Author: عبدالقادر

  • پاکستان اور ملائیشیا کی حکمران جماعتوں کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز

    پاکستان اور ملائیشیا کی حکمران جماعتوں کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز

    پترا جایا: وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ ملائیشیا کے دوران اہم پیشرفت ہوئی، پاکستان اور ملائیشیا کی حکمران جماعتوں کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کے دورہ ملائیشیا کے دوران اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پاکستان تحریک انصاف اور ملائیشیا کی حکمران جماعت کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

    معاہدے کے تحت پاکستان اور ملائیشین حکمران جماعتیں اعلیٰ ترین سطح پر روابط کے مستقل قیام پر متفق ہوگئیں، معاہدے میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کے مابین اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

    معاہدے کے مطابق دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون و اشتراک آگے بڑھایا جائے گا، سماجی سطح پر علوم و تجربات کے تبادلے کے لیے بھی مشترکہ اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    دونوں جماعتوں کے درمیان مشترکہ پروگرامز کے اہتمام پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا۔

    معاہدہ وزیر اعظم عمران خان اور مہاتیر محمد کی موجودگی میں ہوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بطور وائس چیئرمین تحریک انصاف معاہدے پر دستخط کیے جبکہ ملائیشین ڈپٹی وزیر خارجہ اور ملائیشین حکمراں جماعت، ملائیشین یونائیٹڈ انڈیجینس کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مرزوکی یحییٰ نے معاہدے پر دستخط کیے۔

    وزیر اعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کی جانب سے پاکستان اور ملائشیا کی حکمران جماعتوں کے مابین معاہدے پر نہایت مسرت و اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ دونوں جماعتوں کے درمیان تعاون و اشتراک کے حوالے سے گرمجوشی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ملائیشیا میں ہیں جہاں ان کی ملاقات ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ہوئی۔

    اس دوران پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ، مذاکرات میں تجارت، معیشت اور سیاحت کے شعبوں کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔

    دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا جبکہ دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی بات ہوئی۔

  • سعودی عرب میں گرفتار پاکستانی خاتون کی 4 سالہ بچی کو وطن واپس بھیجنے کی اجازت

    سعودی عرب میں گرفتار پاکستانی خاتون کی 4 سالہ بچی کو وطن واپس بھیجنے کی اجازت

    اسلام آباد: ہیروئن اسمگلنگ کے جرم میں سعودی عرب میں گرفتار سوات کی خاتون کی 4 سالہ بچی آج پاکستان پہنچا دی جائے گی، خاتون کو عمر قید یا سزائے موت سنائے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوات کی رہائشی خاتون رانی بی بی کو ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش میں سعودی عرب میں گرفتار کرلیا گیا تھا اور انہیں جدہ میں عمر قید یا سزائے موت سنائے جانے کا امکان ہے۔

    رانی بی بی مئی 2019 میں 4 سالہ بچی کے ہمراہ جدہ روانہ ہوئی تھیں، سعودی حکام نے جدہ ائیرپورٹ پر ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہونے پر انہیں گرفتار کیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر معاون خصوصی زلفی بخاری اور وزارت اوور سیز نے سعودی حکام سے رابطے کیے جس کے بعد 4 سالہ ایمان کو سعودی عرب سے پاکستان لانے کی اجازت مل گئی۔

    ماں کو جیل بھیجے جانے کے بعد ایمان کو سوشل پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ منتقل کردیا گیا تھا۔ اب ننھی ایمان کی جدہ کی جیل میں ماں سے الوداعی ملاقات کروا دی گئی اور اسے پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

    ایمان آج رات 9 بجے جدہ سے پاکستان پہنچے گی۔ ایمان کو پشاور ائیرپورٹ پر اس کے انکل کے حوالے کیا جائے گا۔

    معاون خصوصی زلفی بخاری نے حکام کو بچی کی مکمل دیکھ بھال، تعلیمی ضروریات کی تکمیل اور بہتر ماحول فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

  • زلفی بخاری کی کوشش رنگ لے آئیں، سعودی کمپنی نے پاکستانیوں کے واجبات ادا کردیے

    زلفی بخاری کی کوشش رنگ لے آئیں، سعودی کمپنی نے پاکستانیوں کے واجبات ادا کردیے

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کی کاوش اور جہدوجہد سے بن لادن کمپنی نے 300 پاکستانیوں کے 7 لاکھ ریال کے واجبات ادا کردیے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز  عبدالقادر کے مطابق سعودی کمپنی بن لادن میں ملازمت کرنے والے پاکستانی مزدوروں کے واجبات کمپنی کی جانب سے روک دیے گئے تھے جس کے بعد وزیراعظم کےمعاون خصوصی زلفی بخاری کی مسلسل کوششیں کیں۔

