عطا تارڑ کا پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کو سلام پیش

عطاتارڑ

اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری اور علی زیدی اپنے اوپر غداری کا لیبل لگانے کو تیار نہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی سے ہماری پارٹی کے صرف 5لوگ چھوڑ کر گئے تھے، پارٹی جو چھوڑ کرگئے کسی کو غدار نہیں کہا اور سب کو واپس لیا۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ہر جگہ قومی ،صوبائی اسمبلیوں کے امیدوارموجود ہیں، ہمارے پاس گنجائش ہی نہیں کہ نئے لوگوں کو پارٹی میں لیں۔

جہانگیر ترین کے حوالے سے معاون خصوصی نے کہا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ آئیڈیل ورکنگ ریلیشن شپ ہے، بہت سی جگہوں پر جہانگیر ترین اور ہمارے مشترکہ امیدوارکھڑے ہوں گے، ترین صاحب اورہم ساتھ چلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ پی ٹی آئی چھوڑ کر جا رہے ہیں ان کو میں سلام پیش کرتا ہوں، فواد چوہدری اور علی زیدی سے بہت مخالفت رہی مگر وہ غداری کا لیبل اپنے اوپر لگانے کو تیار نہیں۔