رحیم یار خان: فیصل آباد میں اے ٹی ایم مشین توڑکر کارڈ چرانے والے ملزم کی حوالات کی ویڈیو سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں اے ٹی ایم مشین توڑ کر کارڈ چرانے والے ملزم کی حوالات کی ویڈیو سامنے آئی ہے، ملزم صلاح الدین دوران حراست دل کا دورہ پڑںے سے انتقال کرگیا تھا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز بلال حبیب کے مطابق صلاح الدین گوجرنوالہ کا رہائشی تھا، وہ حوالات میں عجیب و غریب حرکات کررہا تھا، اس کی ذہنی حالت صحیح نہیں لگتی۔
پولیس کا بھی یہی موقف ہے کہ ملزم ذہنی مریض ہے اور دوران حراست بھی عجیب حرکت کررہا تھا۔
اے آر وائی نیوز ملتان کے بیوروچیف یاسر شیخ کے مطابق ملزم صلاح الدین کو پولیس کی جانب سے دوران حراست مختلف مراحل سے گزارا جاتا رہا ہے۔
صلاح الدین کی موت کے حوالے سے ڈی پی او نے انکوائری رپورٹ بنائی ہے جو ملزم کی موت کے حوالے سے تحقیقات کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے ملزم پر حوالات میں تھرڈ ڈگری کا استعمال کیا گیا ہے جس کے سبب اس کی حالت بگڑی اور وہ انتقال کرگیا۔
مزید پڑھیں: اے ٹی ایم مشین سے کارڈ چرا کر منہ چڑانے والا ملزم دوران حراست انتقال کرگیا
واضح رہے کہ چند روز قبل ملزم صلاح الدین کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ اے ٹی ایم مشین کو توڑ کر کارڈ نکالنے کی کوشش کرتے ہوئے منہ چڑا رہا تھا۔
ملزم کو دوسری واردات کے دوران رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد وہ دن تک حوالات میں گونگا بہرہ ہونے کا ناٹک کرتا رہا پھر دوران تفتیش وہ بول پڑا تھا۔