Author: عبدالقادر

  • ابرار الحق ہلال احمر کے چیئرمین مقرر

    ابرار الحق ہلال احمر کے چیئرمین مقرر

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنمااور پاکستانی گلوکار ابرار الحق کو  ہلال احمر (ریڈکراس) کا چیئرمین مقرر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد ابرار الحق کی تقرری کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز عبدالقادر کے مطابق ایک سال سے زائد عرصے کے بعد ابرابر الحق کو حکومتی عہدہ دیا گیا، انہیں تین سال کے لیے ریڈ کراس کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔

    محکمہ ریڈ کراس کی صدارت ڈاکٹر عارف علوی کے پاس ہے انہوں نے حکومت کی جانب سے موصول ہونے سفارش پر اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اُسے منظور کیا جس کے بعد تقرری کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔

    https://www.facebook.com/arynewsasia/videos/2510040455940011/

    یاد رہے کہ ابرار الحق نے تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 78 سے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے خلاف الیکشن بھی لڑا تھا البتہ انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    ابرار الحق گلوکاری اور سیاست کے ساتھ سماجی کام بھی کرتے ہیں، اُن کا فلاحی ادارہ غریب اور مستحق افراد کو علاج سمیت دیگر ضروریات زندگی کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔

    تحریک انصاف کے رہنما اس سے قبل انسانی حقوق کے سفیر رہ چکے جبکہ وہ قدرتی آفات سے نمٹنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

  • عالمی سطح پر پاکستان کے لئے ایک اور بڑا اعزاز

    عالمی سطح پر پاکستان کے لئے ایک اور بڑا اعزاز

    اسلام آباد : پاکستان کو عالمی ماحولیاتی فنڈ کی سربراہی مل گئی، مشیر ماحولیات ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ گرین کلائمٹ فنڈ کی سربراہی ملنا بڑا اعزاز ہے ، سربراہی ملنے سے مزید فنڈز کا حصول آسان ہو جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر پاکستان نے ایک اور بڑا اعزاز حاصل کرلیا، پاکستان کو عالمی ماحولیاتی فنڈ کی سربراہی مل گئی، جس کے بعد پاکستان اقوام متحدہ کے زیر انتظام 12رکنی بورڈ کا سربراہ ہوگا۔

    مشیرماحولیات ملک امین اسلم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا گرین کلائمٹ فنڈ کی سربراہی ملنابڑااعزازہے، پاکستان ماحولیات کے سب سے بڑے عالمی فنڈ کو چیئر کرے گا، اس سے فنڈز کے حصول میں آسانی ملے گی۔

    ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ عالمی ممالک 100ارب ڈالر کا فنڈ مختص کریں گے، پاکستان اب تک 140ملین ڈالرز کا فنڈز لے چکا ہے، سربراہی ملنے سے مزید فنڈز کا حصول آسان ہو جائے گا، پاکستان 10ارب درخت اگانے کے لئے بھی معاونت حاصل کر سکے گا۔

    خیال رہے عالمی بون چیلنج میں پاکستان کی جانب سے 10ارب درختوں کی سونامی مہم کے ذریعے جنگلات کی بحالی کی کوششوں کو سراہا گیا، پاکستان پہلا ملک ہے جس نے وسیع و عریض رقبے پر جنگلات کی بحالی کا عزم کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : عالمی سطح پرپاکستان بلین ٹری سونامی منصوبے کی پذیرائی

    واضح رہے گلوبل وارمنگ کے باعث پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوگا، 5 سال میں پورے پاکستان کو سرسبز و شاداب کرنا ہے، جو بھی خالی علاقے اور زمین ملے گی وہاں پر پودے لگائیں گے۔

    وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے حکومت سنبھالتے ہی کہا تھا کہ شجر کاری مہم کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا ہے، شجر کاری مہم تمام شہروں میں شروع کررہے ہیں، پورے پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے۔

    انہوں یہ بھی کہا تھا کہ اگردرخت لگانے نہ شروع کئے تو پاکستان ریگستان بن سکتا ہے، درخت نہ لگائے تو آلودگی کے مسئلے میں بھی اضافہ ہوگا، شجرکاری مہم کا مقصد آئندہ نسلوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔

