا نور عباس نے والدہ کے ساتھ عمرے ادا کرنے کی اطلاع مداحوں کو انسٹاگرام پر دی اور ساتھ ہی تصاویر بھی شیئر کیں جس میں انہیں خانہ کعبہ کے قریب والدہ کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔

زارا نور نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللہ اکبر، عمرے کی ادائیگی کے وقت جو احساس تھا اسے لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی۔‘

انہوں نے دعا کی کہ اللہ ہم سب کو بار بار عمرے اور حج کی سعادت نصیب فرمائے۔ آمین۔

اداکارہ نے چند گھنٹوں قبل یہ تصاویر شیئر کیں، شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے انہیں مبارک باد دی جارہی ہے۔

اداکارہ مایا علی، سعدیہ فیصل، صدف کنول، مومل شیخ نے بھی اداکارہ کو مبارک باد پیش کی، مداح بھی ان سے دعاؤں کی درخواست کررہے ہیں۔