آڈیو لیکس تحقیقات : حکومت کی فراہم کردہ فہرست میں کون سی شخصیات شامل

حکومت نے انکوائری کمیشن کو تحقیق کیلئے مبینہ لیکس آڈیوز کی فہرست فراہم کردی ہے، جن میں ملک کی اہم شخصیات کے نام شامل ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آڈیو لیک انکوائری کمیشن میں جمع اٹارنی جنرل آفس کی فہرست میں سابق وزیر اعظم عمران خان، مسرت جمشید چیمہ اور پرویز الہٰی کا نام شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق فہرست میں وکیل خواجہ طارق رحیم، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار، صحافی قیوم صدیقی، سابق چیف جسٹس کے بیٹے نجم ثاقب اور ابوذر مقصود چدھڑ کا نام شامل ہے۔

آڈیو لیکس

خبر دینے والے ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ اٹارنی جنرل آفس نے 8مبینہ آڈیوز سے متعلق 12 ناموں کی فہرست تیار کی ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر سربراہی 3 رکنی تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن کے تحت جوڈیشل کمیشن کی تشکیل سے آڈیو لیکس کی صداقت اور عدلیہ کی آزادی پر پڑنے والے اثرات کی تحقیقات کی جا سکیں گی، کمیشن 30 روز میں مبینہ آڈیوز پر تحقیقات مکمل کرے گا۔