اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے زمین اور پی ٹی آئی کے حامیوں نے سوشل میڈیا پر حملہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا تارڑ نے میر علی میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے خلاف پی ٹی آئی سے منسلک اکاؤنٹس سے مہم کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نو مئی حملے ہوں یا لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ شہدا کا مذاق اڑایا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے، قوم شہدا کی قربانیوں کے قرض کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ شہدا کی توہین کرنے والوں کے لیے قوم کے دل میں نہ قانون میں کوئی گنجائش ہے، ان شرپسند عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوگئے جب کہ کلیئرنس آپریشن میں 6 دہشتگرد مارے گئے تھے۔