Author: عبدالقادر

  • مشکل معاشی صورت حال سے جلد باہر نکل آئیں گے، وزیراعظم

    مشکل معاشی صورت حال سے جلد باہر نکل آئیں گے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل معاشی صورت حال سے جلد باہر نکل آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں آئینی، قانونی اور سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پوری توجہ معاشی اور اقتصادی صورت حال بہتر بنانے پر مرکوز ہے، مشکل معاشی صورت حال سے جلد باہر نکل آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اہم فیصلے کیے ہیں آئندہ چند ماہ میں بہتر نتائج سامنے آئیں گے، ملک و قوم کا مفاد سیاسی مفاد سے بالاتر ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ قومی اداروں کی تنظیم نو سے معاشی استحکام کی طرف بڑھیں گے۔

    دوسری جانب بابر اعوان نے کہا کہ حالیہ سروے اور عوامی رائے حکومتی فیصلوں کے حق میں ہیں۔

    بابر اعوان نے کہا کہ شریفوں، زرداریوں نے ملک پر رحم کیا ہوتا تو آج ایسے حالات نہ ہوتے، ملکی وسائل کو جس بے دردی سے لوٹا گیا اس کا انہیں حساب دینا ہوگا۔

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم کو تھر کول ذخائر اور ان کے استعمال پر بریفنگ

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں عمران خان کو تھرکول ذخائر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی۔

    وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ بلاک ٹو سے سنہ 2025 تک 5 ہزار میگا واٹ بجلی آئندہ 50 سالوں تک پیدا کی جا سکتی ہے، وزیر اعظم کو تھر میں کان کنی کے منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تھر کوئلہ ملک کا ایک اہم اثاثہ ہے، اس اثاثے کو ماضی میں نظر انداز کیا جاتا رہا۔ کوئلے کے استعمال سے توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

  • حکومت کا ملک میں بجلی سے چلنے والی کاریں متعارف کرانے پر غور

    حکومت کا ملک میں بجلی سے چلنے والی کاریں متعارف کرانے پر غور

    اسلام آباد : پاکستان الیکٹرک کاروں کی پیداوار کی دوڑمیں شامل ہونے کو تیار ہے، حکومت ملک میں بجلی سے چلنے والی کاریں متعارف کرانے پر غور کررہی ہے، الیکٹرک کاروں پر پالیسی فریم ورک پر2 ماہ تک پیشرفت کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت ماحولیاتی تبدیلیوں سےمتعلق اجلاس ہوا ، اجلاس میں مشیرماحولیات،وزیرنیشنل فوڈسیکیورٹی اور وزیر منصوبہ  بندی شریک ہوئے ، وزیرتوانائی،مشیرتجارت اورمعاون خصوصی فردوس عاشق ، وزرائےاعلیٰ کےپی وبلوچستان وجی بی،وزیراعظم آزاد کشمیر ، سینئر  افسران نے بھی شرکت کی۔

    وزیراعظم عمران خان کوالیکٹرک وہیکل پالیسی اور پنجاب میں سموگ کی روک تھام اوراقدامات اور گلگت بلتستان اورآزادکشمیرمیں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلقہ امورپر پر بریفنگ دی گئی۔

    حکومت نے ملک میں بجلی سے چلنے والی کاریں متعارف کرانے پر غور کرنے کا فیصلہ کرلیا ، وزیراعظم کوالیکٹرک کار منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی ، الیکٹرک کاروں پر پالیسی فریم ورک پر2 ماہ تک پیشرفت کا امکان ہے۔

    مشیر ماحولیات،وزیرتوانائی،وزیرمنصوبہ بندی نےتجاویزپیش کردیں، الیکٹرک کاروں کی درآمدی ڈیوٹی صفرکرنےاورمراعات پربھی غور کیا جارہا ہے جبکہ الیکٹرک کاروں کےمینوفیکچرنگ یونٹ پاکستان میں لگائےجائیں گے۔

