Author: عبدالقادر

  • جہانگیرترین نے دو اینکر پرسنز  پر ہتک عزت کا دعویٰ کردیا

    جہانگیرترین نے دو اینکر پرسنز پر ہتک عزت کا دعویٰ کردیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیرترین نے اینکروسیم بادامی اور شاہ زیب خانزادہ پر ایک ارب روپے کا ہتک عزت کا دعویٰ کردیا اور کہا 14دن میں معافی نہ مانگنے پر قانونی کارروائی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیرترین نے اینکروسیم بادامی اور شاہ زیب خانزادہ پر ہتک عزت کادعویٰ کردیا اور جس میں کہا گیا کہ دونوں اینکرزنےمیری ساکھ کونقصان پہنچانےکی کوشش کی، 14دن میں معافی نہ مانگنےپرایک ارب ہرجانےپر قانونی کارروائی کریں گے۔

    یاد رہے دو روز قبل جہانگیر ترین  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ  پنجاب میں ہماری حکومت مضبوط ہے اور حکومت پانچ سال پورے کرے گی، کمزور حکومت کا شورو واویلا صرف میڈیا کی حد تک ہے، میڈیا والے شام کو چینلوں پر بیٹھ کر حکومت جانے کی بات کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا تھا  اتحادیوں کے ساتھ ہماری بات طے ہوگئی اگلے ہفتے ناراض اتحادی کابینہ میں واپس آجائیں گے۔

    مزید پڑھیں : کمزور حکومت کا شورو واویلا صرف میڈیا کی حد تک ہے ، جہانگیر ترین

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی پچھلی حکومت کی وجہ سے ہوئی ہے، سابقہ حکومت نے مصنوعی طور پر ڈالر،گیس اور بجلی کے ریٹس کو روکے رکھا۔

    انھوں نے مزید کہا  تھاکہ نواز شریف ملک میں واپس نہیں آئیں گے، ملکی نظام کی بہتری کیلئےلوکل باڈیز الیکشن 2020 میں ہی ہوں گے، ایک سوال کے جواب میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ گنے کی قیمت بڑھنے سے چینی کی قیمت بڑھی ہے

  • تحریک انصاف کے مرکزی رہنما کے گھر ڈکیتی

    تحریک انصاف کے مرکزی رہنما کے گھر ڈکیتی

    راولپنڈی: تحریک انصاف کے رہنماء انجینئر افتخار کے گھر ڈکیتی کی واردات ہوئی، مسلح افراد 25 لاکھ روپے کی نقدی لے کر فرار ہوگئے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز عبدالقادر کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات انجینئر افتخار کی رہائش گاہ میں نامعلوم ڈاکو داخل ہوئے اور انہوں نے اہل خانہ کو یرغمال بنایا۔

    ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو رسیوں سے باندھ کر گھر کا صفایا کیا اور واردات کے دوران اہل خانہ سمیت بچوں پر تشدد بھی کیا۔

    انجینئر افتخار کے مطابق ڈاکو قیمتی زیورات اور ریال کی صورت میں نقدی لے کر گئے۔ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کا بیان قلم بند کرنے کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کے بھانجے کے گھر ڈکیتی کرنے والے 3 ڈاکو گرفتار

    یاد رہے لاہور میں مقیم وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے کی رہائش گاہ میں 6 جنوری کو مسلح افراد داخل ہوئے تھے جنہوں نے اسلحے کے زور پر اہل خانہ کو لوٹ لیا تھا۔ نقاب پوش ڈاکوؤں نے خواتین سے 8 طلائی چوڑیاں اتروائیں، گھر میں موجود پستول چھینا اور چیک پر 30 لاکھ روپے کی رقم لکھ کر بھانجے کی اہلیہ سے زبردستی دستخط کروا کے فرار ہوگئے تھے۔

    بعد ازاں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے ڈکیتی میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا جنہوں نے اپنی جرم کا اعتراف بھی کیا تھا۔

