آسٹریلیا نے ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں بھارت کو ہرا کر اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا

آسٹریلیا نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جیت کر وہ کارنامہ انجام دیا جو اب تک کوئی ٹیم نہ کرسکی۔ آسٹریلیا تمام آئی سی سی ٹرافیز اپنے نام کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کو ہرانے کے بعد آسٹریلیا دنیائے کرکٹ کی واحد ٹیم بن گئی ہے جس نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تمام ٹرافیز فاتح کی حیثیت سے اٹھانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ یہ آسٹریلیا کا نواں آئی سی سی ٹائٹل ہے جو اس نے اپنے نام کیا۔ اس سے قبل کینگروز پانچ ون ڈے ورلڈ کپس بھی اپنے شوکیس کی زینت بنا چکے ہیں جبکہ دو بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور ایک دفعہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز بھی انھیں حاصل ہے۔ اب لندن کے اوول گرائونڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جیت کر انھوں نے وہ کارنامہ انجام دیا ہے جسے دوسری ٹیمیں نہیں کرپائیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلین ٹیم نے فائنل میں بھارت کو 209 رنز سے عبرتناک شکست دی آخری دن 270 رنز کے ہدف کے تعاقب میں باقی کے 7 بھارتی بیٹسمین بھی جلد پویلین کی راہ لیتے نظر آئے۔ کوہلی، راہانے اور کپتان روہت شرما نے دوسری اننگز میں کچھ مزاحمت کی تاہم ان میں سے کوئی اپنی نصف سینچری بھی مکمل نہ کرسکا۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھارت کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست دی تھی۔