Author: عبدالقادر

  • تحریک انصاف  نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ متفقہ طور مسترد کردیا

    تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ متفقہ طور مسترد کردیا

    اسلام آباد : تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ متفقہ طور مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کا فیصلہ برقرار رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی ارکان کااجلاس ہوا ، جس میں فواد چوہدری، اسد عمر، عامر کیانی، شفقت محمود ،شہباز گل شریک ہوئے۔

    اجلاس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر عمران خان کو بریف کیا گیا ، جس کے بعد پی ٹی آئی قیادت نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ متفقہ طور مسترد کر دیا۔

    پی ٹی آئی قیادت نے کہا کہ پہلے دباؤ میں آئے نہ اب آئیں گے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ بد نیتی پر مبنی ہے۔

    عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے فیصلے میں قانونی نقائص کو قوم کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس کے حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے بتایا کہ پارٹی قیادت اجلاس میں طے ہوا الیکشن کمیشن کافیصلہ مکمل غیر قانونی ہے ، پاکستان کے نامور قانون دانوں نے بھی اتفاق کیا کہ فیصلہ غیرقانونی ہے۔

    بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پرسوں الیکشن کمیشن کے باہر زبردست اور پر امن احتجاج ہوگا، پاکستان میں الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد ہوچکا ہے ، دونوں صوبائی اسمبلیاں اسی فیصد پاکستاُنی عوام کی نمائندگی کرتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ عدم اعتماد کے بعد کیا الیکشن کمیشن ٹمبک ٹو کا الیکشن کرائے گا۔

  • عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر کیخلاف جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

    عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر کیخلاف جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

    چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کے خلاف جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    عمران خان کی زیرِ صدارت پارٹی قیادت کا اہم اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن ارکان کی حکومتی وفد سے ملاقات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    پی ٹی آئی قیادت نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کی جانب سے کوڈ آف کنڈکٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔

    اجلاس میں چیئرمین کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے خلاف صوبائی حکومتوں میں بھی کارروائی کا اعلان کیا گیا۔

    دو صوبائی اسمبلیاں الیکشن کمیشن کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد لائیں گی۔ عمران خان نے قانونی ماہرین کو کارروائی شروع کرنے کی منظوری دے دی۔

    اس سے قبل اسلام آباد میں رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ الیکشن کمیشن کی حکمران اتحاد کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی جس میں پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کو زیر بحث لایا گیا۔

    فواد چوہدری نے کہا ”چیف الیکشن کمشنر ہائی کورٹ کے جج کے برابر تنخواہ لیتے ہیں اور ججز کا کوڈ آف کنڈکٹ الیکشن کمیشن ارکان پر بھی لاگو ہوتا ہے، کیس کے دوران جج کسی فریق سے نہیں مل سکتا تو کس طرح الیکشن کمیشن کے ممبران پینڈنگ کیس پر مخالف پارٹی سے ملاقات کرسکتے ہیں؟“

    انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان نے ملاقات کر کے عدلیہ کے کوڈ آف کنڈکٹ کی سنگین خلاف ورزی کی ہے، پینڈنگ کیس کے دوران ملاقاتیں نہیں کی جاسکتیں یہ اخلاقی اصول ہے، کمیشن نے ملاقات میں یقین دہانی کرائی کہ کیس کا فیصلہ ہوگا، ہم اپنی قانونی ٹیم سے جوڈیشل کمیشن میں ریفرنس بھیجنے پر بات کر رہے ہیں، کمیشن ارکان کے خلاف ریفرنس بھیج کر انہیں نوکری سے برخاست کیا جائے۔

