Author: عبدالقادر

  • عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے وزیراعظم  کا  بڑا حکم

    عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے وزیراعظم کا بڑا حکم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم دیتے ہوئے اشیائےضروریہ کی قیمتوں میں15سے20 فیصد تک کمی کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم دیتے ہوئے قانونی حدسےزائدغذائی اجناس ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    وزیراعظم نے کہاکھانےپینےکی اجناس غیرقانونی طورپرذخیرہ نہیں ہونی چاہئیے اور قیمتوں میں ردو بدل کرکےزائد پیسہ بنانےوالوں کیخلاف کارروائی کریں، ذخیرہ اندوزوں کو10دن میں غیرقانونی ذخیرہ مارکیٹ میں لاناہوگا۔

    عمران خان نے اشیائےضروریہ کی قیمتوں میں15سے20 فیصد تک کمی کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو واضح کیا کہ کسی بھی ذخیرہ اندوزکونہ چھوڑا جائے، غریب عوام کا مفاد ہر چیز سے اوپر ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم کی ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ کےپہلےہفتےتک قانون کے مطابق ذخیرہ ظاہرنہ کیا تو کارروائی ہوگی، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی نہ کرنیوالے افسران خودکارروائی کا سامنا کریں گے۔

    یاد رہے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز پر 15 ارب کا پیکج دیا۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ آٹے اور چینی کی سرکاری قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے اشیائے خورونوش کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں سےسختی سے نمٹنے کی ہدایت کی۔

  • اقوام متحدہ نے نوجوانوں کے لیے حالیہ اقدامات کو مثبت پیش رفت قرار دے دیا

    اقوام متحدہ نے نوجوانوں کے لیے حالیہ اقدامات کو مثبت پیش رفت قرار دے دیا

    اسلام آباد: اقوام متحدہ نے نوجوانوں کے لیے حالیہ حکومتی اقدامات کو مثبت پیش رفت قرار دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومتی کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا، اقوام متحدہ نے نوجوانوں کے لیے حالیہ اقدامات کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں سیکریٹری جنرل نے نوجوانوں کے لیے شروع کیے گئے پروگرامز کو سراہا۔

    یو این سیکریٹری جنرل نے نوجوانوں کی تعمیر و ترقی کے لیے پاکستان سے تعاون کی پیش کش کی، انتونیو گوتریس نے ملاقات میں کہا کہ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کے روزگار کا بہترین منصوبہ ہے، اقوام متحدہ ایسے منصوبوں میں تعاون کا خواہاں ہے، یو این پلیٹ فارم پاکستانی نوجوانوں کی ترقی کے لیے پہلے بھی اشتراک کرتا رہا ہے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے یو این کی جانب سے تعاون کی پیش کش کا خیر مقدم کیا، اور کہا کہ نوجوانوں کے لیے یہ جامع پروگرام وزیر اعظم کی ہدایت پر ترتیب دیا گیا ہے، اس کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو روزگار دے کر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، یہ ہنر اور تربیت کی فراہمی کے لیے سب سے بڑا اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام ہے، اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر نوجوان طبقے کے لیے اہم اقدامات کریں گے۔

  • غریب طبقے پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے، وزیراعظم

    غریب طبقے پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جتنا ہو سکے غریب طبقے پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے، اسمگلنگ ،ذخیرہ اندوزی کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی میں کمی پر اجلاس ہوا جس میں اسد عمر،خسرو بختیار، عبدالحفیظ شیخ، رزاق داؤد، فردوس عاشق اعوان سمیت متعلقہ وفاقی سیکریٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام،ممکنہ حد تک کمی حکومتی ترجیح ہے،حکومت کی تمام تر توجہ غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے بنیادی اشیائے ضروریہ مناسب قیمت پر میسر آئیں، جتنا ہو سکے غریب طبقے پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کے اسٹاک کاحقیقی ڈیٹا ،طلب و رسد کے درست تخمینے پر توجہ دی جائے، بنیادی اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی انتظامات کرنے کے ساتھ اسمگلنگ ،ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی،روک تھام پرخصوصی توجہ دی جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتیں گندم کی قیمتوں میں کمی کے لیے تجاویز پر فوری طور پرغور کریں، تجاویز کی روشنی میں جامع پالیسی کا باقاعدہ اعلان کیا جائے۔