    تجربہ کامیاب رہاتوایکسپورٹ کالائحہ عمل بھی تیارکیاجائےگا، سال2022 تک متعدد کار ساز کمپنیاں الیکٹرک کاروں کی تیاری بڑھا دیں گی۔

    اجلاس میں بتایا گیا حکام نے اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ کے استعمال کے خاتمے کے لیے بھی قواعد و ضوابط بنا لیے ہیں جبکہ رواں برس 14 اگست سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ بھی  کیا ۔

    خیال رہے ماحولیاتی الودگی پر قابو پانے کے لئے کئی ممالک 3سال میں30فیصد تک بجلی پر چلنے والی کاروں کا استعمال شروع کردیا ہے۔

  • وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

    وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رواں برس 14 اگست سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیر ماحولیات ملک امین اسلم، وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی، وزیرِ منصوبہ بندی، وزیر توانائی عمر ایوب، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد اور معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے شرکت کی۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن اور سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔

    اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو الیکٹرک وہیکل پالیسی اور پنجاب میں اسموگ کی روک تھام اور اس سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیر اعظم کو گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلقہ امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے 10 ارب درخت لگانے کے منصوبے پر اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ بھی شامل تھی۔

    حکام نے اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ کے استعمال کے خاتمے کے لیے بھی قواعد و ضوابط بنا لیے ہیں جبکہ رواں برس 14 اگست سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ملک کے مختلف شہروں اور ضلعوں میں بھی پلاسٹک کے استعمال اور خرید و فروخت پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

    گزشتہ ماہ گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں بھی پلاسٹک کے استعمال پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی جس کے بعد ہنزہ پلاسٹک کو ممنوع قرار دینے والا ایشیا کا پہلا ضلع بن گیا ہے۔

  • حکومت کا مریم نواز کی جانب سے خرچ کی گئی رقم کی انکوائری کرانے کا فیصلہ

    حکومت کا مریم نواز کی جانب سے خرچ کی گئی رقم کی انکوائری کرانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام میں اربوں کی مبینہ خوردبرد پر حکومت نے مریم نواز کی جانب سے خرچ کی گئی رقم کی انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے مریم نواز کی جانب سے خرچ کی گئی رقم کی انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا ہے، انکوائری کا فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کے مطابق مریم نواز نے یوتھ پروگرام کے نام پر قوم کے 67 ارب روپے ضائع کردئیے۔

    نعیم الحق نے کہا کہ رقم بظاہر لیپ ٹاپ اور قرضوں کی مد میں خرچ کی گئی، خطیر رقم خرچ کرنے کے نتائج سامنے نہیں آئے، رقم کہاں خرچ ہوئی، آڈٹ مکمل کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: ملک لوٹنے والوں‌ سے حکومت حساب لے گی، نعیم الحق

    واضح رہے کہ چند روز قبل نعیم الحق کا کہنا تھا کہ جس نے بھی پاکستان کی دولت کو لوٹا ہے تحریک انصاف کی حکومت میں اسے جواب دینا ہوگا، کسی بھی شخص سے کوئی ڈیل یا این آر او نہیں ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف عدالتی فیصلے کے بعد ملک سے باہر گئے اور اگر عدالت بہتر سمجھے گی تو ان کو واپس بھی بلا لے گی۔

  • پاک ایران گیس پائپ لائن :پاکستان نے ایرانی نوٹس کا جواب دے دیا

    پاک ایران گیس پائپ لائن :پاکستان نے ایرانی نوٹس کا جواب دے دیا

    اسلام آباد:پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبہ میں تاخیر کے معاملے پر پاکستان نے ایرانی خط کا جواب دیتے ہوئے ایران پر عالمی پابندیوں کو جواز قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران نے28 فروری 2019کو حکومت ِ پاکستان کو پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرنے کے لئے نوٹس بھجوایا تھا ، جس کا جواب ، پاکستان کی وزارت پٹرولیم کی جانب سے دیا گیا ہے۔