  • وفاقی کابینہ نے  نیب ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے دی

    وفاقی کابینہ نے نیب ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے دی

    اسلام آباد : وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چھ نئے قوانین آرڈیننس کے ذریعے نافذ کرنے، نیب ترمیمی آرڈیننس اور بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ2017 کے ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہوگیا ، اجلاس میں 12 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا گیا اور اپوزیشن کے آزادی مارچ ،حکومتی مذاکراتی کمیٹی سمیت اہم امور پر مشاورت ہوئی اور وفاقی کابینہ کو دورہ سعودی عرب میں پیش رفت پر اعتماد میں لیا گیا۔

    اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور دفاعی امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ علاقائی امن و سلامتی اور عالمی حالات پر بات ہوئی اور مہنگائی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

    کابینہ نے 6 نئےقوانین آرڈیننس کے ذریعے نافذ کرنے، نیب ترمیمی آرڈیننس اور بےنامی ٹرانزیکشن ایکٹ 2017 کے ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے دی۔

    اجلاس میں خواتین کووراثت میں حقوق فراہم کرنےکےآرڈیننس ، لیگل ایڈاینڈجسٹس اتھارٹی کےقیام کے آرڈیننس اور وراثتی سرٹیفکیٹ، اعلیٰ عدلیہ کے کوڈ آف کنڈکٹ آرڈیننس کی بھی منظوری دی گئی۔

    گذشتہ کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے لیے پلاننگ منسٹر کو ہدایت تھی جبکہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی توثیق کی اور جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

    اجلاس میں رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام , سی ڈی اے کی ری اسٹرکچرنگ اور سیکٹر جی 6 میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر کام کی بھی منظوری دی گئی تھی۔

    کابینہ نے لنگر خانوں کے قیام کی پالیسی کی بھی منظوری دی تھی، لنگر خانے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلائے جائیں گے۔

    وزیر اعظم نے کابینہ کو چین اور ایران کے دوروں پر اعتماد میں لیا تھا ،کابینہ نے چین کے ساتھ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ اجلاس میں ایران اور سعودی عرب میں تعلقات میں بہتری کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

  • بابر بن عطا کے استعفے کا معاملہ، اندورنی کہانی سامنے آگئی

    بابر بن عطا کے استعفے کا معاملہ، اندورنی کہانی سامنے آگئی

    اسلام آباد: وزیراعظم کے سابق فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مہم بابر بن عطا کے از خود استعفیٰ دینے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز عبدالقادر کے مطابق بابر بن عطا کے استعفیٰ کی اندورنی کہانی سامنے آئی جس کے مطابق انسداد پولیو مہم میں ہونے والی بے صابطگیوں پر وزیر اعظم نے فوکل پرسن کے خلاف قدم اٹھایا۔

    اطلاع کے مطابق بابر بن عطا نے عہدے کا غلط استعمال کیا اور وہ بڑی بے ضابطگیوں میں ملوث رہے، فوکل پرسن کے خلاف تیار کی جانے والی خفیہ رپورٹس وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہوئی تھیں۔

    چیف سیکریٹری کے پی سمیت دیگر رپورٹس سامنے آنے کے بعد بابر بن عطا کو وزیر اعظم ہاؤس طلب کیا گیا اور  انہیں 12گھنٹوں میں عہدہ چھوڑنے کی ہدایت گئی جبکہ یہ بھی واضح کیا گیا کہ نہ چھوڑنے پر انہیں برطرف کردیا جائے گا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ بابر بن عطا نے وزیراعظم آفس، حکومتی عہدے کا ناجائز استعمال کیا اور پولیو مہم کو مصنوعی طور پر طوالت بھی دی جبکہ انہوں نے پولیو کیسز سے متعلق غلط اور بے بنیاد رپورٹیں جاری کیں۔

    مزید پڑھیں: معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطا مستعفی ہوگئے

    یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملک بھر میں ہونے والی پولیو مہم کے دوران 2 سے 25 لاکھ تک والدین نے اپنے بچوں کو قطرے پلوانے سے انکار کیا، اعداد و شمار کی رپورٹ میں سندھ، بلوچستان اور پنجاب کو نظر انداز کیا گیا۔

