آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میں شکست دے کر کلین سوئپ کردیا

سڈنی: آسٹریلیا نے ہوم گراؤنڈ پر ایک اور شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 279 رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا، مارنس لبوشین بہترین بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم 416 رنز ہدف کے تعاقب میں 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی، آسٹریلوی اسپنر نیتھن لائن نے میچ میں 10 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 454 رنز بنائے جبکہ دوسری اننگز 217 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی تھی، نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 256 اور دوسری اننگز میں 136 رنز بناسکی۔

نیوزی لینڈ کے صرف 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے، کولین ڈی گرینڈ ہوم نے 52 رنز کی اننگز کھیلی، ولیم سن کی جگہ کپتانی کرنے والے ٹام لیتھم صرف 1 رن پر پویلین لوٹ گئے۔

دوسری اننگز میں نیتھن لائن نے 5 اور مچل اسٹارک نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، پیٹ کمنز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے چوتھے روز پچ پر دوڑنے کی وجہ سے فیلڈ امپائر علیم ڈار نے آسٹریلیا پر 5 رنز کی پنلٹی بھی عائد کردی تھی۔

یاد رہے کہ پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 296 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے کیویز کو 247 رنز سے ہرایا تھا۔