دورہ آسٹریلیا، ٹور میچ کے پہلا دن پاکستانی بیٹرز کے نام، کپتان شان مسعود ڈبل سنچری کی جانب گامزن

پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کا آغاز آج کینبرا میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ ٹور میچ سے ہو گیا پہلا دن قومی بیٹرز کے نام رہا 6 وکٹوں پر 324 رنز بنا لیے۔

کینبرا میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور پہلے دن کے اختتام پر قومی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنا لیے ہیں۔

کپتان شان مسعود کا بطور کپتان یہ پہلا اسائنمنٹ ہے اور انہوں نے اپنے دورہ آسٹریلیا کا آغاز دھماکے دار کیا ہے۔ وہ 156 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور ڈبل سنچری کی جانب گامزن ہیں۔

پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے کیا لیکن امام ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عبداللہ شفیق نے کپتان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 58 رنز بنائے۔ 76 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ بھی اسٹیکٹی کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 38 رنز اسکور کیے۔

بابر اعظم نے شان مسعود کو کریز پر جوائن کیا اور تیسری وکٹ کے لیے 92 رنز جوڑے۔ بابر اعظم 40 رنز بنانے کے بعد بکنگھم کی دوسری وکٹ بن گئے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد 41، فہیم اشرف 17 اور سعود شکیل 10 رنز ہی بنا سکے۔

پی ایم الیون کی جانب سے جورڈن بکنگھم 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔

پہلے دن کے اختتام پر پاکستان ٹیم کا اسکور 89.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز تھا۔

دورہ آسٹریلیا: پاکستان اور پی ایم الیون کے مابین چار روزہ میچ ٹرافی کی رونمائی

ٹور میچ کے لیے پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

شان مسعود (کپتان)، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، فہیم اشرف، عامر جمال، خرم شہزاد، میر حمزہ اور ابرار احمد

پی ایم الیون اسکواڈ۔

نیتھن میک سیونی (کپتان)، مارکوس ہیرس، کیمرون بینکروفٹ، میٹ رینشا، کیمرون گرین، ویبسٹر، جمی پیرسن، نیتھن میک اینڈریو، ٹوڈ مرفی، مارک اسٹیکٹی اور جارڈن بکنگھم۔