  • کپتان کا امپورٹڈ حکومت کیخلاف جارحانہ حکمت عملی کو تیزکرنیکا فیصلہ

    کپتان کا امپورٹڈ حکومت کیخلاف جارحانہ حکمت عملی کو تیزکرنیکا فیصلہ

    عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں امپورٹڈ حکومت کیخلاف جارحانہ حکمت عملی کو تیزکرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا ہے اور کپتان نے امپورٹڈ حکومت کیخلاف جارحانہ حکمت عملی کو تیزکرنیکا فیصلہ کیا ہے اور اپنے آئندہ کے لائحہ عمل سے وہ خود عوام سے خطاب کرکے انہیں آگاہ کریں گے۔

    پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ عمران خان کا اب اگلا ہدف وفاقی حکومت ہوگی۔ اس حوالے سے کپتان نے پارٹی رہنماؤں کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں جب کہ اجلاس میں پارٹی رہنماؤں سے مختلف امور پر تجاویز بھی لی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو عام انتخابات کی تیاریوں کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پنجاب کی عوام کے مینڈیٹ کو لے کر وفاق کی طرف بڑھیں گے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چوروں کے ٹولے نے ملک کو تباہ کر دیا۔ عوام جاگ چکی ہے، قوم کو پتہ چل چکا ہے کہ کون جھوٹا ہے اور کون سچا۔ وہ اب کسی کے بہکاوے میں نہیں آئےگی۔ سپریم کورٹ نے آئین وقانون کے مطابق سچ کا ساتھ دیا۔

  • وزیراعلیٰ کا انتخاب: پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

    وزیراعلیٰ کا انتخاب: پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے دوران دھاندلی کے سرکاری اعلان پر پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کو شفاف بنانے کیلئے پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے، پی ٹی آئی نے پنجاب میں دھاندلی کے سرکاری اعلان پر سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔

    درخواست میں پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا ہے کہ یکم جولائی کے فیصلے میں سپریم کورٹ فل بینچ نے شفاف الیکشن کا حکم جاری کیا، لیکن وزرا عدالتی احکامات کی تعمیل میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں، مشکوک عبوری وزیراعلیٰ بھی دھاندلی کے لئے بیٹھا ہے۔

    پی ٹی آئی نے درخواست میں سپریم کورٹ سے یکم جولائی کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد، دھاندلی روکنے اور اس کے سدباب کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔

    تحریک انصاف نے حکومتی وزرا کے خلاف سپریم کورٹ سے توہین عدالت کی درخواست کل سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ 22 جولائی کو چوہدری پرویز الٰہی کو آسانی سے وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں بننے دیں گے، اگر لیڈرشپ کی طرف سے منظوری مل جائے تو تحریک انصاف کے 5 سے 7 ارکان اِدھر اُدھر ہوجانا کوئی بڑی بات نہیں بلکہ ہوسکتا ہے اس سے زیادہ لوگ ادھر ادھر ہونے کا بھی ارادہ رکھتے ہوں۔

  • پنجاب ضمنی انتخابات:  دھاندلی روکنے کیلئے تحریک انصاف کی جامع حکمتِ عملی،  قائدین کو ذمہ داریاں سونپ دیں

    پنجاب ضمنی انتخابات: دھاندلی روکنے کیلئے تحریک انصاف کی جامع حکمتِ عملی، قائدین کو ذمہ داریاں سونپ دیں

    لاہور : تحریک انصاف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی روکنے کیلئے جامع حکمتِ عملی کو حتمی شکل دیتے ہوئے قائدین کو ذمہ داریاں سونپ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کی کوششیں ناکام بنانے کے معاملے پر تحریک انصاف کی دھاندلی کیخلاف جامع حکمتِ عملی کو حتمی شکل دے دی گئی۔

    عمران خان کی منظوری سے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے قائدین کوذمہ داریاں سونپ دیں ، حکمران اتحاد کی جانب سے انتخاب پر ڈاکہ ڈالنے کی کوششوں کیخلاف مزاحمت کی جائے گی۔

    مرکزی قائدین ہر صوبائی نشست پر پورے انتخابی عمل پر کڑی نگاہ رکھیں گے ، پولیس،انتظامیہ اورپولنگ اسٹاف کی سرگرمیوں پر بھی گہری نظر رکھی جائے گی۔