    اسی طرح بابر بن عطا نے پولیو پروگرام کو  سیاسی رنگ دے کر فائدہ اٹھایا اور مرضی کےڈی ایچ اوز تعینات کیے، میڈیا اور سوشل میڈیا پر ذاتی تشہیر کی جبکہ میرٹ کے خلاف اور بلا اجازت سوشل میڈیا ٹیم تعینات کی جس میں دوستوں، رشتے داروں کو بھاری تنخواہوں پر بھرتی کیا گیا۔

    https://www.facebook.com/arynewsasia/videos/2112272515748750/

    رپورٹ کے مطابق سابق فوکل پرسن نے مشہور سوشل میڈیا ایکٹویسٹ کے بھائی کو بھی اپنی ٹیم کا حصہ بنایا، عالمی ڈونرز کے اداروں میں ذاتی فائدے کے لئے لابنگ کی اور پرنٹنگ آؤٹ لیٹس کے لیے دباؤ بھی ڈالا جبکہ پولیو مہم کی ناکامی کا ملبہ انہوں نے عالمی ڈونرز پر ڈالا۔

  • حکومت کا جے یو آئی ف کی فورس انصار الاسلام کیخلاف کارروائی کا بڑا فیصلہ

    حکومت کا جے یو آئی ف کی فورس انصار الاسلام کیخلاف کارروائی کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے جےیوآئی کی فورس انصار الاسلام کےخلاف کارروائی کافیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصارالاسلام کےفورس کااسلحے سےلیس ہونا بھی خارج از امکان نہیں اور ان کی سرگرمیاں اسلام آباد اور صوبوں کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے جے یو آئی کی ملیشیا فورس انصار الاسلام کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے کارروائی کے لیے وفاقی کابینہ سے منظوری لے لی ہے۔

    آرٹیکل 146 کے تحت وزارت داخلہ کو صوبوں سے مشاورت کا اختیار دے دیا گیا ہے اور آرٹیکل 256 اور 1974 ایکٹ کے سیکشن 2 کے تحت پابندی عائد کی جائے گی۔

    سمری میں کہا گیا ہے کہ مشاورت کے بعدوزارت داخلہ کے ذریعے صوبوں کو کارروائی کا اختیار دیا جائے گا اور وفاقی حکومت کی ہدایت پر مکمل عمل کے لیے صوبوں کو ہر قسم کی کارروائی کا اختیار ہوگا۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے سمری میں کہا گیا حساس اداروں کی رپورٹس کےمطابق جے یو آئی نے مسلح تنظیم تشکیل دی ہے، باوردی فورس نےخاردار تاروں سےلیس لاٹھیاں اٹھاکرپشاور میں مارچ کیا، باوردی فورس بظاہر حکومت کی رٹ چیلنج کرناچاہتی ہے، فورس قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ٹکرانے کی تیاری کرتی نظر آئی۔

    مزید پڑھیں : حکومت کا فیصلہ ، آزادی مارچ سے قبل فضل الرحمان کو بڑا دھچکا

    سمری کے مطابق مسلح فورس 80ہزار سے زائد افراد پر مشتمل ہے، آزادی مارچ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے، مسلح فورس کےطور پر انصارالاسلام کا قیام آرٹیکل 256 کی خلاف ورزی ہے ۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ انصارالاسلام کےفورس کااسلحے سےلیس ہونابھی خارج از امکان نہیں اور ان کی سرگرمیاں اسلام آباد اور صوبوں کے امن کے لیے خطرہ ہیں، آئین کا آرٹیکل 256 مسلح تنظیم بنانے سے روکتا ہے۔

    سمری میں مزید کہا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کےمطابق کسی مسلح تنظیم کی اجازت نہیں دی جا سکتی، پرائیویٹ ملٹری آرگنائزیشن ایکٹ 1974 کے تحت وفاق تنظیم ختم کرنے کی ہدایت کر سکتا ہے۔

    اس سے قبل حکومت نے جمعیت علمائے اسلام ف کی ذیلی تنظیم کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ کیا تھا اور انصار الاسلام کو کالعدم قرار دینے کی سمری وزارت قانون اور الیکشن کمیشن کو ارسال کی گئی تھی ، سمری وزارت داخلہ کی جانب سےبھجوائی گئی۔

