یار محمد رند کے بیٹے میر سردار خان کے قافلے پر بم دھماکا

بلوچستان کے ضلع بولان میں رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند کے بیٹے میر سردار خان رند پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے۔

نوشمان کے قریب میر سردار خان رند کے قافلے پر آئی ای ڈی دھماکا ہوا جس میں ان کے دو محافظ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

اے سی ڈھاڈر فہد شاہ کے مطابق دھماکے میں میر سردار خان رند محفوظ رہے، جاں بحق اور زخمی کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے یار محمد رند کے صاحبزادے کے قافلے پر بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ دھماکے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کیلیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں۔

عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ دہشتگرد عناصر خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں، صوبے میں امن و امان کی صورتحال ہر صورت برقرار رکھی جاۓ گی۔

خیال رہے کہ یار سردار یار محمد رند پی ٹی آئی دورِ حکومت میں بلوچستان میں وزارت آبی وسائل، پاور اور پیٹرولیم سے متعلق امور کیلیے وزیر اعظم معاون خصوصی رہے تاہم بعد میں انہوں نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