  • حکومت کا ملائیشیا کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑا معاہدہ

    حکومت کا ملائیشیا کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑا معاہدہ

    اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق حکومت کی ایک اور محنت رنگ لے آئی ہے، وزارت اوورسیز پاکستانیز اور سوشل سیکورٹی ملائیشیا میں اہم معاہدہ طے پا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت اوورسیز پاکستانیز اور ملائیشیا کی سوشل سیکورٹی کے درمیان اہم معاہدہ طے پا گیا، پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ اور سی ای او ملائیشین سوشل سیکورٹی نے معاہدے پر دستخط کیے، یہ تقریب سوشل سیکورٹی ملائیشیا کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی۔

    وزارت اوورسیز کے مطابق پاکستانی محنت کشوں کی ملائشین سوشل سیکورٹی میں رجسٹریشن کا آغاز ہو گیا ہے، اب ملائشین ایمپلائرز پاکستانی محنت کشوں کی معلومات ملائشین سوشل سیکورٹی کو دیں گے، حادثے کی صورت میں پاکستانی محنت کشوں کو مفت طبی و مالی امداد ملے گی جب کہ انتقال کی صورت میں اہل خانہ کو تاحیات ماہانہ وظیفہ ملے گا۔

    وزارت اوورسیز کا کہنا ہے کہ سالانہ 15 ہزار پاکستانی کام کی غرض سے ملائیشیا جاتے ہیں، ملائیشیا میں کام کرنے والے 82000 پاکستانی اس اہم معاہدے سے مستفید ہوں گے۔ سوشل سیکورٹی ملائیشیا کے سی ای او نے کہا کہ پاکستان کی ملائیشیا میں محنت کشوں کی فلاح و بہبود پر سنجیدگی قابل ستائش ہے۔

    معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے اس معاہدے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا تحفظ اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم کے دورہ ملائیشیا میں اس معاہدے کی یاد دہانی کی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے۔

  • ترقیاتی منصوبے زیادہ ٹیکس دینے والے شہریوں کے نام کرنے کا فیصلہ

    ترقیاتی منصوبے زیادہ ٹیکس دینے والے شہریوں کے نام کرنے کا فیصلہ

    سیالکوٹ: ملک بھر میں ٹیکس نظام کی بہتری کے لیے نئی مہم شروع کرنے کا منصوبہ، ترقیاتی منصوبے زیادہ ٹیکس دینے والے شہری کے نام سے منسوب کیے جائیں گے، منصوبوں کا افتتاح بھی سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہری کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الحق کے انتقال پر دلی دکھ ہوا ہے، نوجوان پروگرام کی ذمہ داری نعیم الحق کی وجہ سے مجھے سونپی گئی۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نعیم الحق وزیر اعظم عمران خان اور پارٹی کے وفادار ساتھی تھے، نعیم الحق کو خریدنے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے ضمیر فروشی نہیں کی۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں کمزور معیشت ملنے کے باوجود ہم نے ترقیاتی کام جاری رکھے، پانی کے منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔ سول اسپتال کے آئی سی یو میں 4 وینٹی لیٹر بیڈ لگائے گئے ہیں۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبے ٹیکس دہندہ کے پیسوں سے مکمل کیے جاتے ہیں، ٹیکس دہندہ کو کبھی وہ عزت نہیں دی گئی جو دینی چاہیئے، پاکستان کے ٹیکس دہندہ اس ملک کا اثاثہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ محسوس ہو رہا ہے ٹیکس ہدف سے کم اکٹھا ہوگا، 70 ہزار ٹیکس فائلرز کو سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں ٹیکس نظام کی بہتری کے لیے شہر، دیہات اور گلی محلوں تک نئی مہم شروع کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، ترقیاتی منصوبوں کو زیادہ ٹیکس دینے والے کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر مہم کا آغاز سیالکوٹ سے کیا جائے گا۔ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہری کرے گا۔