    سمری میں کہا گیا تھا کہ جے یوآئی کی ذیلی تنظیم لٹھ بردارہے اور قانون اس کی اجازت نہیں دیتا، ذیلی تنظیم پارٹی منشور کی شق نمبر26 کے تحت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے۔

    واضح رہے جے یو آئی (ف) نے 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا ہے، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مظاہروں کے ساتھ اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ شروع ہوگا

  • عمران خان کی  بڑی کامیابی ، پاکستان میں 240 ملین ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

    عمران خان کی بڑی کامیابی ، پاکستان میں 240 ملین ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ہوچی سن پورٹ ہولڈنگ کمپنی نے پاکستان میں 240 ملین ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کردیا ، نئی سرمایہ کاری سے 3ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ہانگ کانگ پورٹ آپریٹنگ کمپنی کے وفد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وزیربحری امور علی زیدی، مشیر تجارت رزاق دؤاد ، معاون خصوصی زلفی بخاری، سفیر برائےبیرونی سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی شریک تھے۔

    ملاقات میں ہوچی سن پورٹ ہولڈنگ کمپنی نے پاکستان میں 240 ملین ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ، جس پر وزیراعظم نے کمپنی کی سرمایہ کاری، ملکی  معاشی خوشحالی کےعزم کا خیر مقدم کیا۔

    وزیراعظم نےسرمایہ کاری،کاروبارمیں آسانیوں کے لئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا معاشی نمو اور روزگار کی فراہمی کیلئے سرمایہ کاروں کو مدد فراہم کریں گے۔

    ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ہچی سن پورٹ ہولڈنگ کراچی پورٹ پرٹرمینل کی استعدادمیں اضافہ کرے گی ، ہانگ کانگ کمپنی پاکستان میں سرمایہ کاری کو 1ارب ڈالرتک لے جائے گی، نئی سرمایہ کاری سے3ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

    مزید پڑھیں : مصر اور لبنان کے کاروباری کنسورشیم کا پاکستان میں ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

    ہچی سن پورٹ ہولڈنگ کے وفد نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں سہولت کاری کیلئے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کمپنی کراچی پورٹ کو ایشیا کی تجارت کا مرکز بنانے میں سہولت فراہم کرے گی۔

    یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں مصر کی کمپنی ال سویدی الیکٹرک کا شعبہ توانائی میں 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا تھا ، جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا بھرپور کوشش ہے کہ شعبہ قابل تجدید توانائی کو فروغ دیا جائے۔

    اس سے قبل  مصر اور لبنان کے اعلی سطحی کاروباری کنسورشیم نے پاکستان میں ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا، سرمایہ کاری صحت، ٹیکنالوجی اور ہاوسنگ کے شعبوں میں کی جائے گی۔

  • پاکستانی مصورہ برطانوی شاہی جوڑے کو پاکستان آمد پر کیا  تحفہ دیں گی؟

    پاکستانی مصورہ برطانوی شاہی جوڑے کو پاکستان آمد پر کیا تحفہ دیں گی؟

    اسلام آباد : پاکستانی مصورہ رابعہ ذاکر کا ایک اور شاہکار تیارہوگیا،رابعہ نے برطانوی پرنس ولیم اور کیٹ میڈلٹن کی شادی کی پورٹریٹ تیار کرلیا ہے ، جو شاہی مہمانوں کو پاکستان آمد پر تحفے میں دیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی مصورہ رابعہ ذاکر نے دوہفتوں کی مسلسل محبت سے شہزادے اور شہزادی کی تصویر کینونس میں اتار کر حقیقت کا رنگ بھر دیا ، پورٹریٹ میں رائل چہروں کو بنانے کے لئے مصورہ کو یورپی ْآرٹسٹ سے مشاورت کرنا پڑی۔

    رابعہ نے برطانوی پرنس ولیم اور کیٹ میڈلٹن کی شادی کی پورٹریٹ تیار کرلی ، پورٹریٹ شاہی مہمانوں کو پاکستان آمد پر تحفے میں دیں گی۔

