Author: عبدالقادر

  • سابق گورنراسٹیٹ بینک طارق باجوہ کوکیوں ہٹایا گیا، اصل وجوہات سامنے آگئیں

    سابق گورنراسٹیٹ بینک طارق باجوہ کوکیوں ہٹایا گیا، اصل وجوہات سامنے آگئیں

    اسلام آباد: سابق گورنراسٹیٹ بینک کے عہدے سے مستعفیٰ ہونے والے طارق باجوہ کے استعفیٰ کی اندورنی کہانی منظرعام پرآگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق گورنراسٹیٹ بینک طارق باجوہ کوکیوں ہٹایا گیا، اصل وجوہات سامنے آگئیں۔

    طارق باجوہ حکومتی احکامات پرعملدرآمد میں بار بار رکاوٹ بنتے رہے، اقتصادی معاملات سے متعلق وزیراعظم کے احکامات کو بھی نظر اندازکیا گیا۔

    طارق باجوہ نے کاروباری افراد کوواجب الادا رقم کی ادائیگی کے واؤچر جاری کرنے سے بھی انکار کیا، 400ارب روپے کے واؤچرجاری کرنے کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی تھی۔

    ذرائع کے مطابق سابق گورنراسٹیٹ بینک طارق باجوہ اہم معلومات لیک کرنے میں بھی ملوث تھے۔ سابق گورنراسٹیٹ بینک طارق باجوہ مفرورسابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے بہت قریب تھے۔

    طارق باجوہ نے حکومت کو بغیربتائے روپے کی قدر کم کی تھی، وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ڈالرکی قدر میں اضافے کا ٹی وی سے علم ہوا۔

    طارق باجوہ نے پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے روزشرح سود بڑھا دی تھی، ان کے اقدام پر وزیراعظم عمران خان اوروزرا نے اظہارناراضی کیا تھا۔

    سابق گورنراسٹیٹ بینک نے 2013 میں پارلیمنٹ کوغلط اعداوشمار پرمبنی سمری بھیجی جس میں بتایا گیا کہ سوئس بینکوں میں پاکستانیوں کے 200 ارب ڈالرز موجود ہیں۔

    ذرائع کے مطابق 2014 میں دھرنے کے دوران سوئس حکام سے رقم کی معلومات کے لیے رابطہ کیا گیا، چیئرمین ایف بی آرطارق باجوہ کی قیادت میں سوئٹزرلینڈ جانے کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی۔

    طارق باجوہ نے آخری لمحات میں اپنا دورہ منسوخ کرکے جونیئرافسرسوئٹزرلینڈ بھیج دیا، سوئس حکام نے پاکستانیوں کے نام اوررقم کی تفصیل دینے پررضامندی ظاہرکردی تھی۔

    طارق باجوہ نے سوئٹزرلینڈنہ جانے کا ملبہ دھرنے پر ڈال دیا تھا، جونیئرافسرمعاہدہ طے کرکے آئے توطارق باجوہ نے اسحاق ڈارکولکھا ابھی معاہدہ نہیں کرسکتے۔

    انہوں نے سوئٹزرلینڈ جانے والی ٹیم کے سربراہ اشفاق احمد خان کوشوکازنوٹس بھی بھیجا تھا، نوٹس میں لکھا گیا آپ کس حیثیت سے سوئٹزرلینڈ گئے، معاملے کی انکوائری کرائی گئی۔

    حکومت کے بڑے فیصلے، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر عہدوں سے فارغ

    یاد رہے کہ دو روز قبل حکومت نے معاشی صورت حال کے پیش نظر گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان کو عہدوں سے ہٹایا تھا جس کے بعد دونوں اہم نشستیں خالی ہوئیں۔

    طارق باجوہ اسٹیٹ بینک کے گورنر کے طور پر امور سرانجام دے رہے تھے انہیں 7 جولائی 2017 کو عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ سابق سیکریٹری خزانہ اور سابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین طارق باجوہ کو گورنر تعینات کرنے کا نوٹی فکیشن سابق صدر ممنون حسین نے جاری کیا تھا۔

