’چیف جسٹس کے قتل کے فتوے کے پیچھے سیاسی مقاصد ہیں‘

عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے قتل کے فتوے کے پیچھے سیاسی مقاصد ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کے قتل کے فتوے کے پیچھے سیاسی مقاصد ہیں، یہ مذمت سے آگے کا کام ہے، ان ہاتھوں کو روکا جائے اگر ڈھیل دکھائی تو کوئی محفوظ نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو کسی کے عقیدے پر سوالات اٹھانے کا حق کس نے دیا؟ ہم نفرت پھیلانے والوں اور قتل کے فتوے دینے والوں کے راستے کی دیوار بنیں گے۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون پر عملدرآمد کروانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

ن لیگی رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ ذاتی عناد کے لیے چیف جسٹس کے خلاف مہم میں سب شامل ہورہے ہیں، ان ہاتھوں کو اگر نہیں روک سکے تو ہم نالائق ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا یہ بیان ٹی ایل پی کے نائب صدر کی جانب سے چیف جسٹس کو قتل کی دھمکیاں دینے کے بعد آیا ہے۔

چیف جسٹس کو دھمکی دینے والے ٹی ایل پی کےنائب امیرظہیرالحسن  شاہ کو گرفتار کرلیا گیا، ٹی ایل پی نائب امیر نے جسٹس قاضی فائز کا سر لانے والے کو 1 کروڑ دینے کا اعلان کیا تھا۔

ظہیر الحسن شاہ کیخلاف چیف جسٹس کودھمکی دینے پرتھانہ قلعہ گجرسنگھ میں مقدمہ درج ہے جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، مذہبی منافرت، فساد پھیلانے، عدلیہ پر دباؤ ڈالنے کی دفعات شامل ہیں۔

مقدمے میں عدلیہ کو دھمکی اور کارسرکار میں مداخلت اور قانونی فرائض میں رکاوٹ ڈالنے کی دفعات بھی شامل کی گئیں ہیں۔