کراچی: پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں واقع دنیا کی سب سے اہم تیل کی تنصیبات پر حملہ توانائی کی دنیا کا نائن الیون ہے۔
بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ بحران طوالت اختیار کر گیا تو اس سے پاکستان سمیت پوری دنیا کی معیشت بری طرح متاثر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی تیل تنصیبات پر حملے سے تیل کی عالمی سپلائی کا 5فیصد متاثر ہوا مگر قیمتوں میں فوری طورپر 19.5 فیصد اضافہ ہوا اور اگر کشیدگی جاری رہی تو ایک نیا عالمی بحران جنم لے سکتا ہے۔
میاں زاہد حسین کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں تیل کی پیداوار میںیومیہ 5.7 ملین بیرل کمی آئی ہے جبکہ سعودی حکومت نے پیداوار کی بحالی کی متوقع تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا ہے جس سے سراسیمگی پھیل رہی ہے۔
برطانوی وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ، آئل تنصیبات پر حملے کی مذمت
انہوں نے بتایا کہ اگر حالات جلد نارمل نہ ہوئے تو تیل درآمد کرنے والے ممالک کے زرمبادلہ کے ذخائر، ادائیگیوں کے توازن، منڈیوں، بجٹ ،کرنسی اور قیمتوں پر اثر پڑے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تیل کی قیمت میں 5 ڈالر فی بیرل کے اضافہ سے پاکستان کا درآمدی بل سوا ارب ڈالر بڑھ جائے گا کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کل درآمدات کا 26 فیصد ہے۔