    حکمران اتحاد کے امیدواروں کی حرکات وسکنات پر فوری ردعمل دیا جائے گا اور ووٹرز پر اثر انداز ہونے اور ٹرن آوٹ کو متاثر کرنے کی کوششوں کو بطورِ خاص ناکام بنایا جائے گا۔

    تحریک انصاف کےقائدین خصوصی ٹیموں سے مسلسل فیڈ بیک حاصل کریں گے اور ہر پولنگ اسٹیشن پر نہایت تربیت یافتہ پولنگ ایجنٹس تعینات کئے جائیں گے۔

    پولنگ ایجنٹس کےکام میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ پربھرپورردعمل دیا جائے گا ، ووٹوں کی گنتی،نتائج کی تیاری اوررپورٹنگ کےعمل کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔

    تحریک انصاف کےقائدین مصدقہ نتائج کےبروقت حصول کیلئےحکمت عملی نافذکریں گے ، نتائج اور پولنگ سامان کی دفتروں تک منتقلی کے عمل پر بھی خصوصی نگاہ رکھی جائے گی جبکہ قائدین مرکزی الیکشن کنڑول روم کو لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ رکھیں گے۔

    راولپنڈی ڈاکٹربابراعوان اورفیاض الحسن چوہان کےسپرد کر دیا گیا جبکہ شہریارآفریدی اورکنول شوذب خوشاب میں فرائض سنبھالیں گے۔

    فیصل جاوید خان اور جمشیداقبال چیمہ بھکرمیں انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے جبکہ فرخ حبیب اورولیداقبال فیصل آبادمیں محاذسنبھالیں گے۔

    اسی طرح علی محمد خان اور زلفی بخاری جھنگ میں خدمات سرانجام دیں گے ، عالیہ حمزہ اورعاطف خان شیخوپورہ کےحلقےمیں انتخابی عمل کی نگرانی کریں گی۔

    شفقت محموداورحماداظہرلاہورمیں انتخاب پرڈاکہ ڈالنےکی کوششیں ناکام بنائیں گے جبکہ علی نوازاعوان اورصمصام بخاری کوساہیوال کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

    شاہ محمودقریشی اورملیکہ بخاری ملتان میں محاذ سنبھالیں گے ، شبلی فراز اور ڈاکٹر شہزاد وسیم لودھراں ، حسان خاور اور مراد سعید لیہ میں انتخابی عمل کی کڑی نگرانی کا فریضہ سرانجام دیں گے۔

    زرتاج گل اور سینیٹر عون عباس پبی ڈیرہ غازی خان ، شوکت لالیکا اور شوکت بسرا بہاولنگر کا محاذ سنبھالیں گے جبکہ قاسم سوری اور عمر چیمہ کو مظفرگڑھ کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

  • ووٹر لسٹوں میں مبینہ ردوبدل، پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کیخلاف ویڈیو ثبوت منظر عام پر لے آئی

    ووٹر لسٹوں میں مبینہ ردوبدل، پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کیخلاف ویڈیو ثبوت منظر عام پر لے آئی

    انتخابی فہرستوں میں ووٹوں کی مبینہ ردوبدل کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کیخلاف ویڈیو ثبوت منظر عام پر لے آئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انتخابی فہرستوں میں ووٹوں کی مبینہ ردوبدل کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کیخلاف ویڈیو ثبوت منظر عام پر لے آئی ہے۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ الیکشن کمیشن کا عملہ دھاندلی کی کوشش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے اور سیالکوٹ میں ووٹر لسٹوں میں ہیرا پھیری کی مبینہ کوشش کے ثبوت مل گئے ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یہ دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگی رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے حلقے میں دھاندلی کی کوشش پکڑی گئی ہے جہاں الیکشن کمیشن کا عملہ ن لیگ سے مل کر دھاندلی کی منصوبہ بندی کرتا پکڑا گیا ہے، انہوں نے اس مبینہ دھاندلی کی کوشش کی فوٹیجز بھی جاری کردی ہیں۔