    معاون خصوصی اور وزارتِ اوورسیز پاکستانیوں کی کاوشوں اور جہدوجہد کے بعد بن لادن کمپنی نے 300 سے زائد پاکستانی مزدوروں کے تقریباً 7 لاکھ ریال کے واجبات ادا کر دئیے۔

    وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے تنخواہوں اور واجبات کی عدم ادائیگی کامعاملہ کمپنی حکام کے ساتھ اٹھایا تھا، جس کے بعد انہوں نے واجبات جلد ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

    وزارت اوورسیز پاکستانی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستانی مزدوروں کے واجبات کے چیک مزدوروں کے خاندانوں کو دے دیے گئے، رقوم اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے ذریعے تقسیم کی گئیں، کمرشل ویلفیئر اتاشی مسلسل بن لادن کمپنی کے ساتھ رابطے میں تھے۔

  • وزیراعظم کا دورہ ملائیشیا کے لیے بھارتی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

    وزیراعظم کا دورہ ملائیشیا کے لیے بھارتی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے دورہ ملائیشیا کے لیے بھارت کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم کل 2 روزہ دورے پر ملائیشیا روانہ ہوں گے، دورے سے قبل وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی فضائی حدود استعمال نہیں کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کی فضائی حدود استعمال کرنے سے سفر 4 سے 5 گھنٹے طویل ہوجائے گا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی حدود استعمال نہ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر کیا گیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کل خصوصی طیارے پر ملائیشیا روانہ ہوں گے جہاں وہ ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کریں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ملائیشین وزیراعظم کی مشترکہ پریس بریفنگ بھی ہوگی، وزیراعظم ملائیشیا میں تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے۔

    عائشہ فاروقی کے مطابق وزیراعظم کے دورے کے دوران دو طرفہ معاہدے بھی کیے جائیں گے، وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں گے۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان اس سے قبل بھی ملائیشیا کا دورہ کرچکے ہیں۔

  • ارکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ غیرمناسب ہے، اسد قیصر

    ارکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ غیرمناسب ہے، اسد قیصر

    اسلام آباد: اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے مطالبہ پر اسپیکر قومی اسمبلی کا رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے یہ بل بالکل ہی غیر مناسب ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز عبدالقادر سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک ابھی معاشی بحران سے پوری طرح نہیں نکلا، اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے یہ وقت مناسب نہیں ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں وقت لگے گا، وزیر اعظم پاکستان عمران کے وژن کے مطابق ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے حکومت کفایت شعاری پر عمل پیرا ہے۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی مربوط معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک معاشی بحران سے آہستہ آہستہ باہر نکل رہا ہے، تنخواہوں میں اضافے  سے ملکی خزانے پر بھاری بوجھ پڑے گا۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ اراکین پارلیمنٹ کو چاہیے کہ وہ تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ تب کریں جب  ملکی خزانہ اس بوجھ کو برداشت کرنے کے قابل ہوجائے۔

    یاد رہے کہ اراکین سینیٹ اور قومی اسمبلی کی جانب سے بل لانے کی تیاری کی جارہی ہے جس میں انہوں نے بڑھتی مہنگائی کو بنیاد بنا کر اپنی تنخواہوں میں چار سو فیصد اضافے کا مطالبہ کریں گے۔

    دوسری جانب تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی نے بھی تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے کو یکسر مسترد کردیا۔

  • عوام کیلئے ریلیف،  وزیراعظم عمران خان کا بڑی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

    عوام کیلئے ریلیف، وزیراعظم عمران خان کا بڑی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے چینی برآمدکرنے پر پابندی عائدکرنےکافیصلہ کرلیا، ٹیکس اور امپورٹ ڈیوٹی کے بغیر درآمد ملکی پیداوار کے مقابلے چینی سستے نرخ پر دستیاب ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق عوام کی مشکلات کے پیش نظر وزیراعظم نے چینی برآمدکرنے پر پابندی عائد کرنے کا بڑا فیصلہ کرلیا ہے ، قیمت میں اضافے،مصنوعی قلت کے تدارک کیلئےفیصلہ کیاگیا ہے۔

    وزیراعظم کی جانب سے 1100ملین ٹن چینی کےباقی ماندہ کوٹےکی برآمد نہ کرنے کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی سے رجوع کرنے اور وفاقی سطح پر کامرس ڈویژن کو3لاکھ ملین ٹن چینی درآمد کرنے کا کہا گیا ہے۔