    ایران نے اپنے نوٹس میں موقف اختیار کیا تھا کہ پاکستان نے اگر گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل نہ کیا تو ایران اس معاملے کے حل کے لیے عالمی عدالت سے رجوع کرے گا۔

    پاکستانی وزارتِ پٹرولیم نے اس نوٹس پر اپنے جواب میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایران پرعالمی پابندیاں منصوبہ کی تکمیل میں رکاوٹ ہیں،پابندیاں ختم ہونے پرمنصوبہ مکمل کرلیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے نوٹس پر غور کیلئے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس بھی منعقد ہوا تھا ،وزیر اعظم نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے ضروری احکامات جاری کردیئے۔ ا نہوں نے اقوام متحدہ، امریکہ، یورپین کونسل سمیت دیگر فورمز کو قانونی یادداشت بھیجنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ عالمی اداروں سے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر واضح پوزیشن لی جائے۔

    دوسری جانب وزیر اعظم کی جانب سے وزارت خارجہ کو ایران کے ساتھ تناؤ ختم کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے ، یہ بھی کہا گیاہے کہ ایران کے ساتھ آئی پی گیس منصوبے کے لیے مفاہمتی طریقہ اختیار جائے۔

    وزیر اعظم نے یہ بھی حکمم دیا کہ کہ ایران کے ساتھ مل کرمنصوبے پر عمل درآمد کے امکانات تلاش کئے جائیں، جبکہ ایران سے گیس کی قیمت خرید پر بھی نظرثانی کا عمل شروع کیا جائے ۔

    یاد رہے کہ پیپلز پارٹی دور حکومت کے آخری دنوں میں ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کے معاہدے کو حتمی شکل دی گئی تھی ، ایران اپنے علاقے میں گیس پائپ لائن بچھا چکا ہے جبکہ پاکستان ، ایران پر عائد عالمی پابندیوں کے سبب اس معاملے میں پیش رفت سے قاصر ہے۔

  • اسد عمر قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے رکن تعینات، نوٹی فکیشن جاری

    اسد عمر قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے رکن تعینات، نوٹی فکیشن جاری

    اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو کمیٹی برائے خزانہ کا رکن بنادیا گیا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری ہوگیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز عبدالقادر کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائےخزانہ کی تشکیل نو کردی گئی جس کے تحت سابق وزیرخزانہ اسد عمر کمیٹی برائےخزانہ کا رکن بنا دیا گیا۔

    قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق اسدعمرکو تحریک انصاف کے رکن سید عبدالباسط احمدسلطان کی جگہ کمیٹی کارکن بنایاگیا۔

    اسد عمر کو کمیٹی چیئرمین بنانےکے لئے اجلاس پیر کو اسمبلی سیکریٹریٹ میں طلب کرلیا گیا جس میں سابق وفاقی وزیر خزانہ کو فیض اللہ کی جگہ کمیٹی کاچیئرمین بنانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: اسد عمر کو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ مقرر کیا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت

    قبل ازیں  وزیر اعظم عمران خان نے اپنے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ مقرر کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ انہوں نے اسد عمر کو قائمہ کمیٹی کا رکن بننے کی منظوری دیتے ہوئے عامر ڈوگر کو ہدایات جاری کی تھیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز اسد عمر اور وزیر اعظم کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں وزیر اعظم نے اسد عمر کو ایک بار پھر کابینہ کا حصہ بننے کی پیش کش کی تھی علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر خزانہ سے شیخ رشید نے ملاقات کر کے انہیں کابینہ میں دوبارہ شمولیت پر آمادہ بھی کیا تھا۔

