اے ٹی ایم کارڈ کے بغیر پیسے کیسے نکال سکتے ہیں؟

اے ٹی ایم کارڈ گھر بھول جائیں اور پیسوں کی ضرورت پڑ جائے تو لوگ پریشان ہوجاتے ہیں کہ اب کیا کریں لیکن اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ کارڈ کے بغیر بھی اے ٹی ایم سے پیسے نکالے جاسکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اے ٹی ایم کارڈ کے بغیر پیسے نکالنے کے لیے آپ کے پاس موبائل اور یو پی آئی ایپ کا ہونا لازمی ہے۔

بھارت میں بڑے بینک صارفین کو اے ٹی ایم کے بغیر کارڈ سے پیسے نکالنے کی سہولت مہیا کررہے ہیں، اگر آپ یو پی آئی موبائل ایپس جیسے یونو، آئ موبائل، یو کیش وغیرہ استعمال کرتے ہیں تو پیسے باآسانی نکال سکتے ہیں۔

اے ٹی ایم کارڈ کے بغیر پیسے کیسے نکالیں؟

اے ٹی ایم پر جائیں اور اسکرین پر ’کارڈ لیس کیش ود ڈرال‘۔ ’یو پی آئی کیش ود ڈرال‘ یا پھر ’یونو کیش’ جیسے آپشن کو منتخب کریں۔

اس کے بعد آپ کی اسکرین پر کیو آر کوڈ یا کوڈ نمبر نمودار ہوگا پھر فون میں کوئی بھی یو پی آئی ایپ کھولیں جیسے گوگل پے وغیرہ اور کوڈ کو ’اسکین اینڈ پے‘ آپشن کے ساتھ اسکین کریں، پھر وہ رقم درج کریں جتنی آپ نکالنا چاہتے ہیں اور یو پی آئی پن کے ساتھ لین دین کی تصدیق کرلیں۔

اے ٹی ایم سے چند سیکنڈ میں رقم نکل جائے گی اور کارڈ کی ضرورت بھی پیش نہیں آئے گی۔

علاوہ ازیں کچھ بینکوں کی جانب سے 6 ہندسوں کا یونو کیش کوڈ بھی فراہم کیا جاتا ہے جس سے آپ اے ٹی ایم میں درج کرکے فوری طور پر رقم نکال سکتے ہیں۔