Author: عبدالقادر

  • کرونا وائرس ، وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے

    کرونا وائرس ، وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے، خطاب میں عمران خان کرونا وائرس سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیں گے اور حکومتی اقدامات سے متعلق آگاہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے ، وزیراعظم ہاؤس میں خطاب کی ریکارڈنگ کےانتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ٹی وی وزیر اعظم کا قوم سے خطاب نشر کرے گا، خطاب میں وزیراعظم کرونا وائرس سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیں گے اور حکومتی اقدامات سے متعلق آگاہ کریں گے۔
    .
    ذرائع کے مطابق خطاب میں وزیر اعظم قوم سے احتیاطی تدابیر پر بات کریں گے اور قوم کوموجودہ صورتحال سےبھی آگاہ کریں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم نے کرونا سے ترقی پذیر اقوام کی تباہی کا خدشہ ظاہر کر دیا

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے امریکی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں خدشہ ہے کہ نیا کرونا وائرس ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو تباہ کر دے گا، دولت مند معیشتیں دنیا کے غریب ترین ممالک کے قرضوں کو معاف کرنے کے لیے تیار ہو جائیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان جیسے دیگر ممالک کا قرضہ معاف کرنے کے بارے میں سوچے، اس اقدام سے ہمیں کرونا سے نمٹنے میں مدد ملے گی، کرونا اگر پاکستان میں پھیلا تو معیشت بحال کرنے کی ہماری کوشش کو سنگین نقصان پہنچے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس طبی سہولتیں اتنے بڑے بحران سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہیں، آئی ایم ایف کا قرضہ پاکستان کے لیے معاشی بوجھ بن جائے گا۔

  • کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے وزیر اعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ

    کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے وزیر اعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں سندھ انفرا اسٹرکچر دویلپمنٹ کمپنی کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت کراچی کی تعمیر و ترقی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاق کے تعاون سے مکمل ہونے والے اور نئے ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، وزیر اعظم کو منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

    اجلاس میں سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کی تنظیم نو کا اہم فیصلہ کیا گیا، بتایا گیا کہ سندھ ڈویلپمنٹ کمپنی کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عمل درآمد یقینی ہو۔

    اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں پانی صاف کرنے خصوصاً سیوریج اور آبی آلودگی پر توجہ کی ضرورت ہے، ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے، کراچی ملکی معیشت میں انجن آف گروتھ کا کردار ادا کرتا ہے، ترقی کے لیے ضروری ہے کہ بندرگاہیں اور نقل و حمل کو مزید بہتر بنایا جائے۔

    اجلاس میں سندھ کے لیے وفاقی حکومت کے 162 ارب کے پیکیج کی پیش رفت، مکمل اور نامکمل منصوبوں، ترقیاتی منصوبوں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اہم منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ سخی حسن، فائیو اسٹار اور کے ڈی اے فلائی اوورز کے ساتھ ساتھ 6.4 کلومیٹر طویل نشتر روڈ تعمیر کیا گیا، منگھوپیر سڑک کے ایک حصے کا افتتاح گزشتہ ہفتے کیا گیا، گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کا انفرا اسٹرکچر مارچ 2021 تک مکمل ہو جائے گا، بنارس سے جام چکرو تک 66 انچ کی پانی کی لائن کا 95 فی صد کام مکمل کر لیا گیا ہے، بقیہ کام اپریل تک مکمل کر لیا جائے گا، کراچی میونسپل کارپوریشن کے فائر فائٹنگ نظام کی اپ گریڈنگ کی جا رہی ہے، اس منصوبے پر ایک ارب سے زائد خرچ کیے جا چکے ہیں، منصوبے کے تحت 50 فائر ٹینڈرز سسٹم میں شامل کیے جائیں گے۔

  • حکومت کی پوری توجہ مہنگائی میں کمی پر مرکوز ہے، وزیراعظم

    حکومت کی پوری توجہ مہنگائی میں کمی پر مرکوز ہے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی پوری توجہ مہنگائی میں کمی پر مرکوز ہے، فی الحال قومی مسائل اور چیلنجز پر مل کر قابو پانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے نیشنل پالیسی پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں کرونا وائرس کے مزید پھیلاو سے بچاؤ کے لیے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس میں تجویز دی گئی کہ بلوچستان سے منسلک بارڈر پر شدید خطرہ ہے، مکمل سیل کر دیا جائے۔ وزراء اور اراکین کی جانب سے اجلاس میں بجلی کی قیمتیوں میں اضافے اور سیکرٹری توانائی کے عدم تعاون کا معاملہ اٹھایا گیا۔ ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ سیکرٹری توانائی بات نہیں سن رہے۔

