اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں چھاپے کے بعد دو فلسطینی نوجوان کو شہید کر دیا۔
الجزیرہ کے مطابق یہ چھاپہ مار کارروائی جمعہ کی صبح سویرے کی گئی جب کہ کچھ مقامی لوگوں نے اسے "حملہ” قرار دیا جس کے نتیجے میں حمزہ مقبول اور خیری شاہین شہید ہوئے۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ سے رپورٹنگ کرتے ہوئے نمائندہ الجزیرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے دو افراد کی تلاش میں شہر پر چھاپہ مارا جن میں سے ایک کے الاقصیٰ شہداء بریگیڈز سے وابستہ ہونے کی تصدیق کی گئی۔ ان افراد کو پرانے نابلس کے ایک گھر میں تلاش کیا گیا۔
فلسطین کے علاقے جنین میں جنونی صیہونی فوج کا آپریشن ختم ہونے کے بعد جہاں ہر سو تباہی کے مناظر وہیں جنازے بھی اٹھے۔ کوئی اپنے گھر کی تباہی کو دیکھ کر پریشان ہے تو کوئی اپنے پیاروں کے شہید ہونے پر غمزدہ ہے۔
آپریشن ختم ہونے کے بعد میتیں گھروں سے نکلیں تو ہر آنکھ اشک بار تھی، شہداء کے جنازوں میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ اس موقع پر صیہونی مخالف نعروں سے فضا گونج اٹھی ، شہداء کو اجتماعی قبر میں سپردِ خاک کرنے کے بعد فلسطینیوں نے احتجاج کیا۔
جنین پر بیس سال کے سب سے بڑے زمینی وفضائی حملے میں فلسطینی اُجڑ گئے، صدیوں سے آبادہزاروں فلسطینی اپنے آباء و اجداد کی زمین چھوڑ کر بےخانماں نکل پڑے ہیں۔