Author: عبدالقادر

  • چینی صدر کی دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی کوششوں کی تعریف

    چینی صدر کی دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی کوششوں کی تعریف

     بشکیک : وزیر اعظم عمران خان اور چینی صدر کی ملاقات میں  مشکل وقت میں تعاون فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا جبکہ چینی صدرنے دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا۔

    جس میں کہا گیا وزیراعظم عمران خان نے کرغزستان کے شہر بشکک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت سی پیک منصوبےمیں پیشرفت پرتبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں کےدرمیان خطےکی مجموعی صورتحال پربھی بات چیت ہوئی۔

    چینی صدر نے خطےمیں قیام امن کےلئےپاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور ترقی کےنئےسفرمیں پاک چین کمیونٹی میں رابطوں کےفروغ کافیصلہ کیا گیا اور مضبوط برادرہمسایہ ممالک اسٹریٹجک کوآپریٹوشراکت داری بڑھانے پراتفاق کیا۔

    وزیراعظم نے کہا چینی وزیراعظم وانگ کیشان کادورہ پاکستان انتہائی اہمیت کاحامل رہا، مشکل وقت میں تعاون فراہم کرنےپرچینی صدر سے اظہارتشکر کیا۔

    دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور ساتھ ہی وزیراعظم عمران خان نے چینی صدرکوپاکستان کی بھرپورحمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا پاکستان چین کیساتھ ہرشعبےمیں تعاون جاری رکھےگا، سی پیک منصوبہ کی تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

    دونوں ممالک نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنے پراتفاق کیا گیا۔

    اس سے قبل ترجمان دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر سےگرمجوش ملاقات ہوئی ، ملاقات ایس سی اورکونسل کےسربراہ اجلاس کی سائیڈلائن پر ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات،علاقائی اورعالمی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔

  • سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ عمر میں اضافے کا فیصلہ، وزیراعظم نے رپورٹ طلب کرلی

    سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ عمر میں اضافے کا فیصلہ، وزیراعظم نے رپورٹ طلب کرلی

    اسلام آباد: حکومت نے سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ عمر میں اضافے پر سوچ بچار شروع کردی، وزیراعظم نے سیکریٹری خزانہ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے معاملے پر مشاورت کی ہدایت کردی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز عبداالقادر کے مطابق حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے کی تجویز سامنے آئی، اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان نے سیکرٹری خزانہ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے مشاورت کی ہدایت جاری کی۔

    وزیراعظم نے پنجاب اور خیبر پختون خواہ کے وزرائے اعلی اور چیف سیکرٹریز سے بھی رائے طلب کی جبکہ فیصلے کے اطلاق پر قانونی، مالی اور انتظامی اثرات کے حوالے سے بھی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

    اس ضمن میں وزیر اعظم ہاؤس سے پنجاب اور خیبرپختونخواہ حکومتوں کو بھی ہنگامی مراسلہ ارسال کیا گیا جس میں حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دو روز کے اندر اپنی حتمی تجاویز وزیراعظم آفس کو ارسال کریں۔

    یاد رہے کہ سرکاری ملازمین 60 سال کی عمر میں ریٹائر ہوجاتے ہیں، دو روز قبل خیبرپختونخوا حکومت نے ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کا فیصلہ کیا جس کا اعلان بجٹ پر کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت ریٹائرمنٹ کی عمر میں تین سال کا اضافہ کرے گی جس کے بعد سرکاری ملازمین 60 کے بجائے 63 برس میں ملازمت سے سبکدوش ہوں گے۔

  • وزیر اعظم آج رات قوم سے خطاب کریں گے

    وزیر اعظم آج رات قوم سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان آج رات ساڑھے 10بجےقوم سے خطاب کریں گے.

