طالبان کو لا کر بسانے کی پالیسی غلط تھی، عطا تارڑ کا اعتراف

عطا تارڑ

نیو یارک : وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے طالبان کو لا کر بسانے کی پالیسی غلط تھی . اس کے اثرات خیبرپختونخو میں نظر آرہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آنا خوش آئند ہے، اوورسیزپاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ تر سیلات زر ہوئیں، میکرواکنامک انڈیکٹرزبہت بہتر ہورہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ جب ہم آئے توڈیفالٹ کی باتیں ہورہی تھیں، ڈیفالٹ ہوتا ہے تو پورا مالیاتی نظام گرجاتا ہے، پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کی شرح کم ہوئی ہے، معاشی بحالی کی کوششیں جاری ہیں، دنیا تسلیم کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین سے متعلق قائداعظم کے مؤقف پر آج بھی قائم ہیں، وزیراعظم نے لبنان میں فوری جنگ بندی پرزور دیا،غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر پاکستان کوتشویش ہے، پاکستان کا تمام فورمز پر مؤقف ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں نسل کشی کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اعتراف کیا طالبان کو واپس لانے کی پالیسی غلط تھی،اس کے اثرات کے پی میں نظر آرہےہیں، طالبان کو یہ کہہ کر واپس لاکر بسایا گیا کہ یہ اچھے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کےاثرات سےنقصان کاتخمینہ 30 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، کاربن خارج کرنے والے ممالک کے پاس وسائل زیادہ ہیں، وزیراعظم شہبازشریف نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو اجاگر کیا، ماحولیاتی تبدیلیوں کے بدترین اثرات کا سامنا ہے، سیلاب کی وجہ سے بہت زیادہ مالی و جانی نقصان کاکرنا پڑتا ہے، پاکستان کاماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے باعث بہت زیادہ نقصان ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان نےدہشتگری کیخلاف جنگ میں80ہزارسے زائدقربانیاں دی ہیں ، دہشت گردی کےباعث معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردی کے خاتمے کیلئےمتعدداقدامات کئےگئے ، ہماری کوششوں سے کراچی کا امن بحال ہوا۔

عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے غزہ کی صورتحال کو ہرعالمی فورم پر اجاگر کیا، پاکستان نے واضح طور پر کہا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے ، اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے، عالمی برادری فلسطین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم پر جوابدہ ٹھہرائے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھے گا پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ ہے اور رہے گا، اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کی قائداعظم کی پالیسی پر کاربند ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی استحکام کی عالمی سطح پر بھی تصدیق کی جارہی ہے، قوم وزیراعظم کی اقوام متحدہ کی تقریرپر فخر کرے گی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،وہ ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ، پاکستان کا مفاد ہماری اولین ترجیح ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی تجاویز کا احترام کرتے ہیں،عطا تارڑ

پی ٹی آئی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انتشار پھیلا ایک مخصوص سیاسی جماعت کا وطیرہ بن گیا ہے، مسلم لیگ ن نفرت اور انتشار کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