راولپنڈی : استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کا کہنا ہے کہ بطور نکاح کے گواہ میرا بیان ہے کہ عدت پوری نہیں ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ جیل میں کل جرح کی گئی جو آج مکمل ہوگئی، عدالت نے بلایا تھا میں نے جو کہا سچ کہا ہے، جج صاحب نے میرا بیان ریکارڈ کرلیا اب فیصلہ آنا ہے۔
عون چوہدری کا کہنا ہے کہ بطور نکاح کے گواہ میرا بیان ہے کہ عدت پوری نہیں ہوئی تھی، مفتی سعید نے بھی اقرار کیا کہ ان کے بھی علم میں نہیں لایا گیا تھا۔
آئی پی پی رہنما نے بانی پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی زندگی کا فیصلہ جھوٹ پر کرتے ہیں اور دوسروں کو بڑی تقریریں کرتے ہیں، خواب کی تعبیر پر بڑے بڑے وزیر لگائے جاتے تھے ،ملک کے ساتھ بڑا مذاق کیا گیا،فیصلے خوابوں پر ہوتے تھے، نوجوانوں اور بچوں کو گمراہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ایساالزام جوسچ ثابت ہواہے،انکےپاس کوئی جواب نہیں، آپ نے ساری زندگی دوسروں کو چور چور کہتے رہے، توشہ خانہ ریفرنس نے بھی آپ کوچورثابت کردیاگیا، ملک کاوزیراعظم ہوتےہوئےتوشہ خانہ میں چوری کی، لوگوں نے گواہی دی اور سچ ثابت ہوئی کہ آپ نے تحائف بیچے۔
عون چوہدری نے مزید کہا کہ آپ نے ملک کیساتھ وہ کیا ہے جو دشمن بھی نہ کرے، آج بچوں کو سمجھانا پڑرہا ہے کہ ریاست کیساتھ نہیں لڑا جاتا، اپنی ذات بچانے کیلئے بچوں کو سڑکوں پر نہیں لانا چاہیے بغاوت پر نہیں اکساناچاہیے۔
رہنما آئی پی پی کا کہنا تھا کہ آج میرے لئے تکلیف دہ لمحہ ہے جو میں آج یہ بات کررہاہوں ، میں نے ایک ایسے لیڈر کیلئےساتھ دیا تھا کہ پاکستان میں بہتری اورتبدیلی آئے گی، کیا لیڈر ایسے ہوتے ہیں جو گھر توڑیں اور بچوں کی زندگیاں تباہ کردیں۔