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان قوم سے خطاب میں سیاسی اور معاشی صورت حال پر اعتماد میں لیں گے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے تصدیق کر دی۔

    توقع کی جارہی ہے کہ اس خطاب میں وزیر اعظم عوام کو اپنے حالیہ اقدامات سے متعلق اعتماد میں لیں گے۔ 

    خیال رہے کہ آج پی ٹی آئی حکومت نے اپنا پہلا بجٹ پیش کیا۔  بجٹ کا حجم 7.22 کھرب روپے رکھا گیا ہے۔ ترقیاتی کاموں کے لیے 1800 ارب روپے مختص کیے  گئے ہیں، ٹیکس وصولیوں کا ہدف 550 ارب رکھا گیا ہے۔ وفاقی بجٹ کا خسارہ 3560ارب روپے ہوگا۔

    بجٹ میں وفاقی وزرا کی تنخواؤں میں 10 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گریڈ 21 اور 22 کے سرکاری افسران کی  تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ چارلاکھ سالانہ آمدن والوں کو انکم ٹیکس دینا ہوگا۔

    مزید پڑھیں: لگتا ہے اللہ تعالی کو پاکستان پر رحم آگیا ، وزیراعظم کاگرفتاریوں پر تبصرہ

    وزیرمملکت برائے ریونیو حماد اظہر بجٹ پیش کیا، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان بھی ایوان میں موجود تھے. 

    بجٹ ارکان کے دوران اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا اور مسلسل نعرے بازی کرتی رہی.

  • لگتا ہے اللہ تعالی کو پاکستان پر رحم آگیا ، وزیراعظم کاگرفتاریوں پر تبصرہ

    لگتا ہے اللہ تعالی کو پاکستان پر رحم آگیا ، وزیراعظم کاگرفتاریوں پر تبصرہ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کو بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری سے آگاہ کردیا گیا، اپوزیشن رہنماوں کی گرفتاری پر عمران خان نے کہا لگتاہے اللہ تعالی کو پاکستان پر رحم آگیا ، نئے پاکستان میں سب کے لیے قانون یکساں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق زیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کوبانی ایم کیو ایم کی گرفتاری سے آگاہ کیا گیا۔

    اپوزیشن رہنماوں کی گرفتاری پر وزیراعظم عمران خان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا لگتاہے اللہ تعالی کو پاکستان پر رحم آگیا ، جو پکڑے جارہے ہیں ان سے ملک کو فائدہ ہوگا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا مہذب معاشروں میں قانون الگ نہیں ہوتا، نئے پاکستان میں سب کےلیےقانون یکساں ہوگا۔

    ارکان اسمبلی نے وزیراعظم سے ترقیاتی فنڈز نہ جاری ہونے کا شکوہ کیا تو وزیراعظم نے جلد ترقیاتی فنڈ جاری کرانے کی یقین دہانی کرادی۔

    مزید پڑھیں : نیب نے حمزہ شہباز کو گرفتار کرلیا

    یاد رہے آج نیب نے لاہور ہائی کورٹ کی عبوری ضمانت میں توسیع مسترد ہونے کے بعد حمزہ شہباز کو گرفتار کرلیا۔

    بعد ازاں یہ خبر سامنے آئی کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بانی ایم کیو ایم کو گرفتار کرلیا، انھیں نفرت انگیزتقاریر پرگرفتار کیا گیا ، نفرت پھیلانے کے جرم میں 6ماہ سے 3 سال تک کی سزاہوسکتی ہے۔

    مزید پڑھیں : بانی ایم کیو ایم لندن میں گرفتار، اسکاٹ لینڈیارڈ کی تصدیق

    گذشتہ روز جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد نیب ٹیم نے سابق صدر آصف زرداری کو بلاول ہاؤس سے گرفتار کرلیا تھا۔

  • وزیراعظم کی صوبائی بجٹ کی تیاری میں کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت

    وزیراعظم کی صوبائی بجٹ کی تیاری میں کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے معاشی صورتحال کے پیش نظر صوبائی بجٹ کی تیاری میں کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا بجٹ کی تیاری میں ہر شعبے میں کفایت شعاری کو یقینی بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے آئندہ مالی سال کیلئےبجٹ تجاویز پر تبادلہ خیال کیاگیا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر اسٹیٹ بینک کی شرکت کی جبکہ چیئرمین ایف بی آر،وفاقی وزیرمنصوبہ بندی ، مشیر تجارت، وزیرخزانہ پنجاب  ہاشم جواں بخت، چیف سیکریٹری، سیکرٹری خزانہ پنجاب بھی شریک تھے۔

    اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو صوبائی بجٹ کے حجم اور ممکنہ اہداف پر بریفنگ دی گئی ، بریفنگ میں کہا گیا صوبائی بجٹ پی ٹی آئی منشورکے تحت  بنایا جا رہا ہے، بجٹ میں انسانی، سماجی ترقی کے لئے رقم مختص کی جا رہی ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا بجٹ تیاری میں زراعت،صنعتی ترقی پربھی خصوصی توجہ دی گئی ، ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ شراکت داری کوفروغ دیا جائے  گا۔

    وزیراعظم عمران خان نے معاشی صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا بجٹ کی تیاری میں ہر شعبے میں کفایت شعاری کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں اعلیٰ سطح پر مثالی اقدامات کئے جائیں۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم کی معاشی ٹیم کو عوام دوست اور معاشی استحکام کے پیش نظر   بجٹ بنانے کی ہدایت

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کی ملاقات ہوئی تھی ، جس میں دونوں نے آئندہ مالی سال کے لیے پیش کیے جانے والے متوقع بجٹ سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

    وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو عوام دوست اور معاشی استحکام کے پیش نظر   بجٹ بنانے کی ہدایت کی تھی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم ہدایت کر چکے ہیں کہ بجٹ میں اخراجات میں ممکنہ حدتک کفایت شعاری اختیار کی جائے۔

  • عوام دوست بجٹ‌ کی تیاری آخری مراحل میں داخل، عمران خان کی اہم ملاقاتیں

    عوام دوست بجٹ‌ کی تیاری آخری مراحل میں داخل، عمران خان کی اہم ملاقاتیں

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں نے آئندہ مالی سال کے لیے پیش کیے جانے والے متوقع بجٹ سے متعلق تجاویز پیش کیں، وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو عوام دوست بجٹ بنانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چئیر مین ایف بی آر شبر زیدی اور اقتصادی ماہرین نے بھی ملاقات کی، معاشی ٹیم نے وزیراعظم کو آئندہ بجٹ سے متعلق اہم تجاویز پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز عبدالقادر کے مطابق چیئرمین ایف بی آر اور دیگر متعلقہ حکام نے بجٹ میں ٹیکس کے نفاذ اور اہداف سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

    وزیراعظم نے بجٹ کی تیاری اور ممکنہ حجم سے متعلق معاشی ماہرین سے بھی مشاورت کی اور انہیں غریب پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجٹ عوام دوست اور معاشی استحکام کے پیش نظر بنایا جائے۔

    مزید پڑھیں: حکومتی ترجمانوں کا اجلاس: بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کے احتجاج سے نمٹنے پر غور

    یہ بھی پڑھیں: سگریٹ پرہیلتھ ٹیکس کے نفاذ کی حتمی منظوری، بابرعطا کی تصدیق

    علاوہ ازیں گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، اور چئیر مین ایف بی آر شبر زیدی نے بھی وزیراعظم کو مختلف تجاو یز  تجاویز کیں جن میں سے  پیشتر کی عمران خان نے منظوری دے دی۔

    یاد رہے کہ حکومت گیارہ جون کو آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے جارہی ہے، اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج اور شوشرابے کو روکنے کے لیے وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کا اجلاس بھی طلب کیا ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان کی  فیملی کے ہمراہ  پر فضا سیاحتی مقام نتھیا گلی آمد