    واضح رہے کہ اسد عمر نے 18 اپریل کو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے وزارت خزانہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، اس سے تین دن قبل اے آر وائی نیوز نے ان کے قلم دان کی تبدیلی کی خبر دی تھی۔ وزارت خزانہ چھوڑنے کے بعد اسد عمر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں اقرار کیا کہ انھیں کارکردگی کی بنیاد پر وزارت سے ہٹایا گیا۔ انھوں نے وزارت سے ہٹنے کے بعد وزیر اعظم کی خواہش کے باوجود کوئی اور وزارت لینے سے انکار کیا۔

  • پی ٹی آئی نے مریم نواز کو ن لیگ کا نائب صدر بنانے کا فیصلہ چیلنج کردیا

    پی ٹی آئی نے مریم نواز کو ن لیگ کا نائب صدر بنانے کا فیصلہ چیلنج کردیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں مریم نواز کو پارٹی عہدہ دینے کے فیصلے کے خلاف باضابطہ درخواست دائر کردی، درخواست میں کہا گیا مریم نواز سزا یافتہ ہیں، احتساب عدالت نے مریم نواز کو عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو پارٹی عہدہ دینے کے فیصلے کے خلاف باضابطہ درخواست اراکین قومی اسمبلی نے تیار کی، بیرسٹر ملیکہ بخاری، میاں فرخ حبیب، جویریہ ظفر آہیر اور کنول شوذب درخواست گزاروں میں شامل ہیں۔

    مریم نواز کو پارٹی عہدہ ملنے کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی ، درخواست میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز احتساب عدالت سے سزا یافتہ ہیں، احتساب عدالت نے ان کو عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیا، پارٹی عہدہ نجی حیثیت کا حامل نہیں ہوتا۔

    پانامہ رانی نائب صدر کا عہدہ نہیں رکھ سکتی، فرخ حبیب


    پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی فرخ حبیب نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا ن لیگ کے اندر قیادت کا فقدان ہے، ن لیگ والےچاہتےہیں پاکستان میں رائے ونڈ کا قانون نافذ کیا جائے۔

    فرخ حبیب کا کہنا تھا پانامہ رانی نائب صدر کا عہدہ نہیں رکھ سکتیں، زبردستی کی ٹیسٹ ٹیوب لیڈرشپ نافذ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    درخواست میں عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کا بھی مفصل ذکر موجود ہے۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کا مریم نواز کو ن لیگ کا نائب صدر بنانے کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

    یاد رہے پاکستان مسلم لیگ ن کی تنظیم نو کے تحت پارٹی عہدے داروں کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز پارٹی کا نائب صدر مقرر کیا گیا تھا جبکہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر ہوں گے۔

    بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو ن لیگ کا نائب صدر بنانے کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    شاہ محمودقریشی نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ ملنے کے معاملے کو ہر سطح اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا عدالت سےسزایافتہ کوپارٹی عہدہ نہیں دیا جا سکتا ہے، مریم نواز کو سزا معطلی کا عارضی ریلیف ملا ہے، سزا برقرار ہے۔

  • وزیر اعظم  کل راولپنڈی میں گائنی  کے جدید اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیر اعظم کل راولپنڈی میں گائنی کے جدید اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کل راولپنڈی میں ماوں اور بچوں کے جدید اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، اسپتال کی تعمیر دوسال میں مکمل ہوگی، پانچ ارب 94کروڑ سے زائد اخراجات آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کل راولپنڈی میں ماوں اور بچوں کے جدید اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، 200 بیڈز کے نئے اسپتال کا سنگ بنیاد کل شام کو راولپنڈی میں رکھا جائے گا۔

    وزیر اعظم تقریب سے خطاب بھی کریں گے ، تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،وفاقی وزراء شیخ رشید ،طارق بشیر چیمہ اور ڈاکٹر ظفرالہ شریک ہوں گے۔

    اسپتال کی تعمیر دوسال میں مکمل ہوگی، پانچ ارب 94کروڑ سے زائد اخراجات آئیں گے، گائنی اسپتال اصغرمال روڑپر 105 کنال اراضی پر تعمیر کیا جائے گا، روزانہ 1500 خواتین کا علاج ہوگا۔