    وزیراعظم نے ارکان کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے شکایات کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم نے صوبوں میں ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پوری توجہ مہنگائی میں کمی پر مرکوز ہے، فی الحال قومی مسائل اور چیلنجز پر مل کر قابو پانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے ترقیاتی مسائل کا بھی علم ہے، جلد اسے حل کیا جائے گا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر میں بھارت کی اصلیت دنیا کو دکھائی تھی،کشمیر میں مزید 2 آرڈیننس آنے سے بھارت کا چہرہ پھر بےنقاب ہوگیا۔

    وزیراعطم کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں پرظلم ہو رہا ہے،دنیا کوخاموشی توڑنا ہوگی، اقلیتوں پر مظالم کے بعد بھارت دنیا میں تنہا ہوتا جا رہا ہے۔

    افغانستان سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے کئی معاملات پاکستان کے ساتھ جڑے ہیں، افغانستان،پاکستان کی ثقافت،سیاست بھی ایک جیسی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن کا کریڈٹ پاکستان کو ملے گا۔

  • بلین ٹری سونامی مہم کو نقصان پہنچانے کی مبینہ کوشش، فاریسٹ افسر معطل

    بلین ٹری سونامی مہم کو نقصان پہنچانے کی مبینہ کوشش، فاریسٹ افسر معطل

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی بلین ٹری سونامی مہم کو نقصان پہنچانے کی مبینہ کوشش پر وفاقی حکومت نے نوٹس لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کوٹلی ستیاں کے جنگل میں درختوں کی کٹائی پر وفاقی حکومت نے نوٹس لے لیا، وزیر اعظم کے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے کوٹلی ستیاں کا ہنگامی دورہ کر کے درخت کاٹنے کی اجازت دینے والا ڈسٹرکٹ فارسٹ افسر معطل کر دیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کاٹے گئے درختوں کی لکڑی تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی، اس سلسلے میں مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی اور واقعے کی تفصیلات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ درختوں کی کٹائی ٹمبر مافیا کی کارروائی لگتی ہے۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین مہم کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف ایکشن کی ہدایت کر دی، انھوں نے کہا کہ انتظامی سطح پر ملوث عناصر کو بھی سامنے لایا جائے۔ وزیر اعظم نے بروقت ایکشن لینے پر مشیر ماحولیات کی کوششوں کو سراہا۔

    ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ درختوں کو کاٹنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، جنگلات کی حفاظت کے لیے پختون خوا طرز پر اقدامات ضروری ہیں، اس سلسلے میں قانون میں تبدیلی کی سمری پنجاب اسمبلی بھجوائے جائے گی۔

  • وزیر اعظم آج 20 ہزار گھروں کی تعمیر کے 7 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیر اعظم آج 20 ہزار گھروں کی تعمیر کے 7 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم آج 20 ہزار گھروں کی تعمیر کے 7 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج وزارتِ ہاؤسنگ کی جانب سے بیس ہزار گھروں کی تعمیر کے 7 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، ان منصوبوں کی مالیت 100 ارب روپے ہے، یہ منصوبے اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ اور لاہور میں سات آئیڈیل لوکیشنز پر تعمیر کیے جائیں گے۔

    6 منصوبے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن جب کہ ایک منصوبہ پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن سے متعلق ہے۔ ہاؤسنگ اتھارٹی تمام اہل وفاقی ملازمین کو قابل برداشت قیمت پر معیاری رہایشی سہولتیں مہیا کر رہی ہے، گھروں کے حصول کے لیے بینکوں سے فنانسنگ کی سہولت بھی دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ گھروں کی تعمیر اور فراہمی معاشی ترقی اور معاشرتی استحکام کے حوالے سے ملکی معیشت کا ایک اہم شعبہ ہے، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ان ہاؤسنگ منصوبوں کی تعمیر سے جہاں ہزاروں بے گھر پاکستانیوں کو اپنی چھت میسر ہوگی وہاں تعمیراتی شعبے سے منسلک صنعتوں کا بھی فروغ ہوگا، اور روز گار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

    ماضی میں منصوبہ سازی کے فقدان کی وجہ سے آج ہمارا ملک تقریباً ایک کروڑ ہاؤسنگ یونٹس کی کمی کا شکار ہے، اس بحران کی وجہ سے کم آمدنی والے اور تنخواہ دار طبقے کے لیے اپنے گھر کا حصول ناممکن بن چکا ہے۔