    وزیراعظم عمران خان کی فیملی کے ہمراہ پر فضا سیاحتی مقام نتھیا گلی آمد

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان فیملی کے ہمراہ پر فضا سیاحتی مقام نتھیا گلی پہنچے ، وہاگلے 2 روز تک نتھیاگلی میں ہی قیام کریں گے ، گورنر ہاؤس کے اسٹاف کی وزیر اعظم کے ساتھ تصویر سامنے آگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان گورنرہاؤس نتھیاگلی پہنچے ، جہاں گورنر ہاؤس کے اسٹاف کی وزیر اعظم کےساتھ تصویرسامنےآگئی، عمران خان کی آج بعض پارٹی رہنماوں سے ملاقات متوقع ہے۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے عیدالفطر کی نماز بنی گالہ مسجدمیں ادا کی، جس کے بعد دوپہر 2 بجے فیملی کےساتھ نجی دورے پرنتھیاگلی پہنچے تھے، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے ان کا استقبال کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان فیملی کے ہمراہ مزید دو دن پر فضا مقام پر گزاریں گے، عمران خان ہر سال عیدکی چھٹیاں سیاحتی مقام پر گزارتے ہیں۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم نے نتھیا گلی میں چہل قدمی اور ورزش کی، لوگوں نے تصاویر بھی بنوائیں۔

    مزید پڑھیں : حکومت نے ملک کو ترقی وخوشحالی کے راستے پرگامزن کرنے کے سفر کا آغاز کردیا ہے، عمران خان

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کوئی بھی مستحق افراد کے ساتھ جوش وجذبے سے ان کی خوشیوں میں شریک ہو کر عید کا تہوار حقیقی معنوں میں منا سکتا ہے، حکومت نے ملک کو ترقی وخوشحالی کے راستے پرگامزن کرنے کے سفر کا آغاز کردیا ہے۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ انسانی تاریخ میں ایک عظیم مثال ہے جو پورے بنی نوع انسان کے لیے رحمت اور فلاح کا باعث بنی، عمران خان نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ پاکستان کو امن وخوشحالی کا گہوارہ بنا دے جو ہر پاکستانی کی دلی تمنا ہے۔

  • ملک بھر میں پی ٹی آئی کے تحلیل کیے گئے عہدوں اور تنظیم سازی پر پارٹی چئیرمین کو بریفنگ

    ملک بھر میں پی ٹی آئی کے تحلیل کیے گئے عہدوں اور تنظیم سازی پر پارٹی چئیرمین کو بریفنگ

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کی تشکیل نو کے بعد پارٹی کی کور کمیٹی کا پہلا اجلاس آج چئیرمین عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں منعقد ہوا جس میں چیئرمین کو تنظیم سازی پر بریفنگ دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تشکیل نو کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے پہلے اجلاس میں پارٹی چیئرمین عمران خان کو ملک بھر میں پی ٹی آئی کے تحلیل کیے گئے عہدوں اور تنظیم سازی پر بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، نعیم الحق، فواد چوہدری، مراد سعید، عثمان بزدار، عمران اسماعیل، شبلی فراز، شیریں مزاری، اور بابر اعوان نے شرکت کی۔

    سیکریٹری جنرل ارشد داد اور چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شریک ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  تحریک انصاف کی تمام تنظیمیں اور شعبہ جات تحلیل

    کور کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کی ملک گیر تنظیم نو کے حوالے سے اہم امور پر مفصل بات چیت کی گئی، اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل ملک بھر میں ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف کی تمام تنظیمیں تحلیل کر دی گئی تھیں، نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ اس حکم نامے کا اطلاق سیکریٹری جنرل، سیکریٹری اطلاعات، سیکریٹری مالیات اور او آئی سی کے سیکریٹری پر نہیں ہوگا۔

  • تحریک انصاف کی تمام تنظیمیں اور شعبہ جات تحلیل

    تحریک انصاف کی تمام تنظیمیں اور شعبہ جات تحلیل

    لاہور: ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کی تمام تنظیمیں تحلیل کر دی گئی ہیں، تمام سطحات پر قائم تنظیموں کو تحلیل کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز عبدالقادر کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر تمام سطح پر قائم ہونے والی تنظیموں کو تحلیل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل ارشد داد خان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ  ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کی تمام تنظیموں اور شعبہ جات کو تحلیل کردیا گیا۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق حکم نامےکااطلاق سیکرٹری جنرل،سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری مالیات، او آئی سی کےسیکرٹری پر حکم نامےکااطلاق نہیں ہوگا۔

