امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی

اسلام آباد (29 اگست 2025): وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے دوبارہ ملاقات کی۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

وزیر داخلہ اور امریکی قائم مقام سفیر کے درمیان پاکستان کو امریکا میں مطلوب پاکستانیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ بارڈر سیکیورٹی، انسداد منشیات، کوسٹ گارڈز اور فرانزک شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا پاکستان میں تیل کے ذخائر بڑھنے کے لیے کام کرنے کا بیان خوش آئند ہے۔ امریکی سرمایہ کار پاکستان میں تیل سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے امریکا کی سفیر نیٹلی بیکر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے امریکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر قائم مقام سفیر نے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں سیلاب کے باعث جانی اور مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

https://urdu.arynews.tv/pakistan-us-trade-deal-islamabad-pakistan/