    اسپتال وفاقی شیخ رشید کے حلقے میں تعمیر ہوگا، شیخ رشید آج شام پریس کانفرنس میں تفصیلات بتائیں گے۔

    اسپتال میں 25 بیڈ کی ایمرجنسی، جدید آپریشن تھیٹرز، لیبر رومز، انتہائی نگہداشت یونٹس قائم کئے جائیں گے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے کابینہ ڈویژن کی سرپرستی میں اسپتال کا منصوبہ 2020 میں مکمل ہوگا۔

  • وزیراعظم نے اسدعمرکو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ بنانے کی منظوری دے دی

    وزیراعظم نے اسدعمرکو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ بنانے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے اسد عمر کو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ بنانے کی منظوری دیتے ہوئے پارٹی چیف عامر ڈوگر کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اسدعمر کو نئی ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسد عمر کو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ بنانے کی منظوری دے دی۔

    وزیراعظم نے پارٹی چیف عامرڈوگرکوہدایات جاری کیں کہ اسدعمرکوچیئرمین قائمہ کمیٹی برائےخزانہ مقررکیاجائے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے اسد عمر کی اہم ملاقات ہوئی تھی، جس میں وفاقی کابینہ میں اسد عمر کی واپسی سے متعلق معاملات پر مشاورت کی گئی تھی۔

    ذرایع نے بتایا تھا وزیر اعظم نے اسد عمر کو ایک بار پھر کابینہ کا حصہ بننے کی پیش کش کی تھی۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم سے اسد عمرکی ملاقات، سابق وزیر خزانہ کو ایک بار پھر کابینہ میں شمولیت کی پیش کش

    اس سے قبل وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی اسد عمر سے ملاقات کی تھی ، جس میں کابینہ میں دوبارہ شمولیت کے معاملے پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا

    خیال رہے کہ وزارت چھوڑنے کے بعد سے شیخ رشید سے اسد عمر کی اب تک 3 ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔

    واضح رہے کہ اسد عمر نے 18 اپریل کو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے وزارت خزانہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، اس سے تین دن قبل اے آر وائی نیوز نے ان کے قلم دان کی تبدیلی کی خبر دی تھی۔

    وزارت خزانہ چھوڑنے کے بعد اسد عمر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں اقرار کیا کہ انھیں کارکردگی کی بنیاد پر وزارت سے ہٹایا گیا جبکہ انھوں نے وزارت سے ہٹنے کے بعد وزیر اعظم کی خواہش کے باوجود کوئی اور وزارت لینے سے انکار کیا تھا۔

  • پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی، کابینہ اجلاس میں فیصلہ

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی، کابینہ اجلاس میں فیصلہ

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، وزیر اعظم نے ایک بار پھر وفاقی کابینہ اجلاس میں کرپشن کے خاتمے پر زور دیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ای سی سی کا فیصلہ برقرار رہے گا۔

    کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم نے ایک بار پھر کرپشن کے خاتمے پر زور دیا، انھوں نے کہا کہ کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، چوروں اور لٹیروں کو نہیں چھوریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ: عدالت نے وفاقی حکومت اوردیگر کونوٹس جاری کردیے

    وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کم زور معیشت وراثت میں ملی ہے، معیشت میں بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وزرا سحر و افطار میں غریبوں کا خیال رکھیں، مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزوں پر نظر رکھی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان تحریک انصاف امیر ترین سیاسی جماعت بن کر سامنے آ گئی

    دریں اثنا، وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم نے وفاقی وزرا کو مزید اختیارات دینے کا بھی فیصلہ کیا، تاہم اس سلسلے میں وفاقی وزرا کو مزید با اختیار بنانے کے لیے اہم فیصلے چند روزمیں کیے جائیں گے۔

    وزیر اعظم نے کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی شرکت کا فیصلہ کیا، عمران خان نے پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی کل طلب کر لیا، یہ اجلاس کل دوپہر پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