مارکس سٹونس کا لاٹھی چارج، آسٹریلیا فتح یاب

پرتھ : ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ اے کے میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے میگا ایونٹ میں پہلی فتح سمیٹ لی۔

تفصیلات کے مطابق پرتھ میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، سری لنکن ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے پاتھم نیسانکا 40، اسالانکا 38 اور دھننجایا ڈی سلوا 26 رنز بنا کر نمایاں رہے، آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، ایشٹن ایگر اور گلین میکسویل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں آسٹریلیا نے 158رنز کا ہدف 17ویں اوور میں حاصل کرلیا، مارکس اسٹوئنس نے17 گیندوں پر طوفانی نصف سنچری بنائی، ان کی اننگز میں 6 بلند و بالا چھکے بھی شامل تھے، کپتان ایرون فنچ نے31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اس سے قبل میچ کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے کینگروز کپتان کا کہنا تھا کہ یہ میچ ہمارے لیے اہم ہے کوشش ہوگی کہ بڑے مارجن سے میچ جیت کر رن ریٹ بہتر کریں۔

ایرون فنچ نے بتایا کہ زمپا کی جگہ ایشٹن اگر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اس گراونڈ میں یہ حکمت عملی بہترین ہے ، وکٹ اچھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  بال ٹیمپرنگ اسکینڈل: ڈوپلیسی کے دعوؤں پر مچل مارش کا جواب

اس موقع پر سری لنکن ٹیم کے کپتان داسون شنکا نے کہا کہ کوشش ہوگی آسٹریلیا کو شکست دیکر اگلے مرحلے تک رسائی کو ممکن بنائیں۔

آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون میں ڈیوڈ وارنر ، ایرون فنچ، مچل مارش، گلین میکسویل، مارکس سٹونس ، ٹم ڈیوڈ، میتھیو ویڈ، ایشٹن اگر ، مچل سٹارک ، پیٹ کیومنز اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں ۔

سری لنکا کی ٹیم میں پاتھم نیسانکا ، کوشل مینڈس، ڈی سلوا، اسالانکا، راجا پاکسے ،داسون شنکا ، واننڈو ہاسارنگا ڈی سلوا، چمیکا کروناتنے، مہیش ٹھیکشانا، ، لاہیرو کمارااور فرننڈو شامل ہیں ۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 89 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ سری لنکا نے اپنے پہلے میچ میں آئرلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