روالپنڈی سے کرکٹ ہارڈ بالز میں منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی جس کو اینٹی نارکوٹکس فورس نے ناکام بنا دیا۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کی منشیات کے خلاف ملک گیر کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق گزشتہ روز راولپنڈی میں نجی کوریئر آفس میں پارسل سے 470 گرام ہیروئن برآمد کی جو کرکٹ کی ہارڈ بالز میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔ منشیات کا یہ پارسل مالدیپ کے لیے بُک کرایا گیا تھا۔
اے این ایف نے لاہور کوٹ لکھپت میں کوریئر آفس سے پارسل جیکٹ میں مشکوک مواد جذب کرکے نیوزی لینڈ اسمگل کرنے کی کوشش بھی ناکام بنائی ہے۔ ترجمان کے مطابق جیکٹ میں جذب 650 گرام مشکوک مواد برآمد ہوا ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دمام جانے کی کوشش کرنے والا مسافر بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم نے ہیروئن سے بھرے 79 کیپسول نگل رکھے تھے۔
اے این ایف اور ایف سی نے خیبر میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 40 کلو چرس برآمد کی ہے۔ کراچی کے علاقے کیماڑی کے قریب رکشے سے 3 کلو چرس برآمد کرکے 2 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