    فیصلے کے بعد ٹیکس اور امپورٹ ڈیوٹی کے بغیر درآمد ملکی پیداوار کے مقابلے چینی سستے نرخ پر دستیاب ہوگی۔

    ادارہ شماریات کے مطابق چینی کی ہفتہ وارقومی ریٹیل پرائس79.06روپےفی کلوہے اور عالمی تنظیموں کےمطابق یہ قیمت اس وقت62.60 روپے فی کلو گرام ہے۔

    دوسری جانب  چینی کی قیمت میں پھر اضافہ ہوگیا اور چینی کی سوکلو کی بوری کی ایکس مل قیمت 7800 روپےہوگئی ، بوری کی قیمت 2روز میں200 روپے بڑھی۔

    پرچون مارکیٹ میں چینی82 روپےفی کلو سے تجاوزکرگئی ہے جبکہ مارکیٹ ڈیلرز نے چینی کی قیمتوں میں مزیداضافےکاخدشہ  ظاہر کردیا ہے۔

  • نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی سے متعلق حکومت کا ایک اور بڑا فیصلہ

    نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی سے متعلق حکومت کا ایک اور بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نوجوانوں کا ایک اور درینہ مطالبہ پورا کرنے جا رہی ہے، اس سلسلے میں اسلامی بینکنگ کے تحت نوجوانوں کو قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق وفاقی حکومت نے نوجوانوں کو اسلامی بینکاری کے تحت قرضوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے، آج گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کی اس سلسلے میں اہم ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں نوجوانوں کو اسلامی بینکنگ کے ذریعے قرضوں کی فراہمی پر حکمت عملی طے کی گئی، کامیاب جوان پروگرام کا اسلامی بینکنگ پر مشتمل مرحلہ بھی اپریل سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس پروگرام کے لیے تمام نجی بینکوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

    کامیاب جوان پروگرام کے بعد کامیاب دکاندار پروجیکٹ شروع کریں گے: عثمان ڈار

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے اسلامی بینکنگ کے تحت قرض کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا، گورنر اسٹیٹ بینک اور اسٹیک ہولڈرز سے اس سلسلے میں مشاورت مکمل کر لی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کے تحت دی گئی درخواستوں کی اسکروٹنی جاری ہے، دوسرے مرحلے میں نوجوان اسلامی بینکنگ کے تحت قرض حاصل کر سکیں گے، جب کہ کامیاب درخواست گزاروں کو قرض کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے۔

  • وزیر اعظم کا سرکاری اداروں کو فعال بنانے کا مشن، اہم رپورٹ پیش

    وزیر اعظم کا سرکاری اداروں کو فعال بنانے کا مشن، اہم رپورٹ پیش

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کو وزارتوں اور ذیلی اداروں میں زیر التوا انکوائریز پر رپورٹ پیش کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایم ڈلیوری یونٹ نے وزیر اعظم کی ہدایت پر وزارتوں اور اداروں کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ زیر التوا انکوائریز کی رپورٹ پر وزیر اعظم آفس کو 90 روز میں کارروائی کی رپورٹ پیش کی جائے۔

    وزیر اعظم کو پیش کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تمام انکوائریز وزارتوں اور ذیلی اداروں کی سطح پر زیر التوا ہیں، ان میں فنانس ڈویژن 316 زیر التوا انکوائریز کے ساتھ سر فہرست ہے، جب کہ زرعی ترقیاتی بینک کی 237 انکوائریز زیر التوا ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق پوسٹل سروس کی 184، پاور ڈویژن کی 193 انکوائریز، وزارت داخلہ کی 110، انڈسٹریز پروڈکشن کی 245 انکوائریز زیر التوا ہیں، یہ انکوائریز کارکردگی اور نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں پر مبنی ہیں، 14 جنوری کو پی ایم ڈی یو نے کابینہ میں بھی رپورٹ پیش کی تھی۔

    ادارے اتنے مضبوط کر دوں گا جتنے پہلے کبھی نہیں ہوئے: وزیر اعظم

    رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ زیر التوا انکوائریز پرموشن، ٹریننگ، اور بہتر کارکردگی کے راستے میں رکاوٹ ہیں، 2001 سے یہ انکوائریز زیر التوا ہیں جن کو نظر انداز کیا گیا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے پر مسلسل توجہ مرکوز کر رہے ہیں، اس سلسلے میں ان کی حکمت عملی کے نتائج بھی سامنے آنے لگے ہیں، گزشتہ ماہ وزراتِ مواصلات نے کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی آمدن میں 25 ارب 80 کروڑ روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم ہاؤس میں معروف قانون دان بابر اعوان کے ساتھ ملاقات میں انھوں نے اپنے اس عزم کو دہرایا تھا کہ وہ ملکی ادارے اتنے مضبوط کر دیں گے جتنے پہلے کبھی نہیں ہوئے۔