    رابعہ ذاکر نے کہا پورٹریٹ میں مسکراتے چہرے بنانا آئل پینٹنگ میں مشکل کام تھا، آنجہانی شہزادی لیڈی ڈیانا کے بیٹے پاکستان آمد خوشی کی بات ہے، میری منفرد پورٹریٹ برطانوی رائل فیملی کو پاکستانی قوم سے محبت کاناحساس دلائے گی۔

    پاکستانی مصورہ کا کہنا تھا کہ شاہی جوڑے کو پورٹریٹ ماضی کی یاد بھی دلائے گی ، غیر ملکی مہمانوں کو پورٹریٹ ہمیشہ بلامعاوضہ اور بلالالچ فراہم کی، پاکستان کی خوبصورت پہنچان بنانے میں میری پینٹنگ حصہ ڈال رہی ہیں۔

    مزید پڑھیں : پاکستانی آرٹسٹ کا پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن کیلئے تحفہ

    اس سے قبل پاکستانی آرٹسٹ وقاص شائق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن کے لئے پینسل سے پورٹریٹ کا تحفہ تیار کرنے کی ویڈیو شیئر کر کے انھیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

    خیال رہے شاہی جوڑا پانچ روزہ دورےپرآج شب پاکستان پہنچ رہا ہے، برطانوی شاہی جوڑے کی شانداراستقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، وفاقی وزراء، دفترخارجہ اوربرطانوی ہائی کمیشن کے حکام شاہی جوڑے کا ریڈ کارپٹ استقبال کریں گے، گارڈآف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔

  • بھارت کو شدید دھچکہ،  ٹویٹر اب پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل نہیں کرے گا

    بھارت کو شدید دھچکہ، ٹویٹر اب پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل نہیں کرے گا

    اسلام آباد : سماجی میڈیا پر بھارتی اجارہ داری کو شدید دھچکہ لگا، حکومت پاکستان اور ٹویٹر انتظامیہ کے مابین معاملات طے پا گئے ہیں، اب ٹویٹر آئندہ یکطرفہ طور پر پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل نہیں کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیشنل آئی ٹی بورڈ صباحت علی شاہ نے امریکہ میں ٹویٹر کے اعلیٰ حکام سے تفصیلی ملاقات کی اور ٹویٹر پر بھارتی اجارہ داری سے پاکستانی صارفین کی آواز دبانے کا معاملہ اٹھایا۔

    انتظامیہ نے بھارتی اجارہ داری کیخلاف حکومت پاکستان کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے اکاؤنٹس کی معطلی کا طریقہ کار تبدیل کردیا ہے۔

    حکومت پاکستان اور ٹوئٹر انتظامیہ میں معاملات طے پاگئے ، معاہدے کے مطابق ٹویٹر انتظامیہ کسی بھی شکایت کی صورت میں حکومت پاکستان سے رابطہ کرے گی اور آئندہ یکطرفہ طورپرپاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل نہیں کرے گا۔

    خیال رہے کشمیر پر بھارت کے 5 اگست کے غاصبانہ قبضے کے بعد ٹویٹر کے ذریعے بھارتی غنڈہ گردی میں تیزی آئی اور اہل کشمیر کے حق میں آواز اٹھانے پر سینکڑوں پاکستانیوں کے ٹویٹر اکاؤنٹس بلاک کئے گئے تھے، جس پر حکومت پاکستان نے ٹویٹر کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا۔

    مزید پڑھیں : سوشل میڈیا پر مقبوضہ کشمیرکے لیے آواز اٹھانے والے178 پاکستانیوں کے اکاؤنٹس معطل

    یاد رہے بھارتی وزارتِ داخلہ کی جانب سے ٹویٹر انتظامیہ سے درخواست کی گئی تھی کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے آٹھ ٹویٹر اکاؤنٹ بند کردیےجائیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مقبوضہ کشمیریوں کےلیےآواز اٹھانے والےایک سواٹھہتر پاکستانیوں کے اکاؤنٹس معطل کردیئے تھے۔

