کراچی : بجلی کی فراہمی میں تسلسل نہ ہونے کے باعث شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے پمپنگ اسٹیشنز کے جاری رہنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے سیکریٹری انرجی ، کے الیکٹرک کے چیئرمین مارک اسکیلٹن ، سی ای او سید مونس عبداللہ علوی، فر ح ناز اور نکولس شیورز ملر سے ملاقات کی۔
وزیرتوانائی نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہر میں فراہمی و نکاسی آب کا نظام شدید متاثر ہوا ہے شدید گرمی کے موسم میں عوام کو پانی کی سپلائی کی بروقت فراہمی میں شدید رکاوٹ درپیش ہے بروقت نکاسی آب نہ ہونے کے باعث بیماریوں کے پھیلنے کا بھی خطرہ موجود ہے۔
امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ فوری طور پر فراہمی و نکاسی آب کے پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی فراہمی بلاتعطل جاری رہنی چاہیے عوام کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور بروقت نکاسی کا نظام بہتر کیا جا سکے ۔
کے الیکٹرک انتظامیہ نے صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر توانائی نے ہدایت دی کہ ایک ہفتے کے اندر بجلی کی سپلائی کی فراہمی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