  • ادارے اتنے مضبوط کر دوں گا جتنے پہلے کبھی نہیں ہوئے: وزیر اعظم

    ادارے اتنے مضبوط کر دوں گا جتنے پہلے کبھی نہیں ہوئے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ملکی ادارے اتنے مضبوط کر دیں گے جتنے پہلے کبھی نہیں ہوئے۔

    یہ بات انھوں نے معروف ماہر قانون بابر اعوان کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کے دوران کہی، اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں اہم ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    بابر اعوان نے وزیر اعظم عمران خان کو مختلف آئینی، قانونی اور سیاسی امور پر بریفنگ بھی دی، بابر اعوان نے کہا کہ حکومت نے معاشی حالات میں بہتری کے لیے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ بر وقت ہیں، قومی اور عالمی سطح پر معیشت کے مثبت اعشاریے بھی حوصلہ افزا ہیں، حالات میں بہتری کے ثمرات عوام تک جلد پہنچ جائیں گے۔

    ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی ترجیحات پر گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ وہ ادارے اتنے مضبوط کر دیں گے جتنے پہلے کبھی نہیں ہوئے، ٹرانسپیرنسی، احتساب، شفافیت اور ریفارمز ان کی سب سے بڑی ترجیحات ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان آج ‘احساس کفالت پروگرام’ کا آغاز کریں گے

    اداروں سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ اداروں کا نام ریاست بھی ہے اور جمہوریت بھی، بڑے کرپٹ جب ملک لوٹیں گے تو پکڑے بھی جائیں گے، احتساب کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود بھی حکومت کی ترجیح ہے، جس کے لیے احساس پروگرام لایا گیا، اس کے تحت نچلے طبقے کو اوپر اٹھائیں گے۔

    خیال رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان احساس کفالت پروگرام کا افتتاح کریں گے، پروگرام کے تحت بیوہ خواتین سمیت نادارافراد کی مالی امداد اور انتہائی مستحق افراد کو 2 ہزار روپے ماہانہ رقم دی جائے گی۔

  • یو اے ای کا پاکستانی نوجوانوں کے لیے 200 ملین ڈالرز کی رقم دینے کا اعلان

    یو اے ای کا پاکستانی نوجوانوں کے لیے 200 ملین ڈالرز کی رقم دینے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام کی عالمی سطح پر زبردست پذیرائی دیکھنے میں آ رہی ہے، یو اے ای حکومت نے پاکستان کو اس پروگرام میں تعاون کی بڑی پیش کش کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے یو اے ای سفیر حماد عبید ابراہیم نے ملاقات کر کے پاکستانی نوجوانوں کے لیے 200 ملین ڈالرز کی رقم دینے کا اعلان کیا، رقم کا وعدہ ابوظبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان نے حالیہ دورے میں کیا تھا۔

    متحدہ عرب امارات کے سفیر نے ملاقات میں کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور صلاحیت دیکھی ہے، ہم پاکستان سے مل کر نوجوانوں کی تعمیر و ترقی کے لیے کردار ادا کریں گے، اس سلسلے میں پاکستانی نوجوانوں کے لیے عملی اقدامات کا آغاز جلد کیا جا رہا ہے۔

    دریں اثنا، یو اے ای نے پاکستان کے ساتھ یوتھ ایکس چینج پروگرام شروع کرنےکا بھی اعلان کیا، ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستانی نوجوانوں کا وفد تربیت کے لیےمتحدہ عرب امارات بھیجا جائے گا، جہاں انھیں انٹرنشپ سمیت آرٹیفشل انٹیلی جنس مہارت سکھائی جائے گی، یواے ای نے پاکستانی نوجوانوں کو دبئی ایکسپو 2020 میں بھی شراکت داری کی پیش کش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ دبئی ایکسپو میں پاکستانی نوجوانوں کو خصوصی پویلین دیے جائیں گے۔

    سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نوجوانوں کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، مستقبل میں ہنرمند نوجوانواں کو شان دار مواقع فراہم کریں گے۔ معاون خصوصی عثمان ڈار نے پروگرام میں تعاون کی پیش کش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق نوجوان طبقے کو اوپر اٹھانا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں پر خطیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، نوجوان آنے والے برسوں میں ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی بنیں گے۔