    منصوبے کے مطابق گلیوں اور سڑکوں سے لے کر ہر ترقیاتی منصوبے پر ٹیکس پیئر کے نام کی تختی ہوگی۔ مذکورہ منصوبے پر عملدر آمد ایف بی آر اور نادرا کے اشتراک سے کیا جائے گا، دونوں ادارے گلی محلے کی سطح پر بھی ٹیکس دہندگان کی شناخت کریں گے۔

    عثمان ڈار کے مطابق مہم کا آغاز گلی، وارڈ، یونین کونسل اور شہرکی سطح پر بیک وقت ہوگا۔ مقامی افراد کو اپنے اپنے شہروں کی ترقی کا شراکت دار بنائیں گے۔

  • وزیراعظم کا سرکاری ملازمین کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کا اعلان

    وزیراعظم کا سرکاری ملازمین کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کا اعلان

    اسلام آباد: وزیراعظم نے نے سول سروسز افسران کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کا اعلان کردیا ، جس کے تحت اب ترقی بہترین کاکردگی کی بنیاد پر ہوگی اور 20 سال کی ملازمت مکمل کرنے والے سرکاری ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لازمی قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی منشور میں کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کر دیا اور بیوروکریسی کے نظام میں انقلابی تبدیلیوں کی منظوری دے دی۔

    وزیراعظم کی جانب سے سول سرونٹس آف پاکستان کے قوانین میں بڑی اصلاحات کر دی گئیں، جس کے تحت سول سرونٹس کی ترقی اب بہترین کاکردگی کی بنیاد پر ہوگی اور ان کا 20 سال بعد لازمی ریویو ہو گا۔

    20 سال کی ملازمت مکمل کرنے والےسرکاری ملازمین کی کارکردگی کاجائزہ لازمی قرار دیا گیا ہے اور کہا گیاسینئر سیکرٹریز اورایف پی ایس کےچئیرمین پرمشتمل ایویلیویشن بورڈ بنایا جائے گا، سول سرونٹ کی ملازمت برقرار رہ سکے گی یا نہیں فیصلہ بورڈ کرے گا جبکہ بورڈ کے عدم اطمینان کی صورت میں افسر کو ریٹائرکیا جا سکے گا۔

    اے سی آر میں بہتر رینکنگ بھی کارکردگی سے مشروط کردی گئی ہے، 20 اور 21گریڈ میں ترقی کے لیے20 فیصد افسران اہل ہوں گے ، گریڈ 21 میں ترقی کے لیےصوبے سے باہر سروس کرنا ضروری ہوگا اور مردوں کوپہلے5 سال خواتین کو3 سال دوسرے صوبوں میں سروس کرنا ہو گی۔

    جوسول سرونٹ ایک صوبے میں 10برس سےزیادہ قیام کرےگااسےترقی نہیں ملےگی جبکہ 19 سے20گریڈمیں ترقی کے لیے افسران کی ہارڈ ایریاز میں سروس لازمی کرنی ہوگی۔

    سول سروس اصلاحات کے تحت ایفی شینسی اینڈ ڈسپلن رولز بھی بنائے گئے ہیں، جس کے مطابق بے ضابطگی کی تحقیقات کرنے والا انکوائری افسر 60 دن میں رپورٹ جمع کرانےکاپابندہوگا، اگر رپورٹ درست نہیں ہوگی تو انکوائری افسر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

  • پاکستانی مصورہ رابعہ ذاکر کا ترک صدر کے لیے خوب صورت تحفہ

    پاکستانی مصورہ رابعہ ذاکر کا ترک صدر کے لیے خوب صورت تحفہ

    اسلام آباد: مصورہ رابعہ ذاکر نے ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کا شان دار پورٹریٹ تیار کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستانی مصورہ رابعہ ذاکر نے دورے پر آنے والے ترک صدر کا پورٹریٹ تیار کر لیا ہے، جو رجب طیب اردوان کو تحفتاً پیش کیا جائے گا۔