    عثمان ڈار کا اپنے ٹوئٹس میں کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ہمارے کارکنان کے ووٹ ایک سے دوسری جگہ منتقل کرتا پکڑا گیا، ووٹر لسٹوں میں فوت ظاہر کئے گئے افراد زندہ نکل آئے، عمران خان نے الیکشن کمیشن اور ن لیگ گٹھ جوڑ پر پہلے ہی خدشات کا اظہار کیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کینٹ میں الیکشن کمیشن عملے کو 3 لیگی اراکین کیساتھ رنگے ہاتھوں پکڑا، جہاں الیکشن کمیشن کا عملہ پی ٹی آئی کے ووٹ بغیر تصدیق شفٹ کر رہا تھا اور عملہ شناختی کارڈ کی کاپیاں لگائے بغیر خود دستخط کر رہا تھا۔

    پی ٹی آئی رہنما نے ٹوئٹ میں بتایا کہ خواجہ آصف کواسی حلقے میں 2018 کا الیکشن ہرا چکے ہیں، الیکشن کی رات خواجہ آصف نے کس کو ٹیلی فون کیا تھا پوری قوم جانتی ہے، اب یہی خواجہ آصف الیکشن کمیشن عملے سے مل کر منظم دھاندلی کا منصوبہ بنا رہے ہیں، معاملے پر عمران خان کو اعتماد میں لیا ہے اور عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

     

    عثمان ڈار نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے لیگ کا ونگ بن کر منظم دھاندلی کا منصوبہ بنایا ہے اور چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں، خدشہ ہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخاب میں بھی دھاندلی کرائی جائیگی۔

    پی ٹی آئی رہنما نے اپنے ٹوئٹ میں پرزور مطالبہ کیا ہے کہ منتقل کئے گئے ووٹوں کی بائیو میٹرک تصدیق کرائی جائے۔

  • عمران خان نے نیب ترامیم کو سپریم کورٹ میں چلینج کردیا

    عمران خان نے نیب ترامیم کو سپریم کورٹ میں چلینج کردیا

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے نیب ترامیم کیخلاف آئینی درخواست سپریم کورٹ میں داخل کردی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے نیب ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے اور ان ترامیم کے خلاف ایک آئینی درخواست سپریم کورٹ میں داخل کی ہے جس میں عدالت عظمیٰ سے اختیارات سے تجاوز کو جائز قرار دینے کی کوشش ناکام بنانےکی اور نیب قوانین میں ترامیم کو خلاف آئین قرار دیکر فوری طور پر کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

    سابق وزیراعظم عمران خان نے خود بطور درخواست گزار پٹیشن سپریم کورٹ کے روبرو جمع کروائی، درخواست آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت دائر کی گئی ہے جس میں وفاق پاکستان اور نیب کو بھی فریق بنایا گیا ہے، عدالت عظمیٰ میں ماہر قانون خواجہ حارث عمران خان کے مؤقف کی وکالت کرینگے۔

    عمران خان نے معاملہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے روبرو اٹھاتے ہوئے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ترامیم کرنے والوں نے اپنی ذات کو بچانے کیلئے نیب قانون کا حلیہ ہی بدل دیا گیا ہے ان ترامیم کے بعد بیرون ملک سے آئے شواہد عدالت میں قابل قبول نہیں ہونگے۔

    درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب قانون کے سیکشن 2،4،5، 6،14، 15، 21، 23، 25 اور 26 میں ترامیم آئین کے منافی ہیں، ترامیم آرٹیکل 9،14،24،25اور19 اے کے بنیادی حقوق کے خلاف ہیں، اس لیے استدعا کی جاتی ہے کہ نیب قانون میں کی گئی یہ تمام ترامیم کالعدم قرار دی جائیں۔

    درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ بے نامی تعریف میں رد وبدل سے احتساب کی ہیئت بدلنے کے معاملے کو دیکھا جائے اور 1200 میں سے 1100 ارب کے مقدمات نیب دائرہ کار سے نکالنے کی کوشش کو روکا جائے۔

