آسٹریلیا شان کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تخت پر براجمان، بھارت ہاتھ ملتا رہ گیا

آسٹریلیا شان کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تخت پر براجمان، بھارت ہاتھ ملتا رہ گیا، آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کو209 رنز کی بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق کینگروز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوول گرائونڈ میں ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارتی سورمائو کو دھول چٹا دی۔ بھارت کو دوسری بارٹیسٹ چیمپئن شب کے فائنل میں ہار کا منہ دیکھنا پڑا۔ فائنل میں بھارت کو 209 رنزسےشکست ہوئی۔ آسٹریلیا کے 444 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 234 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ویرات کوہلی 49، راہانے46 اور کپتان روہت شرما 43 رنز بناسکے۔ پہلی اننگز میں 163 کی باری کھیلنے والے ٹریوس ہیڈ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

پہلی اننگز میں اسمتھ نے بھی 121 کی قیمتی اننگز کھیلی تھی جبکہ محمد سراج نے بھارت کی جانب سے 108رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ چھوتھے دن آسٹریلیا نے اپنی اننگز 270 رنز آٹھ کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی اور حریف کو 444 رن کا ورلڈ ریکارڈ ہدف دیا تھا۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پانچوں اور آخری دن بھارت کو 280 رنز کی ضرورت تھی جبکہ اس کی 7 وکٹیں باقی تھیں تاہم ناتھن لیون اور اسکاٹ بولینڈ جنھوں نے بالترتیب 41 رنز دے کر 4 اور 46 رنز دے کر 3وکٹیں اپنے نام کیں، ان کی عمدہ بولنگ کی بدولت بھارتی یہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 234رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