Author: عبدالقادر

  • وزیراعظم نے بجلی چوروں کیلئے خطرےکی گھنٹی بجا دی

    وزیراعظم نے بجلی چوروں کیلئے خطرےکی گھنٹی بجا دی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے بجلی چوروں کیلئےخطرےکی گھنٹی بجا دی اور کہا بڑے بجلی چوروں کو کسی صورت نہ چھوڑا جائے ، آنے والے دنوں میں عوامی ریلیف کیلئے اہم فیصلے کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا ، جس میں توانائی شعبے میں عوامی ریلیف کے لئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور بجلی کی قیمتیں کم،چوری کی روک تھام سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ سابقہ دورحکومت میں بجلی چوری کرنیوالوں سےرعایت برتی گئی، چند ہزار روپے بل دینے والےبجلی چوروں سے کروڑوں روپے ریکور کر لئے گئے ،ب کریک ڈاؤن جاری ہے،ہزاروں افرادکیخلاف مقدمات درج ہیں۔

    وزیراعظم نے کریک ڈاؤن تیز سمیت بلاتعطل کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا بجلی چوری کاخمیازہ غریب عوام کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اور ہدایت کی بڑے بجلی چوروں کو کسی صورت نہ چھوڑا جائے، سیاسی مفاد کو بالائے طاق رکھ کر غریب کا تحفظ کریں اور فوکس سیاسی نہیں عوامی مفاد پررکھیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی طور پرنقصان برداشت کرسکتےہیں غریب کےتحفظ پرسمجھوتہ نہیں، آنے والے دنوں میں عوامی ریلیف کیلئے اہم فیصلے کروں گا۔

    وزیراعظم نے بجلی چوروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا بڑے بجلی چوروں پر ہاتھ ڈالیں گے تو بجلی سستی کرنے کاموقع ملےگا، یقینی بنایا جائے بجلی چوری کی قیمت غریب عوام کونہ دینی پڑے۔

  • سرجیکل ماسک مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

    سرجیکل ماسک مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت مہنگے داموں سرجیکل ماسک فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے کرونا وائرس کے بعد ماسک مہنگےداموں فروخت کرنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف نوٹس لے کر انتظامیہ کو کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔

    راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے وزیراعظم کی ہدایت پرمہنگےداموں ماسک بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا، جس کے دوران اضافی قیمت پر ماسک فروخت کرنے والے فیکٹری مالک کو حراست میں لیا گیا۔

    راولپنڈی میں 12 روپے والا ماسک چالیس روپے میں فروخت ہورہا تھا، انتظامیہ نے فیکٹری سے 20 ہزار ماسک برآمد کرلیے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کی ہدایت پر دیگر شہروں میں بھی ٹیم نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل پاکستان میں کرونا وائرس کے دو کیسز سامنے آئے تھے، جس کے بعد ماسک فروخت کرنے والوں نے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا تھا۔ ماسک کی اضافی قیمت اور مارکیٹ میں عدم دستیابی کی وجہ سے شہری بہت زیادہ پریشانی کا شکار بھی تھے۔

  • وزیر اعظم کا دورۂ قطر:‌ افغانستان کے امن  کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ

    وزیر اعظم کا دورۂ قطر:‌ افغانستان کے امن کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے امریکا اور طالبان معاہدے میں راہ ہم وار کرنے پر قطر کے کردار کو سراہا اور اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔

    وزارتِ خارجہ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے دورۂ قطر کا اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے بعد دونوں ممالک کے سربراہان نے بنفس نفیس (ون آن ون) ملاقات کی جس کے بعد وفودکی سطح پربھی ملاقاتیں ہوئیں۔

    اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اورعالمی امورپرگفتگو ہوئی جبکہ وزیراعظم عمران خان اور امیرِ قطر   امیر قطر تمیم بن حمد الثانی نے سماجی و معاشی شراکت داری مزیدمضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

    اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نےامریکا ،طالبان کے مذاکرات اور معاہدے میں قطر کےکردارکوسراہا، دونوں فریقین کے درمیان ہونے والے معاہدے پر 29 فروری کو دستخط ہوں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر بھی غور کیا کہ فریقین افغانستان میں امن و استحکام کے لیے کردار ادا کریں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے امیر قطر کو بھارت میں جاری مسلم مخالف فسادات سے آگاہ کیا اور وہاں کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ہندوتوا نظریےسے متاثر بھارتی حکومت فسادات کی ذمہ دار ہے۔

    علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے امیرقطرکومقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سےآگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آر ایس ایس نظریات پر چلنے والی حکومت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہی ہے۔

  • حکومت کی بڑی کارروائی : خواجہ آصف کے بہنوئی کے گرد گھیرا تنگ

    حکومت کی بڑی کارروائی : خواجہ آصف کے بہنوئی کے گرد گھیرا تنگ

    اسلام آباد : وفاقی وزارت سائنس اینڈٹیکنالوجی نے مسلم لیگ ن کے رہنماخواجہ آصف کےبہنوئی سےاربوں روپےکی زمین واگزار کروالی ، وزیراعظم نےسرکاری زمین کو واگزارکرانےپرفواد چوہدری اور وزارت کی کارکردگی کوسراہا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرسرکاری زمین پرقبضہ مافیاکیخلاف کارروائیاں جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنماخواجہ آصف کےبہنوئی سےاربوں روپےکی زمین واگزار کرالی گئی، زمین وفاقی وزارت سائنس اینڈٹیکنالوجی کی جانب سےخالی کرائی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے وزیراعظم کو تفصیلات سے آگاہ کر دیا، بریفنگ میں بتایا گیا خواجہ نعیم نے لاہورمیں پی سی ایس آئی آرکی25کنال زمین پرقبضہ کررکھاتھا، وہ ن لیگی ایم این اے خواجہ آصف کے بہنوئی ہیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا لینڈ مافیاسےڈیڑھ ارب روپےکی سرکاری املاک واگزارکرائی ہے،ب خواجہ نعیم نے اثرو رسوخ پرایک عرصےسےزمین پرقبضہ کررکھاتھا جبکہ کالونی ٹیکسٹائل سے مزید19کنال زمین واگزار کرانے کا عمل جاری ہے۔

    وزیراعظم نے سرکاری زمین کو واگزار کرانے پر فواد چوہدری اور وزارت کی کارکردگی کوسراہا۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز سے وزیر اعظم کی تصاویر راتوں رات ہٹا دی گئیں

    یوٹیلیٹی اسٹورز سے وزیر اعظم کی تصاویر راتوں رات ہٹا دی گئیں

    اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز سے وزیر اعظم عمران خان کی تصاویر راتوں رات ہٹا دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیر اعظم عمران خان کی تصاویر لگانے پر وزیر اعظم نے سخت اظہار برہمی کیا۔

    وزیر اعظم نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر لگائی گئی اپنی تصاویر فوری ہٹانے کا حکم جاری کیا جس کے بعد راتوں رات یوٹیلیٹی اسٹورز پر سے وزیر اعظم کی تصاویر ہٹا دی گئیں۔

    انتظامیہ نے تصاویر ہٹانے کے لیے ایک دن کا وقت مانگا تھا مگر وہ بھی نہ مل سکا، وزیر اعظم کا اس سلسلے میں واضح مؤقف تھا کہ ہمارا مقصد صرف عوام کی فلاح ہے، تشہیر کسی صورت نہیں چاہتا، آیندہ کوئی سیاسی تصویر استعمال نہیں ہوگی۔

    یوٹیلٹی اسٹورز پر مہنگے داموں اشیاء کی فروخت، وزیر اعظم نے نوٹس لے لیا

    وزیر اعظم کے حکم سے یوٹیلیٹی اسٹور انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیا، وزیر اعظم نے کہا کہ وہ تشہیر کسی صورت نہیں چاہتے، اسٹورز میں ان کی کوئی تصویر استعمال نہ کی جائے۔

