Author: عبدالقادر

  • وزیراعظم عمران خان کی چین کی بڑی کاروباری کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں

    وزیراعظم عمران خان کی چین کی بڑی کاروباری کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں

    بیجنگ: وزیراعظم عمران خان نے اورینٹ ہولڈنگز گروپ کے چیئرمین آف بورڈ، لانگ مارچ ٹائرکمپنی کے سی ای او اور چائنامیٹالرجیکل گروپ کے چیئرمین سے ملاقاتیں کیں ، اورینٹ ہولڈنگز گروپ چین کا بڑا انویسٹمنٹ گروپ ہے جبکہ لانگ مارچ کا شمار بہترین ٹائرمینوفیکچرنگ کمپنیوں میں ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چائنامیٹالرجیکل گروپ کے چیئرمین کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹیل انڈسٹری میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار، شیخ رشید بھی موجود تھے جبکہ مشیرتجارت، مشیر توانائی، چیئر مین بورڈ آف انویسٹمنٹ بھی موجود تھے، میٹالرجیکل گروپ چین کا سب سے بڑا تعمیراتی گروپ ہے، گروپ لوہے اور اسٹیل انڈسٹری میں کام کرنے والا چین کا پہلا گروپ بھی ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ اورینٹ ہولڈنگز گروپ کے چیئرمین آف بورڈ سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان میں کاروباری اور سرمایہ کاری سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اورینٹ ہولڈنگز گروپ چین کا بڑا انویسٹمنٹ گروپ ہے، گروپ انفراسٹرکچر، تعمیرات، رئیل اسٹیٹ اور کیمیکل فائیبر کے شعبوں میں بزنس کر رہا ہے۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے لانگ مارچ ٹائرکمپنی کےسی ای او کی ملاقات ہوئی ، لانگ مارچ کا شمار بہترین ٹائرمینوفیکچرنگ کمپنیوں میں ہوتا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے چائنہ گیژوبہ گروپ کے چئیرمین ژی ژیانگ سے بھی ملاقات کی ، جس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار، شیخ رشید، مشیر تجارت، مشیر توانائی اور چیئر مین بورڈ آف انویسٹمنٹ بھی ملاقات میں شریک تھے ۔

    مزید پڑھیں :  وزیراعظم عمران خان سے چائنہ گیژوبہ گروپ کے چیئرمین کی ملاقات

    چائنہ گیژوبہ گروپ چائنہ انرجی انجینئرنگ گروپ کا اہم ممبر ہے، گروپ 100 سے زائد ممالک کے ساتھ توانائی معاہدوں پر کام کر رہا ہے۔

    گیژوبہ گروپ نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں تعاون پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گروپ پاکستان میں توانائی کے نئے ذخائر کی دریافت کے لئے کام کرنے کا خواہش مند ہے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان 3 روزہ دورے پر چین پہنچے تو ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا اور وزیراعظم کو گارڈآف آنر پیش کیا گیا، وزیراعظم عمران خان آج چینی ہم منصب سے ملاقات کریں گے اور چین کی کونسل فارپروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ سے خطاب بھی کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان اورچینی قیادت کی ملاقات میں بھی جنرل قمرجاوید باجوہ ساتھ ہوں گے۔

  • مولانا فضل الرحمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

    مولانا فضل الرحمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر کشمیر گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کی ماہر قانون بابر اعوان سے ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی میڈیا افتخار درانی بھی موجود تھے۔

    دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی پر مشاورت کی گئی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق علی امین گنڈا پور قانونی نکات پر کل ایک مفصل پریس کانفرنس بھی کریں گے، فضل الرحمان کا بطور کشمیر کمیٹی کردار اور تقاریر ریکارڈ کا حصہ بنائی جائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف آئندہ ایک دو روز میں قانونی چارہ جوئی کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کا 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ کا اعلان

    واضح رہے کہ چند روز قبل علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ نام نہاد آزادی مارچ والے قوم کے سامنے مزید بے نقاب ہوں گے، باشعور عوام فضل الرحمان کے ذاتی ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو ڈی آئی خان کے لوگوں نے ہی رد کردیا ہے، ان کی کارکردگی قوم کے سامنے ہے، مولانا طلبا کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال نہ کریں۔