  • وزیر اعظم نے پاکستان کے پہلے پیمنٹ گیٹ وے منصوبے کی منظوری دے دی

    وزیر اعظم نے پاکستان کے پہلے پیمنٹ گیٹ وے منصوبے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کے پہلے پیمنٹ گیٹ وے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے کاروباری افراد کی سہولت کے لیے نئے اقدامات شروع کر دیے ہیں، اس سلسلے میں چھوٹے پیمانے پر اشیا کی بیرون ملک ترسیل کا نظام سستا، مؤثر اور تیز بنانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق وزیر اعظم نے پاکستان کے پہلے پے منٹ گیٹ وے منصوبے کا فیصلہ کیا ہے، پے پال، منی گرام، ویزا، ماسٹر جیسی عالمی کمپنیاں اس منصوبے کے اسٹیک ہولڈر ہوں گی، یہ فیصلہ گزشتہ روز وزیر اعظم کی زیر صدارت ای کامرس اجلاس میں کیا گیا ہے۔

    پیمنٹ گیٹ وے سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد کو فائدہ ہوگا، جو بیرون ملک مارکیٹ میں اپنی اشیا فروخت کر کے آمدن حاصل کر سکیں گے، اس منصوبے کے تحت مصنوعات کی بہ آسانی اور سستی نقل و حرکت کو ممکن بنایا جائے گا۔ جب کہ پاکستان پوسٹ میں ٹریکنگ نظام مؤثر بنا کر اسے ای کامرس کے لیے استعمال کیا جائے گا، جس سے چھوٹے کاروباری اپنی اشیا کی بر وقت ترسیل یقینی بنا سکیں گے۔

    انٹرنیشنل پیمنٹ گیٹ وے کے ساتھ مرچنٹ پے منٹ گیٹ وے کی تشکیل پر بھی کام جاری ہے، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کی راہ میں حائل ہر رکاوٹ دور کرنا ہوگی، ملک میں پہلی بار موجودہ حکومت ای کامرس پالیسی پر کام کر رہی ہے، کیش آن ڈیلیوری اور ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کا نظام بھی مزید مضبوط بنائیں گے۔

  • فواد چوہدری نے وزیر اعظم کو اہم خط لکھ دیا

    فواد چوہدری نے وزیر اعظم کو اہم خط لکھ دیا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیر اعظم عمران خان کے نام ایک اہم خط لکھ کر اہم حکومتی معاملات پر نوٹس لینے کی اپیل کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں وسائل کی بہتر تقسیم کے لیے تجاویز پیش کیں، انھوں نے خط میں لکھا کہ صوبے میں ترقیاتی عمل تیز کرنے کے لیے بجٹ ریلیز کیا جائے۔

    خط میں انھوں نے لکھا کہ پنجاب فنانس ایوارڈ اضلاع تک پہنچایا جائے، اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں، اس سے صوبے کے مسائل حل ہوں گے، فواد چوہدری نے اہم معاملات پر وزیر اعظم سے نوٹس لینے کی بھی اپیل کی، وفاقی وزیر نے خط میں آئین کے آرٹیکل 140 اے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہر صوبہ انتظامی، مالی ذمہ داریاں مقامی حکومتوں کو منتقل کرنے کا پابند ہے۔

    خط میں ان کا کہنا تھا کہ صوبے مسلسل آئین کے آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، اضلاع کی سطح پر فنڈز کی منتقلی نہیں کی جا رہی، پنجاب میں شہباز شریف نے اپنے دور حکومت میں صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ نہیں دیا، شہباز شریف کے دور میں آرٹیکل 140 کی بھرپور خلاف ورزی کی گئی، بد قسمتی سے پی ٹی آئی حکومت نے بھی پی ایف سی ایوارڈ کا ابھی تک اعلان نہیں کیا۔

    خط کے متن میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آرٹیکل 140 پر عمل درامد نہ ہونے کے باعث اضلاع کو ان کا صحیح شیئر نہیں مل رہا، جس کی وجہ سے ضلعی سطح پر مسائل بڑھ رہے ہیں، عمران خان صاحب آپ ہمیشہ سے مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم پر زور دیتے رہے ہیں، مگر یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کا اجرا نہیں ہوگا، آپ سے گزارش ہے کہ آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔

    وفاقی وزیر نے خط میں اپیل کی کہ وزیر اعظم صاحب آپ صوبوں، بالخصوص پنجاب کو صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کے اجرا کا حکم جاری کریں۔

