آسٹریلیا کے شاپنگ مال میں کچا گوشت کھانے والے شخص کی تصاویر وائرل ہوگئیں، یہ شخص شاپنگ مال میں کچی چکن ڈرم اسٹک کھارہا تھا جس کی تصاویر سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگئیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں ایک ننگے پاؤں آدمی کو ایک شاپنگ مال کی خود کار سیڑھیوں پر سوار ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس دوران وہ ایک پیکٹ سے کچے چکن کے ڈرم اسٹکس نکال کر کھاتا ہوا نظر آرہا ہے۔ پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ویسٹ فیلڈ ماریون میں فیشن کے لحاظ سے نایاب چکن کا ایک غذائیت سے بھرپور اور مزیدار لنچ۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر پر متعدد صارفین نے اپنے رد عمل کا اظہار کیا اور کہا کہ کچا گوشت کھانا انسانی صحت کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ یہ لاپرواہ آدمی زندگی میں اتنا مصروف ہے کہ اس کے پاس کھانے کے لیے بیٹھنے، جوتے پہننے، یا کھانا پکانے کے لیے وقت نہیں ہوتا۔ بہت کم لوگ اس بات کو سمجھتے ہیں۔ ایک اور نے پوچھا کہ کیا کوئی براہِ کرم یہ دیکھ سکتا ہے کہ آیا یہ شخص ابھی تک زندہ بھی ہے یا نہیں؟