    خیال رہے 12 فروری کو وزیر اعظم عمران خان نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا مہنگے داموں فروخت ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتیں کم کرنے کی ہدایت بھی دی تھی، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر معاونِ خصوصی برائے اطلاعات نے بیان جاری کیا کہ وزیر اعظم نے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیا کو کم نرخوں پر فروخت نہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے مالکان کو چینی 68 روپے فی کلو فروخت کرنے کی ہدایت کی۔

  • سٹیزن پورٹل: وزیر اعظم نے سرکاری افسران کی مشکل دور کر دی

    سٹیزن پورٹل: وزیر اعظم نے سرکاری افسران کی مشکل دور کر دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل کے غیر سنجیدہ استعمال کا انکشاف ہوا ہے، جس پر وزیر اعظم آفس نے سخت نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم ڈیلیوری یونٹ نے پاکستان سٹیزن پورٹل کے حوالے سے سرکاری افسران کے خلاف جھوٹی شکایات پر سخت ایکشن لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق اس سلسلے میں وزیر اعظم کو افسران کے خلاف شہریوں کی جھوٹی شکایات پر تحقیقاتی رپورٹ موصول ہوئی تھی، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ افسران کے خلاف بیش تر شکایات ذاتی عناد اور دشمنی پر مبنی ہیں۔

    سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران پر وزیر اعظم برہم ہوگئے

    رپورٹ کے مطابق اداروں میں افسران نے ایک دوسرے کے خلاف شناخت چھپا کر شکایات درج کروائیں، وزیر اعظم آفس نے رپورٹ موصول ہونے کے بعد کسی بغیر ثبوت اور شناخت چھپا کر کی گئی شکایات خارج کرنے کی ہدایت کر دی۔

    وزیر اعظم آفس نے آیندہ ایسے اقدامات کی روک تھام کے قواعد و ضوابط سے بھی اداروں کو آگاہ کر دیا، رپورٹ میں کہا گیا کہ سٹیزن پورٹل پر کرپشن اور غیر قانونی اقدامات کی رپورٹ کے لیے مخصوص سہولت فراہم کر دی گئی ہے، ایسی کسی بھی شکایت کے لیے شناخت اور ثبوت لازمی دینا ہوں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران کے طرز عمل پر بھی اظہار برہمی کیا تھا، اور فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایسے افسران کے خلاف باقاعدہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • آرنلڈ شوازنیگر  کی وزیراعظم عمران خان کو آسٹریا ورلڈ سمٹ میں شرکت کی دعوت

    آرنلڈ شوازنیگر کی وزیراعظم عمران خان کو آسٹریا ورلڈ سمٹ میں شرکت کی دعوت

    اسلام آباد : ہالی ووڈ کے معروف اداکار آرنلڈ شوازنیگر نے وزیراعظم عمران خان کو کلائمیٹ ایکشن ہیرو قرار دیتے ہوئے آسٹریا ورلڈ سمٹ میں شرکت کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ماحولیاتی تحفظ کیلئے کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جانے لگا، ہالی ووڈ کے معروف اداکار آرنلڈ شوازنیگر نے وزیراعظم عمران کو خط لکھا ، جس میں انھوں نے عمران خان کو آسٹریا ورلڈ سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔

    آرنلڈ شوازنیگر نے خط میں وزیراعظم کو کلائمیٹ ایکشن ہیرو قرار دیا اور کہا ماحولیاتی تحفظ کا پیغام بلند کرنے والے رہنماؤں کو سمٹ میں دعوت دی جا رہی ہے, آپ ماحولیاتی تحفظ میں ہمارے مضبوط پارٹنر بن چکے ہیں۔