  • وزیر اعظم کی حکمت عملی کا نتیجہ، صرف ایک ادارے کی آمدن میں 25 ارب سے زائد کا اضافہ

    وزیر اعظم کی حکمت عملی کا نتیجہ، صرف ایک ادارے کی آمدن میں 25 ارب سے زائد کا اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کے اداروں میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں، این ایچ اے کی آمدن میں 25 ارب 80 کروڑ روپے کا ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی حکمت عملی کا نتیجہ سامنے آ گیا، وزراتِ مواصلات نے کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی آمدن میں 25 ارب 80 کروڑ روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔

    وزارتِ مواصلات کا کہنا ہے کہ وفاقی ادارے کے ریونیو میں پچھلی حکومت کی نسبت 66 فی صد اضافہ ہوا ہے، موجودہ حکومت میں کل ریونیو 63 ارب 61 کروڑ ہو گیا۔

    وزارتِ مواصلات کی جانب سے جاری تفصیلات سے معلوم ہوا ہے کہ احتساب کے عمل سے 11 ارب 90 لاکھ روپے بھی وصول ہو گئے ہیں، سی پیک کی اہم شاہراہوں پر کام اور مکمل مغربی روٹ کا بھی آغاز ہو چکا، اب ادارے کو خود کفیل بنانے کا بزنس پلان شروع کر دیا گیا ہے۔

    این ایچ اے کے منصوبوں میں سابق حکومتوں کے دوران اربوں کے گھپلے کا انکشاف

    جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی سادگی مہم سے اخراجات میں 29 کروڑ روپے کی کمی ہوئی ہے، زیر قبضہ ڈھائی ارب کی غیر قانونی زمین بھی واگزار کرائی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل آڈیٹر جنرل آف پاکستان کےخصوصی آڈٹ میں سابق دور حکومت میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے منصوبوں میں اربوں کے گھپلے کا انکشاف ہوا تھا، صرف لواری ٹنل منصوبے میں حکومتی خزانے کو 3 ارب 55 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا تھا۔

  • وزیراعظم کا نوٹس ، گیس صارفین کے لئے بڑا ریلیف

    وزیراعظم کا نوٹس ، گیس صارفین کے لئے بڑا ریلیف

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کےنوٹس پر کمپنی نے گیس صارفین کو بلوں میں وصول اضافی رقم واپس کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ حقیقی گیس پریشرکےمطابق بلنگ درست کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کےنوٹس پر گیس صارفین کےریلیف کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے اضافی بلوں کی مدمیں صارفین سےوصول رقم واپس کرنےکافیصلہ کرلیا گیا۔

    کم گیس پریشروالےعلاقوں میں اضافی بل بھیجنےکی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کی گئی ، صارفین کودستیاب گیس پریشر،موصول ہونے والے بلوں  کاعملی معائنہ کیا گیا ، جس میں مختلف جگہوں پرترسیلی گیس پریشربلنگ پریشرسےکم نکلے۔

    وزیراعظم نے گیس صارفین پراضافی بوجھ ڈالنےپرشدیدبرہمی کااظہار کیا ، جس کے بعد وزیراعظم کےنوٹس پرسوئی ناردرن گیس بورڈآف ڈائریکٹرکی انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ کمپنی صارفین سےوصول 513 ملین روپےکی رقم واپس کرےگی۔

    سوئی ناردرن نے فروری اور مارچ2019کیلئے50ملین صارفین کوواپس کردیے جبکہ مزید 463ملین روپےکی رقم کی واپسی کاسلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے اور  وزیراعظم کےنوٹس پرکمپنی نےحقیقی گیس پریشرکےمطابق بلنگ درست کر لی ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے آئندہ گیس بل حقیقی گیس پریشرکی بنیادپرجاری کرنے اور مختلف علاقوں میں سپلائی اورڈیمانڈکی صورتحال پرمسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

    خیال رہے کہ ملک میں سردیاں بڑھتے ہی گیس بحران نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے باعث گھروں کے چولھے بھی جلنا مشکل ہوگئے ہیں۔