  • چین میں پھنسے طلبہ کے والدین کو ہر 10 دن بعد بریفنگ دینے کا فیصلہ

    چین میں پھنسے طلبہ کے والدین کو ہر 10 دن بعد بریفنگ دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے چین میں پھنسے طلبہ کے والدین کو ہر 10 دن بعد بریفنگ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کے باعث چین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کی دیکھ بھال کے سلسلے میں آج معاون خصوصی زلفی بخاری نے طلبہ کے والدین سے ملاقات کی، مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    طلبہ کے والدین کو طلبہ کی صحت و سلامتی کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، ملاقات میں طلبہ کو خوراک اور رقم سمیت فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    زلفی بخاری نے اس موقع پر کہا کہ ہم والدین کے جذبات اور احساسات کو اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں، والدین کو یقین دلاتا ہوں کہ تمام طلبہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں، پاکستانی سفارت خانے کا عملہ ان سے مسلسل رابطے میں ہے، یہ ضروری ہے کہ والدین کے ہر سوال کا جواب دے کر انھیں مطمئن کیا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت چین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کی مشکلات حل کرنا چاہتی ہے، اب والدین سے ہر 10 دن بعد جامع نشست کا اہتمام کیا جائے گا، انھیں بچوں کی صحت، خوراک، رقم اور دی جانے والی ہر سہولت سے با خبر رکھیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین میں کرونا وائرس کی صورت حال پر تیزی سے قابو پایا جا رہا ہے، ووہان میں کیسز میں بتدریج کمی رپورٹ ہوئی ہے۔

    زلفی بخاری نے نجی ٹی وی چینل پر چلنے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے چین سے پاکستانی طلبہ کے انخلا کی بات نہیں کی۔

  • وفاقی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کردی

    وفاقی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کردی

    اسلام آباد: وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کردیئے ، 200 سے زائد منصوبوں کے لیے700 ارب سے زائد پی ایس ڈی پی فنڈ خرچ کئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کردی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نےملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کئے .

    جس کے مطابق جولائی 2019 سے فروری 2020 تک ترقیاتی بجٹ کاتناسب 6 سال میں سب سے زیادہ ہے ، گزشتہ 7 ماہ میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ فنڈز کا استعمال 39 فیصد ریکارڈ ہوا جبکہ پچھلے 6 سال کے دورانیے میں بجٹ کے استعمال کا سب سے زیادہ تناسب ریکارڈکیاگیا۔

    سال 2014-15 میں ترقیاتی فنڈز کے استعمال کا تناسب صرف 32 فیصد تک تھا جبکہ سی پیک منصوبوں کو ترجیحی طور پر مالی اعانت فراہم کی جا رہی ہے ، کراچی کوسٹل پاور پراجیکٹ اوردیامیر بھاشا ڈیم ٹاپ 10سرفہرست منصوبوں میں شامل ہیں۔

    داسواورنیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹس سمیت تربیلا فورتھ ایکسٹینشن اور 309 ارب کی لاگت سے بننے والے مہمند ڈیم پر بھی کام شروع کردیا گیا ہے ، ہاؤسنگ منصوبے سمیت درختوں کی سونامی مہم پر بھی اربوں خرچ کیےگئے ہیں۔

    کراچی سےپشاوراور لاہور سےملتان موٹروے کا منصوبہ بھی 10سرفہرست منصوبوں میں ہیں ، کراچی سےلاہوراورسکھر سےحیدر آباد موٹروےمنصوبے کے لیے بھی رقم خرچ کی گئی اور قراقرم ہائی وے فیز 2 منصوبے پر 24.2 ارب روپے خرچ ہوئے۔

    ملک بھر میں آبپاشی کا نظام بہتر بنانے سمیت زرعی منصوبوں پر بھی خطیر رقم خرچ کی گئی ہےجبکہ فصلوں کی پیداوار,لائیو اسٹاک کی بہتری سمیت ماہی گیروں کی ترقی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

    ملک کےنہری نظام کی بہتری کے لیےفیز 2 پر بھی 5.5 ارب خرچ کیےگئے جبکہ گزشتہ 6 ماہ میں پشاورتا کراچی موٹروے پر 17.7 ارب خرچ ہوئے۔

  • دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان ترکی کے ساتھ کھڑا ہے،وزیراعظم

    دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان ترکی کے ساتھ کھڑا ہے،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ترک فوجیوں کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان ترکی کے ساتھ کھڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے ترک فوجیوں کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ترک صدر سے اظہار یکجہتی اور حمایت کا یقین دلایا۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دکھ کی گھڑی میں پاکستانی عوام ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان ترکی کے ساتھ کھڑا ہے۔

    وزیراعظم نے لاکھوں شامی مہاجرین کی میزبانی پر ترک حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ترکی کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

    شام کے شہر ادلب میں فضائی حملہ، 33 ترک فوجی ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ادلب میں فضائی حملے میں 33 ترک فوجی ہلاک ہوئے تھے، ترک حکام کا کہنا تھا کہ علاقے میں تعینات فوجیوں پر شامی افواج نے حملہ کیا۔ترک حکام کے مطابق ترک افواج نے حملے کے بعد جوابی کارروائی کی جس میں شامی افواج کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی گئی تھی۔