    خط میں کہا گیا ماحولیاتی تحفظ سے متعلق دنیا کو آگاہی کے لئے آپ کی شرکت ضروری ہے، آسٹریا کے صدر سمیت ہیڈ آف اسٹیٹ سے ملاقاتوں کا اہتمام ہو گا۔

    خط وزیراعظم عمران خان کو موصول ہو گیا، سمٹ میں شرکت کا حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں کیا جائے گا، آرنلڈ شوازنیگر ماحولیاتی تحفظ کے لیے متعدد مہمات کا حصہ رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر وزیر اعظم عمران خان کی عالمی سطح پر خوب پزیرائی 

    یاد رہےمعروف امریکی جریدے ٹائم میگزین نے  وزیر اعظم عمران خان کی ماحولیات کیلئے کوششوں کا اعتراف کیا تھا،  میگزین نے وزیراعظم عمران خان کو ماحولیات کی ترجمانی کرنے والی دنیا کی پانچ شخصیات میں شامل کرتے ہوئے ان کی تصویر سرورق پر شائع کی تھی۔

    عالمی اقتصادی فورم کے تعاون سے عالمی جریدے کے سرورق پر وزیر اعظم عمران خان کیساتھ جرمن چانسلر انجیلا مرکل، مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس، یورپ کے مرکزی بینک کی صدر کرسٹین لیگارڈ اور ایمازون کے مالک جیف بیزوس کی تصاویر بھی چھپاپی گئی تھی۔

  • بڑی خوش خبری، پاکستان میں ‘انٹرنیٹ سب کے لیے’ مہم کا آغاز

    بڑی خوش خبری، پاکستان میں ‘انٹرنیٹ سب کے لیے’ مہم کا آغاز

    اسلام آباد: نجی سیلولر کمپنی نے پاکستان میں "انٹرنیٹ سب کے لیے” مہم کا آغاز کر دیا، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان سے سیلولر کمپنی وی آن اور جاز کے سی او او نے اہم ملاقات کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان سے نجی سیلولر کمپنی وی آن اور جاز کے چیف آپریٹنگ آفیسر سرجی ہریرو نے ملاقات کی، جس میں چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ اور سربراہ ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس بھی موجود تھیں، وزیر اعظم نے پاکستان کے ساتھ سیلولر کمپنی کی طویل وابستگی کو سراہا۔

    سی او او جاز نے وزیر اعظم عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے پاکستان میں "انٹرنیٹ سب کے لیے” مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت سوشل میڈیا، جاز کیش اور سیٹیزن پورٹل کے استعمال کے لیے سستے ٹیرف فراہم کر دیے گئے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں مواصلات اور توانائی میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ہیں، حکومت بھی آزادانہ سرمایہ کاری کی پالیسی کے ساتھ کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے، بین الاقوامی اداروں نے کاروبار میں آسانی کے لیے حکومتی اقدامات کو تسلیم کیا ہے، ہم نے نوجوانوں کو معاشی ترقی کا حصہ بنانے کے لیے ڈیجیٹل پاکستان منصوبہ بھی شروع کیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل پالیسی کے تحت پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کا حجم 20 ارب ڈالر تک لے جائیں گے، آئی ٹی کے ماہر نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے ملکی معاشی ترقی میں ٹیلی کام سیکٹر کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔

    کمپنی کے سی او او سرجی ہریرو نے ٹیلی کام کمپنیوں کو مساوی اور شفاف ماحول فراہم کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ جاز پاکستان نے انٹرنیٹ سب کے لئے مہم کا آغاز کیا ہے، سوشل میڈیا، جاز کیش اور سیٹیزن پورٹل کے استعمال کے لیے سستے ٹیرف فراہم کیے گئے ہیں، سروس کی فراہمی سے شہریوں کو چھوٹے اور درمیانے درجے کی معاشی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔

    سرجی ہریرو نے جعلی خبروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومتی اقدامات کی بھی تعریف کی، اور کہا غیر یقینی صورت حال اور خوف پیدا کرنے والی جعلی خبریں سرمایہ کاری کے لیے نقصان دہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی پاکستان میں 9 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رہی ہے، اور اب تک 60 ملین صارفین کو خدمات فراہم کر چکی ہے۔

  • سوشل میڈیا قانون کا مقصد سیاسی اختلاف کو دبانا نہیں، وزیراعظم

    سوشل میڈیا قانون کا مقصد سیاسی اختلاف کو دبانا نہیں، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا سے متعلق قانون کا مقصد مثبت اظہار رائے یا سیاسی اختلاف کو دبانا نہیں بلکہ قانون لانےکا بنیادی مقصد صرف اور صرف شہریوں کا تحفظ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت سوشل میڈیا کے مجوزہ قوانین پر نظرثانی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارت اطلاعات، داخلہ، قانون، آئی ٹی اور پی ٹی اے حکام نےشرکت کی۔

    اجلاس میں حال میں بنائےگئے سوشل میڈیا رولز پر ردعمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جب کہ مجوزہ قوانین کے پیش نظر آزادی اظہار پر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا، مشاور کے بعد وزیراعظم نے مجوزہ قوانین پر عملدر آمد سے پہلے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینےکی ہدایت کی۔

    اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا سے متعلق قانون لانےکا بنیادی مقصد صرف اور صرف شہریوں کا تحفظ ہے، یہ قانون بچوں اور مذہبی معاملات سمیت قومی سلامتی کےتحفظ کے پیش نظر بنایا جا رہا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سنگاپور اور برطانیہ سمیت بہت سے ممالک ایسے قوانین لا رہے ہیں اور اب پاکستان بھی بدلتےحالات و واقعات کے پیش نظر ایسے قوانین لارہا ہے۔

    وزیراعظم نے ہدایت دی کہ قانوں پر عملدرآمد سے پہلے تمام اسٹیک ہولڈرز سےمشاورت کی جائے اور ان اسٹیک ہولڈرز کی دی گئی تجاویز کو مجوزہ قانون میں شامل کیا۔

  • حکومت کا سوشل میڈیا کے مجوزہ قوانین پر نظر ثانی کا فیصلہ

    حکومت کا سوشل میڈیا کے مجوزہ قوانین پر نظر ثانی کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا کے مجوزہ قوانین پر نظرثانی کا فیصلہ کرلیا، اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا قوانین سے متعلق اجلاس طلب کیا جو کچھ دیر میں‌ شروع ہوگا، اجلاس میں وزارتِ اطلاعات اور محکمہ داخلہ کے حکام بھی شریک ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں وزارت قانون، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے حکام بھی شرکت کریں گے۔

    مزید پڑھیں: حکومت نے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کردیا، ایس آر او جاری

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں حال ہی میں بنائے جانے والے سوشل میڈیا قوانین پر آنے والے ردعمل کا جائزہ لیا جائے گا اور مجوزہ قوانین کےآزادی اظہار پر پڑنے والے اثرات پر بھی غور کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں سوشل میڈیا قوانین کے فوائد اور نقصانات کا جائزہ بھی لیا جائے گا، جس کے بعد مستقبل کے حوالے سے کوئی اہم فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل اے آر وائی نیوز کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے اسے ریگولائز کرنا بہت ضروری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: توہین آمیز مواد کی روک تھام، حکومت کا سوشل میڈیا کمپنیز سے معاہدہ طے

    اُن کا کہنا تھا کہ ’سوشل میڈیا کی مختلف کمپنیاں ہمارے قوانین کی خلاف ورزی اور اس کے خلاف پروپیگنڈا کررہی ہیں، میں بتانا چاہتا ہوں کہ ریگولیٹ کرنے سے فائدہ ہوگا اور جو شخص قانون کی خلاف ورزی کرے گا یا سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرے گا اُسے قانون کی گرفت میں لانا آسان ہوگا‘۔