  • اقتصادی ترقی کا خواب، وزیر اعظم عمران خان کی کوششیں رنگ لے آئیں

    اقتصادی ترقی کا خواب، وزیر اعظم عمران خان کی کوششیں رنگ لے آئیں

    اسلام آباد: پاکستان کے لیے معاشی میدان سے اچھی اور بڑی خبر آ گئی ہے، پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے دیکھے جانے والے خواب کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی کوششیں رنگ لے آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سی پیک کے تحت ملک کے پہلے خصوصی اقتصادی زون پر کام کا آغاز ہو گیا، وزیر اعظم آج فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا افتتاح کریں گے، ملکی و غیر ملکی کمپنیاں 400 ارب روپے کی خطیر سرمایہ کاری کریں گی۔

    اقتصادی زون کے قیام سے 3 لاکھ افراد کے لیے نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے، ابتدائی طور پر چین 125 بلین اور پاکستان 35 بلین روپے کی سرمایہ کاری کرے گا، اقتصادی زون میں ٹیکسٹائل، فارماسوٹیکل، کیمیکل کے پلانٹ لگائے جائیں گے، تعمیراتی مٹیریل، آٹو موبائل، اسٹیل اور لائٹ انجنیئرنگ کی صنعتیں بھی قائم کی جائیں گی، حکومت نے اقتصادی زون کے لیے بجلی، پانی اور گیس کی بنیادی سہولیات مہیا کر دیں۔

    ابوظبی ولی عہد کا وزیراعظم سے ملاقات میں 200 ملین ڈالرز کی سپورٹ کا اعلان

    3200 ایکڑ پر مشتمل اقتصادی زون کا پہلا فیز 2 سال میں مکمل ہوگا، مکمل تعمیراتی کام 5 سال میں پورا کر لیا جائے گا، اقتصادی زون میں ریسیکو 1122 اور سیکورٹی کی سہولیات دستیاب ہوں گی، ووکیشنل ٹریننگ انسٹییٹیوٹ اور اسکلز ڈیویلپمنٹ مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج فیصل آباد میں پناہ گاہ کا بھی افتتاح کریں گے، ڈی سی فیصل آباد وزیر اعظم کو کلین فیصل آباد پر بریفنگ دیں گے۔

  • حکومتی اقدامات کی مؤثر تشہیر، وزیر اعظم نے کمیٹی تشکیل دے دی

    حکومتی اقدامات کی مؤثر تشہیر، وزیر اعظم نے کمیٹی تشکیل دے دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی اقدامات کی مؤثر تشہیر کے لیے اسٹریٹجی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی اقدامات کی مؤثر تشہیر کے لیے وزیر اعظم نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں اسد عمر، بابر اعوان، شفقت محمود، مراد سعید اور معید یوسف کو شامل کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسٹریٹجی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج شام کو ہوگا، اجلاس میں حکومتی فلاحی اقدامات اور منصوبوں کی فہرست تیار کی جائے گی، اور حکومت کے 5 سر فہرست اقدامات کی مؤثر آگاہی کے لیے حکمت عملی طے ہوگی۔

    یہ کمیٹی سال 2020 میں میڈیا اسٹریٹجی کے لیے سفارشات بھی طے کرے گی، جنھیں وزیر اعظم کی زیر صدارت آیندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی ہے جس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، کابینہ اجلاس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورت حال پر غور ہوگا، نیشنل کالج آف آرٹس انسٹیٹیوٹ کے بل کا مسودہ پیش ہوگا، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی کے سی ای او کی تعیناتی کا معاملہ دیکھا جائے گا، اسٹیٹ بینک مالی اسٹیٹمنٹ برائے مالی سال 2018 کے اجرا کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اجلاس میں ناروے کے شہری کی پاکستان سے ناروے کو حوالگی کا معاملہ زیر غور آئے گا، وزارت داخلہ کی سہیل احمد کی برطانیہ کے حوالے کرنے کی درخواست پر غور ہوگا، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے سی ای او کی منظوری بھی دی جائے گی، وفاقی کابینہ کو اہم معاشی اعداد و شمار پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

  • وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری کی نئی مثال قائم کردی

    وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری کی نئی مثال قائم کردی

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے لاکھوں ڈالر بچالیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم جاری ہے، بیرون ملک دوروں پر قومی خزانے کو لاکھوں ڈالرز کی بچت ہوئی، وزیراعظم نے بیرون ملک دوروں پر اخراجات مزید محدود کردئیے۔

    وزیراعظم آئندہ ماہ ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کریں گے، عمران خان نے آئندہ ماہ ڈیوس کے اخراجات کو بھی انتہائی کم رکھنے کی ہدایت کردی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے 3 روزہ دورے پر 68 ہزار ڈالرز خرچ ہوں گے، سابق دور حکومت میں ڈیوس دوروں پر لاکھوں ڈالرز اڑائے گئے تھے۔

    ڈیوس دوروں پر نواز شریف، شاہد خاقان عباسی اور یوسف رضا گیلانی نے خطیر رقم خرچ کی، سب سے زیادہ اخراجات نواز شریف کے دورے پر آئے تھے۔

    نواز شریف نے 7 لاکھ 62 ہزار ڈالرز قومی خزانے سے خرچ کیے، شاہد خاقان عباسی نے دورے پر 5 لاکھ 61 ہزار ڈالرز خرچ کیے، یوسف رضا گیلانی کے دورے پر 4 لاکھ 59 ہزار ڈالرز کا خرچ آیا۔

    وزیراعظم نے دورہ امریکا پر بھی کفایت شعاری کی مثال قائم کی تھی، عمران خان نے واشنگٹن، نیویارک کے دورے پر بھی کم رقم خرچ کی گئی، وزیراعظم کے دورہ واشنگٹن پر اخراجات بھی پی پی، ن لیگ سے کم رہے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی 2019 میں دورہ واشنگٹن پر 67 ہزار 180 ڈالرز خرچ ہوئے تھے، نواز شریف نے 2013 میں 5 لاکھ 49 ہزار 853 ڈالرز خرچ کیے، 2009 میں آصف زرداری نے 7 لاکھ 52 ہزار 688 ڈالرز خرچ کیے۔

    وزیراعظم عمران خان نے دورہ نیویارک بھی کم ترین اخراجات میں مکمل کیا تھا، دورہ نیویارک پر ایک لاکھ 62 ہزار 578 ڈالرز کی کم ترین لاگت آئی تھی۔

    سابق صدر آصف زرداری نے نیویارک دورے پر 13 لاکھ 9 ہزار 620 ڈالرز خرچ کیے، نواز شریف نے نیویارک دورے پر 11 لاکھ 13 ہزار 142 ڈالرز خرچ کیے۔

    مسلم لیگ ن کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیوارک کا دورہ کیا تو 7 لاکھ 5 ہزار 19 ڈالرز خرچ کر ڈالے تھے۔

  • 2019 میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم کی زبردست کامیابی

    2019 میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم کی زبردست کامیابی

    اسلام آباد: 2019 میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو زبردست کامیابی ملی، اس سلسلے میں مرتب کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2019 میں سٹیزن پورٹل پر 16 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل کی سال 2019 کی رپورٹ وزیر اعظم کو بھجوا دی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران سولہ لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جن میں ملک سے موصول ہونے والی شکایات کی تعداد 15 لاکھ جب کہ بیرون ملک سے تعداد 93 ہزار ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل نے 14 لاکھ 60 ہزار شکایات کا ازالہ کیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب سے 7 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں، خیبر پختون خوا سے 1 لاکھ 95 ہزار، سندھ سے 1 لاکھ 36 ہزار، بلوچستان سے 15 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔

    پاکستان سٹیزن پورٹل: شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے

    سب سے زیادہ شکایات میونسپلٹی، توانائی اور تعلیم کے شعبے سے متعلق موصول ہوئیں، پاکستان سٹیزن پورٹل کی کارکردگی پر 40 فی صد لوگوں نے اعتماد کا اظہار کیا۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 28 اکتوبر 2018 کو پاکستان سٹیزن پورٹل کا افتتاح کیا تھا، وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں حکومت عوام کو جواب دہ ہوگی، اس نظام کے تحت صوبوں کے معاملات پر بھی نظر رکھی جا سکے گی۔