    علی امین گنڈا پور نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے ذاتی مقاصد کے لیے ہمیشہ مذہب کا سہارا لیا ہے، ان کو اسلام آباد کی یادیں ستا رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ جے یو آئی (ف) نے 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا ہے، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مظاہروں کے ساتھ اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ شروع ہوگا۔

  • مدارس اصلاحات پر مولانا فضل الرحمان زیادہ پریشان ہیں، وزیراعظم

    مدارس اصلاحات پر مولانا فضل الرحمان زیادہ پریشان ہیں، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنی ڈوبتی سیاست بچارہے ہیں، مدارس اصلاحات پر وہ زیادہ پریشان ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے موجودہ معاشی صورت حال پر بریفنگ دی، معیشت کی بحالی کے لیے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن کے احتجاج پر بھی بات چیت کی گئی۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مدارس میں اصلاحات سے طلبا ایسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہوسکیں گے، مدارس اصلاحات پر فضل الرحمان زیادہ پریشان ہیں۔

    مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کا 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ کا اعلان

    واضح رہے کہ گزشتہ روز جے یو آئی (ف) نے 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا ہے، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مظاہروں کے ساتھ اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ شروع ہوگا۔

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر کو ہم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کے درمیان ملاقات ہوئی تھی جو بے نتیجہ رہی، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو میڈیا سے گفتگو کیے بغیر روانہ ہوگئے تھے۔

  • وزیر اعظم کا بڑا فیصلہ: ’میرا بچہ الرٹ‘ ایپلی کیشن بنانے کا حکم جاری

    وزیر اعظم کا بڑا فیصلہ: ’میرا بچہ الرٹ‘ ایپلی کیشن بنانے کا حکم جاری

    اسلام آباد: ملک میں بچوں کے ساتھ پیش آنے والے نا خوش گوار واقعات کے تدارک کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کر لیا، انھوں نے میرا بچہ الرٹ نامی ایپلی کیشن کی تیاری کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بچوں کے اغوا اور گم شدگی کیسز کے تدارک کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے ’میرا بچہ الرٹ‘ کے نام سے ایک خصوصی ایپلی کیشن بنانے کا حکم دے دیا ہے۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر ’میرا بچہ الرٹ‘ ایپلی کیشن 2 ہفتے میں تیار کر لی جائے گی، اس ایپلی کیشن کی مدد سے گم شدہ بچے کے درج کوائف فوری طور پر پولیس تک پہنچ جائیں گے۔

    بتایا گیا ہے کہ میرا بچہ الرٹ ایپلی کیشن پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک ہوگی، اس اقدام سے کسی بھی واقعے میں بچے کی برآمدگی اور کیس پر پیش رفت کے سلسلے میں نظر رکھی جا سکے گی۔

    کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ بچوں کے ساتھ غیر اخلاقی، نا خوش گوار واقعات کی تحقیقات میں بڑی کام یابی ملی ہے، اس کام یابی سے ایسے مکروہ فعل میں ملوث دیگر ملزمان تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس میں کہا کہ بچوں سے متعلق واقعات کو معاشرتی وجوہ کے سبب سامنے نہیں لایا جاتا، تاہم موجودہ حکومت معصوم بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔

    انھوں نے کہا ایسے مکروہ اور بھیانک جرائم میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔

  • وطن واپسی:‌ اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے کشمیریوں‌ کے ساتھ کھڑے رہیں گے، عمران خان

    وطن واپسی:‌ اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے کشمیریوں‌ کے ساتھ کھڑے رہیں گے، عمران خان

