کراچی: ایس پی چوہدری اسلم قتل کیس میں سہولت کاری کے کیس پر فیصلہ سنادیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس پی چوہدری اسلم قتل کیس میں ملوث ملزمان ظفر عرف سائیں اور عبید کو عدم شواہد کی بنا پر بری کردیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، عدالت ملا فضل اللہ اور شاہد اللہ شاہد کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں خیبرپختونخوا کی پولیس نے چوہدری اسلم پر حملے میں ملوث کالعدم تحریک طالبان تنظیم کے دہشت گرد عبدالواحد کو گرفتار کیا تھا۔
مزید پڑھیں: چوہدری اسلم کی شہادت کو پانچ برس بیت گئے
حکام کا کہنا تھا کہ عبدالواحد نامی دہشت گرد ایس ایس پی چوہدری اسلم اور پولیس اسٹیشن حملے میں ملوث ہے، جس کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تلاش تھی، مفرور ملزم چند روز قبل مانسہرہ آیا تھا۔
یاد رہے کہ ملزمان کو سی ٹی ڈی پولیس نے گرفتار کیا تھا، ایس پی چوہدری اسلم اور ساتھیوں کو 9 جنوری 2014 کو دھماکے میں شہید کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ’چوہدری اسلم شہید کا بیٹا ہونے پر فخر ہے‘
حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان مہمند ایجنسی نے قبول کی تھی جس میں 12 اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔
ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم اوران کے ساتھیوں کی شہادت کی خبر کو بین الاقوامی میڈیا میں نمایاں جگہ دی تھی، بی بی سی ، وائس آف امریکا اور جرمن ریڈیو ڈوئچے ویلے پر چوہدری اسلم کی شہادت کو اہم واقعہ اور بڑا نقصان قرار دیا گیا تھا۔