    پی ٹی اے نے صارفین کی شکایت ملنے پر ٹوئٹر انتظامیہ کو خط لکھا تھا۔

    مقبوضہ کشمیر کے متعلق کئے گئے ٹوئٹس پر پاکستانی صارفین کے ٹویٹر اکاﺅنٹس بلاک کرنے کے حوالے سے پی ٹی اے نے ٹوئٹر کو 333 اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی تھیں اور اس حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل کی تیاری کے لیے ٹویٹر انتظامیہ کو ایک میٹنگ کے لیے دعوت دی گئی تھی۔

     

  • پاک چین وزرائے اعظم ملاقات، چین کا پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ

    پاک چین وزرائے اعظم ملاقات، چین کا پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ

    بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان نے چینی وزیر اعظم سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ چینی وزیر اعظم نے پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان نے چینی وزیر اعظم سے ملاقات کی، انھوں نے کہا پاک چین شراکت داری بنیادی مفادات کو تحفظ فراہم کرتی ہے، یہ شراکت داری خطے میں امن، ترقی اور استحکام کی ضامن ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا سی پیک منصوبوں کی بر وقت تکمیل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے، سی پیک پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خطے میں خوش حالی کا سبب ہے۔

    چینی وزیر اعظم لی کے چیانگ نے اس موقع پر کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ چینی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا، اور معیشت مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان کی چین کے گریٹ ہال آمد پر شاندار استقبال

    دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے چینی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی چین کے گریٹ ہال آمد پر شان دار استقبال کیا گیا اور انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے چینی ہم منصب کو سی پیک منصوبوں اور گوادر کے ترقیاتی کاموں میں میں تیزی سے متعلق آگاہ کیا۔

    ملاقات میں معاشی اور اقتصادی شعبوں میں مضبوطی کے لیے مختلف معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے، دونوں رہنماؤں نے ریلویز، اسٹیل، آئل اینڈ گیس اور سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی، دو طرفہ حکمت عملی پر مبنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا عزم کیا گیا۔

    دونوں ملکوں کے درمیان عوامی رابطوں کو تقویت دینے کےعزم کا بھی اظہار کیا گیا، دریں اثنا، چینی وزیر اعظم نے سی پیک منصوبوں کو آگے بڑھانے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے، دو طرفہ مذاکرات کے بعد چینی وزیر اعظم نے گریٹ ہال میں ظہرانہ دیا۔ جب کہ وزیر اعظم عمران خان نے چین کے 70 ویں قومی دن پر مبارک باد پیش کی۔

  • وزیراعظم عمران خان چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں، اعلامیہ جاری

    وزیراعظم عمران خان چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں، اعلامیہ جاری

    بینجگ : وزیراعظم عمران خان نے چینی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ بیرونی صنعتوں کی منتقلی اور حاصل شدہ ٹیکس سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔

    یہ بات انہوں نے چینی سرمایہ کاروں اور کارپوریٹ سیکٹر کے نمائندگان سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ حکومتی اعلامیہ کے مطابق وفد سے وسیع البنیادبات چیت ہوئی۔

    وزیر اعظم نے چین کی بڑی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں، وزیراعظم نے وفد کو چینی صنعت پاکستان میں منتقل کرنے کیلئے مراعات کی یقین دہانی کرائی۔

    وزیراعظم مختلف شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملے، ملاقات کرنے والوں نے پاکستان میں جاری منصوبوں سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔

    اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ کمپنی کے سربراہوں نے نئےمنصوبے شروع کرنے کی تجاویز سے بھی آگاہ کیا، یہ تجاویز تیل، گیس، توانائی، تعمیرات، ٹائروں کی تیاری اور قیمتی دھاتوں سے بھی متعلق ہیں۔

    چینی کمپنیوں کے سربراہان نے وزیر اعظم کو ٹیکسٹائل و انڈسٹریل پارک ماحول دوست توانائی منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، بیرونی صنعتوں کی منتقلی سے حاصل شدہ ٹیکس سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔

    مزید پڑھیں : پاک چین وزرائے اعظم ملاقات، چین کا پاکستان کے اہم مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ

    قبل ازیں پاکستان اور چین میں وفود کے سطح پر مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد کی قیادت وزیر اعظم عمران خان نے کی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے بھی مذاکرات میں شرکت کی۔