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کی خصوصی دعاؤں کی بدولت ہم نے بین الاقوامی سطح پر کشمیر کا مقدمہ اچھے طریقے سے لڑا، کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوکر ہم اللہ کو خوش کرنا چاہتے ہیں، جہدوجہد میں اونچ نیچ آتی ہے قوم کو گھبرانا نہیں ہے، مودی کو ہر فورم پر بے نقاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وطن واپس پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر استقبالیے سے خطاب کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ سب سے پہلےقوم کا شکریہ ادا کرتاہوں کہ انہوں نے ہمارے لئے دعائیں کیں،مشکل وقت میں کشمیریوں کا کیس بین الاقوامی سطح پر بھرپور طریقے سے رکھنے کے لیے خصوصٰ دعائیں گی گئیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بیگم کا بھی خصوصی طورپرشکریہ ادا کرتاہوں انہوں نے بھی خصوصی دعائیں کیں، آج دنیا کا کوئی ملک کشمیر کے ساتھ کھڑا نہیں بھی ہوتا تو ہم اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، مقبوضہ وادی میں لوگوں پر ظلم ہورہا ہے اس موقع پر اُن کے ساتھ کھڑے ہونا جہاد ہے۔

    [bs-quote quote=”اسلام مخالف مودی کی فاشسٹ حکومت کو دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کریں گے” style=”style-9″ align=”left” author_name=”عمران خان”][/bs-quote]

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  80لاکھ لوگوں کو بھارت کی فوج نے کرفیو میں بند کرکے رکھاہے، جدوجہد میں اونچ نیچ ہوتی ہے اور اس دوران اچھا برا دونوں وقت آتے ہیں، آپ نے برے وقت میں مایوس ہونا یا گھبرانا اس لیے نہیں کہ کشمیر کے لوگ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں، جب تک آپ اُن کے ساتھ کھڑے ہوں گے وہ جدوجہد کرتے رہیں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ انشااللہ کشمیری اپنی آزادی حاصل کرکے رہیں گے، میں نے کہا تھا میں کشمیریوں کا سفیر بن کر جاؤں گا، مسلمانوں سے نفرت کرنے والی مودی کی فاشسٹ حکومت کو دنیا کے سامنے اور ہرفورم پر بے نقاب کریں گے، انسان کوشش کرسکتا ہے باقی کامیابی اللہ دیتا ہے۔

  • دنیا کو پیغام چلا گیا 80 لاکھ کشمیریوں پر ظلم ہورہا ہے، وزیراعظم

    دنیا کو پیغام چلا گیا 80 لاکھ کشمیریوں پر ظلم ہورہا ہے، وزیراعظم

    نیویارک: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا کو پیغام چلا گیا کہ 80 لاکھ کشمیریوں پر ظلم ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے  اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جو پیغام دینے آئے تھے اللہ کا شکر ہے وہ کامیابی سے دیا، عزت اللہ دیتا ہے پوری قوم نے دعائیں کیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ، امریکا، روس اور بڑی طاقتوں کو پتا ہے کہ کشمیر میں کیا ہورہا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ جدوجہد جاری رہے گی، جدوجہد میں اونچ نیچ آتی ہے، لوگوں نے مایوس نہیں ہونا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے جو عزت دینے والا ہے، پوری پاکستانی قوم نے دعائیں کی تھیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: اقوام متحدہ دو نیوکلیئر طاقتوں‌ کے آمنے سامنے آنے سے پہلے اپنا کردار ادا کرے، وزیراعظم

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کو اس کے غرور نے اندھا کردیا ہے، کرفیو اٹھنے کے بعد کشمیر میں خون کی ندیاں بہیں گی، اقوام متحدہ کو کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانا پڑے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس وہ تنظیم ہے جو ہٹلر اور مسولینی سے متاثر ہے، آر ایس ایس نسل پرستی اور آریہ سماج پر یقین رکھتی ہے، آر ایس ایس مسلمانوں اور عیسائیوں کی نسل کشی اور نفرت پر یقین رکھتی ہے، آر ایس ایس کی سوچ کے باعث مودی نے 2002 میں گجرات میں مسلمانوں کو قتل عام کیا، مودی پر امریکا میں گجرات میں قتل عام کے الزامات پر پابندی لگی۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے بعد مقبوضہ وادی میں کرفیو کے باوجود کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔

  • وزیراعظم سے امریکی نمائندہ خصوصی افغانستان زلمے خلیل زاد کی ملاقات

    وزیراعظم سے امریکی نمائندہ خصوصی افغانستان زلمے خلیل زاد کی ملاقات

    واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور سیکریٹری جرنل ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ملاقات ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کی ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں میں افغان امن عمل پر بات چیت کی گئی۔

