ضمانت ملنے کا یہ مطلب نہیں کہ ملزم بری ہوگیا، عطا تارڑ

عطا تارڑ

وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ضمانت ملنے کا یہ مطلب نہیں کہ ملزم بری ہوگیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شادیانے بجانے والوں کو ضمانت اور بریت کا فرق معلوم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ  قوم جانتی ہے نو مئی کے واقعات کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی۔ یہ لوگ عدالت میں اپنے دفاع میں کچھ ثابت نہ کرسکے۔

عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ضمانت کا مطلب کیس کا فیصلہ آنا نہیں ہے، ضمانت ملنے پر خوشیاں منانا سمجھ سے باہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نومئی کے مقدمات کا ابھی ٹرائل جاری ہے، بانی پی ٹی آئی ابھی باہر آتے نظر نہیں آتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ثابت ہو چکا کہ بند لفافے کی کابینہ سے منظوری لی گئی، بند لفافے کی منظوری کے ذریعے 190 ملین پاؤنڈ کا گھپلا کیا گیا۔

واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانتیں منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