’دورہ آسٹریلیا کی تیاری ورلڈ کپ کی طرح کرنی چاہیے‘

سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو دورہ آسٹریلیا کی تیاری بھی ورلڈ کپ کی طرح کرنی چاہیے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے کہا کہ پاکستان نے کافی عرصے سے آسٹریلیا کو آؤٹ ہی نہیں کیا امید ہے کہ ٹیم میلبرن میں بہتر پرفارم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ خرم شہزاد نے اچھی بولنگ کی اور فرسٹ کلاس کا تجربہ نظر بھی آیا لیکن وہ انجرڈ ہوگئے، عامر جمال بھی تجربہ کار ہیں انہوں نے اچھی بولنگ کی۔

اظہر علی نے کہا کہ شاہین آفریدی فارم میں نہیں ہیں جو کہ ہمارے لیے مشکل کا باعث بن رہا ہے۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ آپ کو یہ دیکھنا ہے کہ خرم شہزاد کتنے فرسٹ کلاس میں بولنگ کررہا تھا، ہمارا میڈیکل پینل، ٹیم مینجمنٹ جب تک ایک پیج پر نہیں ہوگا تب تک اس طرح کی انجری آتی رہیں گی۔

حارث رؤف سے متعلق اظہر علی نے کہا کہ حارث رؤف کو چاہیے کہ اعلان کردیں کہ وہ صرف وائٹ بال کرکٹ کھیلیں گے اگر نہیں کرتے تو پھر فور ڈے کرکٹ کے لیے قربانی تو دینی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ آپ ریڈ بال پاکستان میں کھیلیں وائٹ بال کہیں اور جاکر کھیل لیں اس سے تجربہ بڑھے گا۔