    ذیلی تنظیمیں اور شعبہ جات تحلیل ہونے والے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہیں جبکہ سیف اللہ خان نیازی چیف آرگنائزر، مخدوم شاہ محمود قریشی وائس چیئرمین، ارشد داد جنرل سیکریٹری، سردار اظہر طارق خان سیکریٹری فنانس، عمر سرفراز چیمہ سیکریٹری انفارمیشن اور ڈاکٹر عبداللہ ریار سیکریٹری او آئی سی کے عہدوں پر کام کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  عوام کا پی ٹی آئی کو جتوانا کرپٹ لوگوں کی بدقسمتی ہے: عمران خان

    پارٹی کی تنظیم نو کی تیاریوں پر کام جاری ہے اور نئے عہدیداران کا اعلان جلد کیا جائے گا، پی ٹی آئی کے 7 عہدیداران کے علاوہ ابھی ملک بھر میں کوئی اور ذمہ دار نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ یکم مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے 23 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پرچی میں لکھ کر پارٹی نہیں ملی۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 23 سالہ جدوجہد کو سمجھنے کی ضرورت ہے، اگر اس جدوجہد کو آپ سمجھ گئے تو پھر ہمیں منزل نظر آ جائے گی، اس جدوجہد میں اچھے اور برے وقت آتے ہیں، کچھ لوگ پارٹی چھوڑ کر چلے جاتے ہیں پھر واپس بھی آ جاتے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کو یقین تھا کہ ان کی کوئی پکڑ نہیں ہوگی، ان کی بد قسمتی ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی کو جتوا دیا۔

  • زرتاج گل نے اپنی بہن کی نیکٹا میں بطور ڈائریکٹر تعیناتی سے متعلق خط واپس لے لیا

    زرتاج گل نے اپنی بہن کی نیکٹا میں بطور ڈائریکٹر تعیناتی سے متعلق خط واپس لے لیا

    اسلام آباد : وزیر موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اپنی بہن کی نیکٹا میں بطور ڈائریکٹر تعیناتی سے متعلق خط واپس لے لیا، وزارت موسمیاتی تبدیلی نے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ کر آگاہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق زرتاج گل کی بہن کی نیکٹا میں بطور ڈائریکٹر تعیناتی کے معاملے پر وزیراعظم کے نوٹس کے بعد زرتاج گل نے تقرری کے لئے لکھا گیا خط واپس لے لیا۔

    اس حوالے سے وزارت موسمیاتی تبدیلی نے سیکرٹری داخلہ کو خط ارسال کردیا، خط میں27فروری کو زرتاج گل کی جانب سے لکھے گئے خط کی واپسی سے آگاہ کر دیا گیا۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ وزیر کی جانب سے خط کا مقصد صرف سی وی کی نشاندہی کرنا تھا اور خط کے ذریعے اقرباء پروری یا نیکٹا دباؤ ڈالنے کی کوشش نہیں کی گئی۔

    علاوہ ازیں وفاقی وزیر زرتاج گل نے اپنے ایک بیان میں بھی کہا ہے کہ بہن کے لئے خط سفارش نہیں بلکہ سی وی کی نشاندہی کیلئے تھا، خط میں سی وی کی نشاندہی کیساتھ میرٹ پرجانچ کا کہا تھا، انہوں نے کہا کہ میراخط میڈیا میں منظرعام پر آیا بلاجواز تنقید کی گئی۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر زرتاج گل کی بہن کی بطور ڈائریکٹر نیکٹا تعیناتی کا سختی سے نوٹس لیا تھا، وزیر اعظم نے ادارے کو لکھے گئے خط سے وفاقی وزیر کو دستبردار ہونے کی ہدایت کی تھی۔

    اس حوالے سے وزیراعظم کے خصوصی مشیر نعیم الحق نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں کوئی عہدیدار اپنے عزیز یا رشتہ دار کو پروموٹ نہیں کر سکتا۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم کا زرتاج گل کے معاملے پر شدید اظہار برہمی، نیکٹا کو لکھا خط واپس لینے کی ہدایت

    انہوں نے کہا کہ غلطی تسلیم کرتے ہوئے خان صاحب کل کابینہ میں اراکین کو آگاہ کریں گے، اگر کوئی اپنی پوزیشن کا غلط استعمال کرے گا تو سزا ہوگی۔