    سابق وزیراعظم عمران خان آج شام اپنے اہم خطاب میں اس حوالے سے تفصیلات قوم کے سامنے رکھیں گے۔

    واضح رہے کہ موجودہ اتحادی حکومت نے گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نیب ترمیمی بل منظور کرایا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: نیب قانون میں ترامیم : نیب کے کون کون سےاختیارات ختم ہوں گے؟

    اس نیب ترمیمی بل کے بعد صرف اثاثوں پر کیس نہیں بن سکے گا پہلے کرپشن ثابت کرنا ہوگی اور ثبوت پیش کرنے کا مکمل بوجھ ملزم کی بجائے نیب پر ہوگا۔

  • نیب ترامیم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے ، عمران خان کا دوٹوک اعلان

    نیب ترامیم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے ، عمران خان کا دوٹوک اعلان

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نیب قوانین میں ترمیم پر سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا نیب ترامیم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، ہر آئینی اور قانونی فورم سے رجوع کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا ، جس میں نیب ترامیم کے ذریعے این آر او کی حکومتی کوششیں زیر بحث آئیں۔

    اجلاس میں عمران خان نے نیب قوانین میں ترمیم پرسخت رد عمل دیتے ہوئے کہا جانتا تھا یہ اقتدار میں آ کر اپنے آپ کو بچائیں گے، ریفارمز کے نام پر اپنے کیسز بند کرنے کی کوشش کی گئی۔

    اجلاس میں خرم دستگیر کے حالیہ بیان کا بھی جائزہ لیا گیا ، اس حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ خرم دستگیر کا بیان ثبوت ہے کہ یہ این آراوکیلئے حکومت میں آئے ، مہنگائی اور عوامی مسائل امپورٹڈ حکومت کی ترجیح نہیں۔

    اجلاس میں خواجہ آصف کے صدر مملکت سے متعلق بیان بھی بحث کی گئی ، ذرائع نے بتایا اجلاس میں خواجہ آصف کا بیان شرمناک اور حلف سے انحراف قرار دیا گیا۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ این آر او نے ملک کو معاشی، اخلاقی طور پر نا قابل تلافی نقصان پہنچایا، نیب ترامیم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، ہر آئینی اور قانونی فورم سے رجوع کیا جائے گا۔

  • مراد سعید مقدمے کی سماعت کے دوران جذباتی ہو گئے

    مراد سعید مقدمے کی سماعت کے دوران جذباتی ہو گئے

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید عدالت میں دوران سماعت جذباتی ہوگئے اور بغاوت کے مقدمات درج کرانے والوں کو بھی عدالت بلانے کی استدعا کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں تحریک انصاف کے رہنماؤں مراد سعید، شیخ رشید ،پرویز خٹک کیخلاف مقدمات کی سماعت ہوئی۔

    پی ٹی آئی رہنما عدالت میں پیش ہوئے ، مراد سعید مقدمے کی سماعت کے دوران جذباتی ہو گئے اور اپنی نشست سے کھڑے ہو کر معزز جج سے مکالمے میں
    بغاوت کے مقدمات درج کرانے والوں کو بھی عدالت بلانے کی استدعا کردی۔

    مرادسعید نے سوال کیا کہ کیا بغاوت کے پرچے درج کرانے والے زیادہ محبت وطن ہیں؟ ایک بیرونی طاقت کے ذریعے ملک کے خلاف سازش ہوئی، بحیثیت پاکستانی شرم آئی کہ ایک گورا ہمیں بتائےگاہم نے کیا کرنا۔

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ معاملے کو کابینہ سمیت اعلیٰ ترین عدلیہ کے سامنے اٹھایا گیا، ہر فورم کا دروازہ کھٹکھٹایا لیکن شنوائی نہیں ہوئی، آئینی قانونی حق استعمال کرتے ہوئے احتجاج کا راستہ اختیار کیا۔