    وزیراعظم عمران خان اور زلمے خلیل زاد کے درمیان ملاقات میں امریکا کے طالبان سے معطل مذاکرات پر بھی گفتگو ہوئی۔

    وزیراعظم عمران خان نے امریکا کو طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل جاری رکھنے کی تجویز دی ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم سے سیکریٹری جنرل ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی ملاقات کی، وزیراعظم نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اجاگر کرنے پر ایمنسٹی کے کردار کو سراہا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کومی نائیڈو کو کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال سے آگاہ کیا، کومی نائیڈو نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق تنظیموں کے کام میں رکاوٹوں سے آگاہ کیا۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اینکر پرسن بلال لاکھانی کو انٹرویو دیں گے، عمران خان سے ایرک لوئیس، مارک مہر، کلائیو اسمتھ ملاقات کریں گے۔

    رپورٹ کے مطابق رات 10 بجے امریکی سینیٹر لنزے گراہم وزیراعظم سے نیویارک میں ملاقات کریں گے، رات ساڑھے گیارہ بجے وزیراعظم سے سی ای او اوبر کمپنی ملاقات کریں گے۔

    وزیراعظم سے رات 12 بجے انٹرنیشنل کمیٹی ریڈ کراس کے صدر ملاقات کریں گے، رات ساڑھے 12 بجے عمران خان کی کشمیری رہنماؤں کے وفد سے ملاقات ہوگی۔

    رات ایک بجے وزیراعظم سے سکھ کمیونٹی کے وفد کی ملاقات طے ہے، رات ڈیڑھ بجے وزیراعظم عمران خان سے سی ای او سیپ ملاقات کریں گے، رات 2 بجے وزیراعظم میڈیا گروپ پالیٹک انٹرنیشنل کو انٹرویو دیں گے۔

  • عمران مودی ملاقات دشوار مگر سیاست میں کچھ حرف آخر نہیں،  شاہ محمود قریشی

    عمران مودی ملاقات دشوار مگر سیاست میں کچھ حرف آخر نہیں، شاہ محمود قریشی

    واشنگٹن: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ  وزیراعظم عمران خان اورمودی کی ملاقات کےامکانات دکھائی نہیں دیتے البتہ سیاست میں کچھ حرف آخرنہیں ہوتا۔

    امریکا میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کادورہ اچھارہا،سعودی حکام سے مشرق وسطیٰ، تیل تنصیبات پر حملے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا اور ہم نے اُن کے تاثرات سمجھے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سےتعلقات میں پرانی گرمجوشی اوراعتمادبحال ہوچکاہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات جیسے آج ہیں آج سے کچھ عرصے پہلے تک ایسا نہ تھا، حکومت نےسعودی عرب کیساتھ بہترین تعلقات قائم کیےہیں، وزیراعظم عمران خان نےمقبوضہ کشمیرسےمتعلق پاکستان کامؤقف بھی عرب حکام کے سامنے رکھا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نےسعودی حکومت کومودی سوچ سےآگاہ کیا اور بتایا کہ بھارتی وزیراعظم کی سوچ دراصل آر ایس ایس کا نظریہ ہے، گاندھی اورنہروکےسیکولربھارت کو مودی اور آرایس ایس  دفن کرچکےہیں، اس لیے آج ساری دنیاکہہ رہی ہےآج کابھارت ماضی کےبھارت سےمختلف ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’’سعودی حکومت نےوزیراعظم عمران خان کو امریکا روانگی کے لیے خصوصی طیارہ فراہم کیا اور کہا کہ آپ ہمارے مہمان ہیں، صرف ایک اس بات سے بھی تعلقات کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ اقوام متحدہ کےاجلاس میں شرکت کے لیے عمران خان امریکا آئے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہمقبوضہ کشمیرمیں صورتحال تیزی سےبگڑی اوربگڑتی جارہی ہے، 48 روز ہوگئےکرفیوجاری ہے،لوگوں کےبنیادی حقوق سلب ہیں، دنیامقبوضہ کشمیرکی صورتحال پرتشویش کااظہارکرچکی اور مغربی میڈیا مسلسل آواز اٹھا رہا ہے، سیکیورٹی کونسل میں54سالوں کےبعدمسئلہ کشمیرزیربحث آیا، ہیومن رائٹس اجلاس میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کواٹھایا گیا اور حکام نے بھارتی اقدامات پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’’امریکی صدرنےثالثی کی پیشکش کی تھی ان کےشکرگزارہیں، پاکستان کوامریکی صدرکی ثالثی کی پیشکش پرکوئی اعتراض نہیں تھا مگر بھارت کو اعتراض تھا اس لیے ٹرمپ کی خواہش پوری نہ ہوسکی۔ خطےکےاستحکام اورانسانی حقوق کاپامال بھارت ہے، جمہوریت کانام لیوامقبوضہ کشمیرمیں آمریت کامظاہرہ کررہاہے، یہ سب دنیا خود دیکھ رہی ہے۔

    وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’’امریکا دورے یا اقوام متحدہ کے اجلاس میں عمران خان اور مودی کی ملاقات کا کوئی امکان نہیں البتہ سیاست میں کوئی بھی بات حتمی نہیں ہوتی‘‘۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ یواین جنرل اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان اورمودی کی ملاقات کاامکان ہے، اقوام متحدہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کو ملوانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔

  • وفاقی حکومت کا ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملکی معیشت سے متعلق ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معیشت کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کروانے پر غور شروع کردیا گیا ہے۔ ا س سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے ڈیجٹیل پیمنٹ سسٹم کی منظوری دے دی۔

    سنگاپور میں گوگل کمپنی کی سینئر ایگزیکٹو سے معاملات طے پاگئے ہیں، گوگل سے وابستہ پاکستانی خاتون حکومتی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن پر آمادہ ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ مذکورہ ایگزیکٹو نے گوگل کو خیر آباد کہہ دیا ہے اور جلد پاکستان آرہی ہیں۔

    جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ خاتون وزیر اعظم آفس سے ڈیجیٹلائزیشن سسٹم کی سربراہی کریں گی، وزیر اعظم آفس میں اسٹریٹجک ریفارمز یونٹ قائم کر دیا گیا ہے۔ پروفیشنل ٹیم ریفارمز پر عملدرآمد اور ڈیٹا بیس کو مانیٹر کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ کاروبار کے لیے رقوم کی ادائیگی کا نظام ڈیجیٹلائز اور آسان کریں گے، ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم ٹھیک نہ کیا تو ہم کچھ نہیں کر سکیں گے۔

    جہانگیر ترین کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹلائزیشن کا خیال وزیر اعظم عمران خان کا تھا، گورنر اسٹیٹ بینک سمیت اہم اداروں کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔

  • کفایت شعاری اور سادگی، وزیراعظم کا دورۂ امریکا پر خصوصی طیارہ استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

    کفایت شعاری اور سادگی، وزیراعظم کا دورۂ امریکا پر خصوصی طیارہ استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سادگی، کفایت شعاری کے رہنما اصول پر پابند رہتے ہوئے دورۂ امریکا کے لیے خصوصی طیارہ استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز عبدالقادر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اس بار بھی کفایت شعاری اور سادگی کی مثال قائم کرتے ہوئے نجی پرواز سے امریکا روانہ ہوں گے۔

    اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم کے دورۂ امریکا پر ماضی کے مقابلے میں اخراجات کم آئیں گے اور وہ صرف 1 لاکھ 62 ہزار ڈالر میں اپنا اہم دورہ مکمل کر کے وطن واپس لوٹیں گے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تیاریاں، زلفی بخاری کی اہم ملاقاتیں

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اہم دورے پر امریکا روانہ ہوں گے جس کا شیڈول مرتب کرلیا گیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان 21 ستمبر کو واشنگٹن پہنچے گے جہاں اُن کی صدر ٹرمپ سے دو اہم ملاقاتیں بھی ہوں گے۔

    وزیراعظم پاکستان اور امریکی صدر کی پہلی ملاقات ظہرانے اور دوسری ملاقات ہائی ٹی پر ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے دورہ امریکا کے دوران ملاقاتوں کے شیڈول پر بھی مشاورت کی گئی، یو این جنرل اسمبلی سیشن کے دوران پاکستانی اور کشمیری پرچم لہرانے پر بھی غور کیا گیا۔