  • وفاقی کابینہ کے تمام ارکان کورونا وائرس سے کلیئر قرار

    وفاقی کابینہ کے تمام ارکان کورونا وائرس سے کلیئر قرار

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے تمام ارکان کو کورونا وائرس سے کلیئر قرار دے دیا گیا جب کہ آگاہی کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اجلاس میں ماسک پہن کر شریک ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے ارکان کی اسکیننگ کی گئی۔

    وزارت صحت نے احتیاطی تدابیر کے تحت اجلاس میں شرکت سے قبل تمام ارکان بشمول سیکریٹریز اور سینئر حکام کے ٹیسٹ کیے۔

    وزارت صحت حکام نے ابتدائی ٹیسٹ میں تمام شرکاء کو کلیئر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی شخص میں بھی کورونا وائرس سے متاثر نہیں تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: حکومت کو سرجیکل ماسک کی قیمت مقرر کرنے کا حکم

    دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کی آگاہی کے لیے ماسک پہنا اور اجلاس میں شریک ہوئے۔

    صادق سنجرانی نے ماسک پہن کر ایوان کی کارروائی چلائی اور سینیٹرز کو مہلک وائرس سے بچنے کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کا پیغام دیا۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے پانچویں کیس کی تصدیق ہو گئی ہے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ مریض کا تعلق وفاق کے زیر انتظام علاقے گلگت سے ہے، مریض کا علاج معالجہ جاری ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ کرونا وائرس کی پانچویں شکار ایک خاتون ہے جو ایران سے لوٹی تھیں۔

  • مہنگائی میں کمی کے لیے وزیراعظم عمران خان کے اہم اقدامات کے مثبت نتائج نمایاں ہونے لگے

    مہنگائی میں کمی کے لیے وزیراعظم عمران خان کے اہم اقدامات کے مثبت نتائج نمایاں ہونے لگے

    اسلام آباد : مہنگائی میں کمی کےلیےوزیراعظم عمران خان کےاہم اقدامات کےمثبت نتائج نظر آنے لگے ، صرف ایک ماہ میں افراط زر کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مہنگائی میں کمی کےلیےوزیراعظم عمران خان کی جانب سے کئے گئے  اقدامات کےمثبت نتائج نمایاں ہونے لگے ، افراط زرکی حالیہ اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا فروری میں افراط زرکی شرح کم ہوکر12اعشاریہ4فیصدپرآ گئی  جبکہ  جنوری میں افراط زرکی شرح 14اعشاریہ6فیصد تک پہنچ چکی تھی۔

    اعدادوشمار کے مطابق شہری علاقوں میں مہنگائی13.4فیصدسےکم ہوکر11.2فیصداور دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 14.2فیصدتک آگئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا اشیائےخورونوش میں افراط زرکی شرح 19.5 سےکم ہوکر15.2فیصد ہوگئی ، مہنگائی میں کمی کےلیےمزید اقدامات جاری ہے ،آئندہ ماہ مزیدکمی متوقع ہے۔

    وزیراعظم نے معاشی ٹیم کومہنگائی میں ہرممکن حدتک مزیدکمی لانےکی ہدایت کردی ہے۔

    دوسری جانب ادارہ شماریات کی جانب سے  فروری کےدوران مہنگائی سےمتعلق اعدادوشمار جاری کئے گئے ، جس میں بتایا گیا  فروری  2020کے دوران  مہنگائی کی شرح میں 1.04 فیصد کمی ہوئی ، مہنگائی کی شرح فروری 2019کےمقابلے میں 12.40 فیصدرہی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جولائی تافروری مہنگائی کی شرح سال گزشتہ کی نسبت11.70فیصدرہی، سبزیوں کی قیمتوں میں 13، کوکنگ آئل میں 10، چینی کی 8فیصد ، پھل 4 اور دالیں 2 فیصد تک مہنگی ہوئی ۔

    اعدادوشمار کے مطابق  ایک ماہ میں ٹماٹر 60 ، انڈے 26،سبزیاں 11 اور آٹا 5 فیصد سستا ہوا جبکہ  ایک ماہ میں ایل پی جی اور بجلی 13فیصدسستی اورگیس چارجز 55 فیصدبڑھے۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ  ایک سال میں پیاز 102 ، دال مونگ 84، آلو 83، سبزیاں 62 فیصد ، ماش 51، مکھن 43، چینی 37، گھی 34، دال چنا 24 اور دال مسور 22 فیصد مہنگی ہوئی جبکہ   ایک سال میں ٹماٹر 61، انڈے 10 اور بجلی کے نرخ 4 فیصد سستے ہوئے