    انھوں نے کہا کہ احتجاج سے پہلے پاکستان بنانے والوں کے گھروں پر دھاوا بولا گیا، علامہ اقبال کے گھر گھس کر ان کے خاندان کو ہراساں کیا گیا، مظاہرین پرربڑ بلٹس، بچے ،خواتین پر آنسو گیس کے شیل فائر ہوئے۔

    مراد سعید نے جج سے مکالمے میں کہا کہ آپ ان لوگوں کو بھی بلائیں جو اس سازش کا حصہ بنے، سوال یہ ہے بغاوت ہم نے کی یا رجیم چینج آپریشن کرنیوالوں نے؟ غدار وہ ہے جو سازش کا حصہ بنے یا ہم جو اس کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں؟ غدار وہ ہے جوامریکاکے سامنے لیٹے یا وہ جس نے ابسولوٹلی ناٹ کہا؟ غدار وہ ہےجورجیم چینج کررہےہیں یاوہ جوملکی خود مختاری،آزاد خارجہ پالیسی کی بات کرتے ہیں؟

    سابق وزیر کا کہنا تھا کہ یہ میرا گھر ہے میں اس کا مالک ہوں کرایہ دار نہیں، جو بھی یہ فتویٰ بانٹ رہے انکو یہاں بلائیں انکو جیل میں ڈالیں، ہم نے اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کرتے رہنا ہے۔

  • ”کل کے احتجاج میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے“

    ”کل کے احتجاج میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے“

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کل ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاج میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ قوم کے ساتھ ملکر کریں گے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ لٹیروں نے اپنی تجوریاں بچنے کے لیے ملک گروی رکھ کر مہنگائی کا عذاب نازل کر دیا، جائیدادیں باہر رکھنے والوں کو عوام کی مشکلات اور ملک کے مستقبل کی فکر نہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے لوگوں پر دن دیہاڑے ظلم برداشت نہیں کرے گی اور کل کے احتجاج میں قوم کے ساتھ مل کر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔

    سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ظالم جبر سے عوام کو اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنے سے نہیں روک سکتے، 2 ماہ کے واقعات نے سازش کے ہر کردار اس کے اہداف پوری طرح آشکار کیے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت پر قابض لشکر اپنی چوری بچانے کے لیے قوم کا مستقبل داؤ پر لگا رہا ہے، خود کو اقتدار میں رکھنے کے لیے اداروں کو بدترین تباہی سے دوچار کیا جا رہا ہے، تنبیہ کی تھی کہ سنبھلتی معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کیا گیا تو حالات بے قابو ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی زیرِ صدارت ہونے والے پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں کیا جس میں فیٹف رابطہ کمیٹی کے اراکین اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں امپورٹڈ سرکار کی معیشت تباہی اور عوام پر مہنگائی کا عذاب مسلط کرنے اور مہنگائی میں اضافے کے لیے ملک گیر احتجاج کی کال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس میں سازش سے اقتدار کا راستہ بنانے والوں کی جانب سے معیشت کی تباہی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عوامی تائید و ساکھ سے محروم حکومت کے دوست ممالک سے روا رکھی جانے والی سرد مہری کا بھی تجزیہ کیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر شہریوں کو ہراساں کیے جانے کی شدید مذمت کی گئی۔ نالائق، بے حس اور ظالم حکومت کی جانب سے اداروں کی تباہی، کراچی میں ضمنی الیکشن میں عوام کی مکمل لاتعلقی اور ای سی کی ناکامی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    امپورٹڈ حکومت کی جانب سے قبائلی اضلاع کے بجٹ میں 21 ارب کی کٹوتی کی مذمت کی گئی۔ قبائلی اضلاع کے 50 لاکھ شہریوں کو صحت کارڈ سے محروم کرنے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا جب کہ فاٹا انضمام کو رول بیک کرنے کی سازش کا جائزہ ایسی ہر کوشش کی بھرپور مزاحمت کا فیصلہ کیا گیا۔