    ترک صدر رجب طیب اردوان کے اس پورٹریٹ کی تیاری میں ایک ہفتہ لگا، رابعہ ذاکر نے ترک صدر کی پینٹ کوٹ میں آفیشل تصویر کو کینوس میں اتارا، پورٹریٹ ترک صدر کو دورہ پاکستان پر عوام کی طرف سے بہ طور تحفہ پیش کیا جائے گا۔

    رابعہ ذاکر ترکی پیس آرٹ کی مڈل ایسٹ کی نائب صدر بھی ہیں، پاکستانی مصورہ نے ترک صدر کے پورٹریٹ کو پاکستانی عوام کی جانب سے تحفہ قرار دے دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہم ترک قوم کو محبت کا جواب محبت میں دیں گے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا کہ میرا تیار کردہ پورٹریٹ ترک صدر کو دورہ پاکستان کی یاد دلائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں برطانوی پرنس ولیم اور کیٹ میڈلٹن جب پاکستان کے دورے پر آئے تھے تو رابعہ ذاکر نے ان کی شادی کا پورٹریٹ تیار کر کے انھیں تحفے میں پیش کیا تھا، پورٹریٹ میں رائل چہروں کے خال و خد واضح کرنے کے لیے مصورہ کو یورپی آرٹسٹ سے مشاورت کرنا پڑی تھی۔

    اس سے قبل مارچ 2019 میں پاکستانی آرٹسٹ رابعہ ذاکر نے شہزادہ محمد بن سلمان کا پورٹریٹ بھی تیار کیا تھا، یہ تحفہ سعودی سفارت خانے میں سفیر نے وصول کیا تھا۔

  • توہین آمیز مواد کی روک تھام، حکومت کا سوشل میڈیا کمپنیز سے معاہدہ طے

    توہین آمیز مواد کی روک تھام، حکومت کا سوشل میڈیا کمپنیز سے معاہدہ طے

    اسلام آباد: حکومت پاکستان کی مسلسل کاوشیں رنگ لے آئیں جس کے بعد سوشل میڈیا کمپنیز نے اپنے پلیٹ فارم سے توہین آمیز مواد فوری ہٹانے کی یقین دہانی کرادی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب سے حکومت کے معاملات طے پاگئے، جس کے تحت تین بڑی کمپنیوں نے توہین آمیزمواد کو سوشل میڈیا سےفوری ہٹانے پر رضا مندی ظاہر کردی۔

    حکومت پاکستان کی جانب سے مقدس ہستیوں کی توہین سے متعلق مواد کی روک تھام کے لیے کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا، جس کے بعد سے حکام کمپنیوں کو قائل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق حکومت نے نیا سسٹم متعارف کرایا جس کے تحت توہین آمیز مواد کی آن لائن روک تھام کو نہ صرف یقینی بنایا جائے گا بلکہ ایسی ویڈیوز کو انٹرنیٹ سے حذف کیا جائے گا اور متعلقہ شخص کے خلاف پاکستانی قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    اس ضمن میں حکومت نے ’ایس آر او‘ جاری کیا جس کا اطلاق 21 جنوری سے شروع ہوگیا، جس کے تحت سوشل میڈیا کمپنیاں پاکستانی قوانین کی پابند ہوں گی اور وہ اپنے دفاتر پاکستان میں کھولیں گی۔

    ایس آر او کے مطابق اگر توہین آمیزمواد شکایت درج کرنے کے باوجود بھی نہ ہٹایا گیا تو حکومت پاکستان کی جانب سے کمپنیوں پر پچاس کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

  • پاکستان کا فی الحال چین سے طلبا کے انخلا کا کوئی منصوبہ نہیں، زلفی بخاری

    پاکستان کا فی الحال چین سے طلبا کے انخلا کا کوئی منصوبہ نہیں، زلفی بخاری

    اسلام آباد : معاون خصوصی زلفی بخاری نے فرانسیسی سفیرمارک بریٹی سے ملاقات میں کہا پاکستان کا فی الحال چین سے طلبا کے انخلا کا کوئی منصوبہ نہیں ہے،  پاکستان میں کوئی بھی وبا تباہ کن ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی زلفی بخاری سے فرانسیسی سفیرمارک بریٹی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں خطے کے سیاسی اور اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومتوں کی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    فرانسیسی سفیر نے کہا فرانس احتیاط کیساتھ ووہان سے شہریوں کے انخلا پر کام کررہاہے، فرانس میں موسم سرما کے فلوکی وجہ سے 15 ہزار افراد ہلاک ہوتے ہیں۔

    اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کا فی الحال طلبا کے انخلا کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، حکومت اپنے 220 ملین لوگوں کے تحفظ کی ذمہ دار ہے، پاکستان میں کوئی بھی وبا تباہ کن ہوسکتی ہے، کرونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لئے مالی اعانت منظور کرلی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کے حوالے سے زلفی بخاری کی چینی سفیر سے اہم ملاقات

    گذشتہ روز معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کی چین کے سفیر یاؤ ژنگ سے ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں کرونا وائرس سے متاثرہ چینی شہر ووہان میں پاکستانی طلبا کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا تھا۔

    زلفی بخاری نے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین میں موجود پاکستانیوں کی واپسی تک تمام ہم وطنوں کا خصوصی خیال رکھا جائے، اسپیشل کیسز کی صورت میں چینی حکومت خصوصی تعاون کرے، سفارتخانے کے اہلکاروں اور پاکستانی شہریوں میں رابطے آسان بنائے جائیں۔

    زلفی بخاری نے صورتحال کی خود نگرانی کے لیے چین جانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا خواہش ہے مشکل وقت میں ہم وطنوں کے پاس جاؤں۔

    چینی سفیر یاؤ ژنگ کاکہنا تھا کہ آپ کی سوچ قابل تعریف ہے مگر ابھی وہاں جانا مناسب نہیں، ہم وطنوں کے لیے آپ کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

  • سٹیزن پورٹل پر بھائی کی شکایت پر 29 سال بعد بہن کی پاکستان واپسی

    سٹیزن پورٹل پر بھائی کی شکایت پر 29 سال بعد بہن کی پاکستان واپسی

    اسلام آباد: سٹیزن پورٹل پر وزیر اعظم آفس کے بر وقت ایکشن کی وجہ سے 29 سال بعد خاتون کی پاکستان واپسی ممکن ہو سکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل پر شہری کی شکایت پر وزیراعظم آفس نے بر وقت ایکشن لے لیا، جس کی وجہ سے جرمنی میں رہنے والی پاکستان کی بیٹی کی 29 سال بعد وطن واپسی ممکن ہو سکی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شاہد نامی شہری اپنی بہن کے لیے 29 سال تک ویزے کے حصول کی کوشش کرتا رہا، تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکا، شاہد کو ویزے کے حصول میں مشکلات آڑے آتی رہیں اور کسی بھی حکومت میں ان کی داد رسی نہیں ہوئی۔

    شہری شاہد حسین کا کہنا تھا کہ انھوں نے پاکستان سٹیزن پورٹل میں درخواست دی تو سالوں کا کام دنوں میں ہو گیا، رشوت دینا پڑی نہ دفتروں کے چکر کاٹنا پڑے، ایک درخواست ہی پر کام ہو گیا، پورٹل انتظامیہ خود رابطہ کر کے دستاویزات مانگتی رہی، ویزا بھی دلوایا۔

    پاکستان سٹیزن پورٹل پرعوامی شکایات کا ازالہ، پانچ ماہ قبل اغوا کی گئی لڑکی بازیاب

    شاہد حسین نے کہا کہ ان کی بہن نے 29 سال بعد ارض پاک پر قدم رکھا، ہم بہت خوش ہیں، اور وزیر اعظم عمران خان اور سٹیزن پورٹل ٹیم کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ان کی بہن جرمنی سے ہر ملک کا سفر کر سکتی تھیں لیکن پاکستان نہیں آ سکتی تھیں، کسی تکنیکی وجہ سے ان کا ویزا روکا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایت کے بعد 5 ماہ سے اغوا کی گئی لڑکی بھی بازیاب کرائی گئی تھی، پورٹل پر لڑکی کی والدہ نے شکایت درج کرائی تھی، شکایت کے بعد لڑکی بازیاب کرائی گئی اور دو سال تک لڑکی کو بلیک میل کرنے والا نوجوان بھی گرفتار کر لیا گیا۔