آسٹریلیا کے رنز کے پہاڑ کے سامنے پروٹیز ڈھیر، کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی شکست

آسٹریلیا (24 اگست 2025): تیسرے ون ڈے میں کینگروز کے 431 رنز کے سامنے پروٹیز ایسے ڈھیر ہوئے کہ 276 رنز کے بڑے مارجن سے میچ اپنے نام کیا۔

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کا آخری میچ میکے میں کھیلا گیا۔ میزبان آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقی بولرز کو دن میں تارے دکھا دیے اور صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر ون ڈے میں اپنا دوسرا سب سے بڑا اسکور 431 رنز بنا ڈالا۔

کینگروز بیٹرز نے آتے ہی چوکوں چھکوں کی ایسی برسات کی کہ پروٹیز بولرز اپنی لائن اور لینتھ ہی بھول گئے۔ آسٹریلوی بلے بازوں کی جانب سے تین سنچریاں اور ایک نصف سنچری سامنے آئی۔ ٹریوس ہیڈ (142)، کپتان مچل مارش (100) اور کیمرون گرین نے نا قابل شکست (118) کی شاندار اننگز کھیلیں۔

 کیمرون گرین نے 47 گیندوں پر سنچری بنا کر آسٹریلیا کیجانب سے دوسری تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ ایلکس کیری 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

 

آسٹریلیا کی جانب سے ملنے والے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کے ہاتھ پاؤں ایسے پھولے کہ وہ اننگ کے آدھے اوورز بھی پورے نہ کھیل سکے اور 24.5 اوورز میں پوری ٹیم 155 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کو اس میچ میں ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

آسٹریلیا نے 276 رنز سے میچ اپنے نام کیا، تاہم پروٹیز نے دو ایک کے مارجن سے سیریز کی ٹرافی پر اپنا قبضہ کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹاپ اسکورر مڈل آرڈر بلے باز ڈیوالڈ بریوس رہے جنہوں ںے 28 گیندوں پر 49 رنز اسکور کیے۔ ٹونی ڈی زورزی 33 رنز بنا سکے۔ تاہم یہ اسکور 432 رنز کے ہدف کے تعاقب کے لیے ناکافی تھے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کوپر کونولی نے 5 وکٹیں حاصل کیں اور وہ کینگروز کی جانب سے ایک روزہ میچ میں پانچ وکٹیں لینے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔

کوپر کونولی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور آسٹریلیا کی جانب سے ون ڈے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔ یویئر بارٹلیٹ، شان ایبٹ نے دو، دو اور ایڈم زیمپا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹریوس ہیڈ کو 103 گیندوں پر 142 رنز کی اننگ کھیل کر فتح کی بنیاد رکھنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی جب کہ جنوبی افریقی بولر کیشو مہاراج کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

ون ڈے کرکٹ میں یہ دوسرا موقع ہے جب ابتدائی تین بلے بازوں نے سنچری اسکور کی ہو۔ جبکہ ون ڈے کی ایک اننگ میں تین سنچریز اسکور ہونے کا یہ پانچواں موقع ہے۔

واضح رہے کہ ون ڈے سیریز کے دونوں ابتدائی میچز جنوبی افریقہ نے بالترتیب 98 اور 84 رنز سے جیت کر سیریز میں نا قابل شکست برتری حاصل کر لی تھی۔