  • ڈاکٹر رضا باقر تین سال کے لیے گورنر اسٹیٹ بینک تعینات، نوٹی فکیشن جاری

    ڈاکٹر رضا باقر تین سال کے لیے گورنر اسٹیٹ بینک تعینات، نوٹی فکیشن جاری

    اسلام آباد: حکومت پاکستان نے ڈاکٹر رضا باقر کو گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کرنے کا نوٹی فکیشن جار ی کردیا۔

    نمائندہ اے آر وائی کے مطابق ڈپٹی سیکریٹری سہیل تالپور کی جانب سے ڈاکٹر باقر کو تین سال کے لیے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان تعینات کیے جانے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔

    یاد رہے کہ ڈاکٹررضاباقررومانیہ میں  آئی ایم ایف کےمشن چیف رہ چکے ہیں جبکہ وہ آئی ایم ایف کی ڈیٹ پالیسی ریویژن کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ دوسری جانب سابق گورنراسٹیٹ بینک طارق باجوہ کااستعفیٰ بھی منظور کرلیا گیا۔

    علاوہ ازیں حکومت نے ڈاکٹر مجتبیٰ میمن کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا جس کا فی الحال کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ ڈاکٹراحمدمجتبیٰ ایڈیشنل سیکریٹری فنانس ڈویژن خدمات انجام دےرہےہیں۔

    ڈاکٹر رضا باقر کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری

    ڈاکٹر مجتبیٰ میمن کا تعلق پاکستان کسٹمر سروس سے ہے جبکہ انہیں کچھ عرصہ قبل ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ بھی تعینات کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر کون ہوگا؟ مختلف ناموں پر غور شروع

    یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے معاشی صورتحال کے پیش نظر گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان کو عہدوں سے ہٹایا تھا جس کے بعد دونوں اہم نشستیں خالی ہوئیں۔

    طارق باجوہ کا استعفیٰ منظور

    ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان دونوں کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے اور انہیں ہٹانے کا فیصلہ سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کے دور میں ہوچکا تھا البتہ ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر فیصلے میں تاخیر پیش آئی۔

  • گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر کون ہوگا؟ مختلف ناموں پر غور شروع

    گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر کون ہوگا؟ مختلف ناموں پر غور شروع

    اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا گورنر اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا چیئرمین نامزد کرنے کے لیے حکومت نے مختلف ناموں پر غور شروع کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی چیئرمین شپ کے لیے احمد مجتبیٰ میمن، جاوید غنی اور فضل یزانی کے نام زیر غور ہیں جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک کے لیے ڈاکٹر باقر رضا کو مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی عبد القادر مطابق ڈاکٹر رضا باقر مصرمیں آئی ایم ایف کےسینئرعہدیدار ہیں اور وہ رومانیہ میں آئی ایم ایف کے مشن چیف بھی رہ چکے ہیں، انہیں ممکنہ طور پر اسٹیٹ بینک کا گورنر تعینات کیا جاسکتا ہے البتہ تقرری کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔

    مزید پڑھیں: حکومت کے بڑے فیصلے، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر عہدوں سے فارغ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے معاشی صورتحال کے پیش نظر گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان کو عہدوں سے ہٹایا تھا جس کے بعد دونوں اہم نشستیں خالی ہوئیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان دونوں کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے اور انہیں ہٹانے کا فیصلہ سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کے دور میں ہوچکا تھا البتہ ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر فیصلے میں تاخیر پیش آئی۔

  • حکومت کے بڑے فیصلے، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر عہدوں سے فارغ

    حکومت کے بڑے فیصلے، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر عہدوں سے فارغ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اقتصادی صورتحال کے پیش نظر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور چیئرمین ایف بی آر محمد جہانزیب خان کو عہدوں سے برطرف کردیا۔

    نمائندہ اے آر وائی عبدالقادر کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین کو عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ پہلے ہی ہوچکا تھا البتہ بعض وجوہات کی بنا پر فیصلے میں‌تاخیر ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے عہدوں سے برطرفی کا فیصلہ اقتصادی صورتحال کے پیش نظر کیا اور دونوں کو ہٹانے کا فیصلہ سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کے دور میں ہوچکا تھا۔ دوسری جانب بینک دولت پاکستان کے ترجمان نے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کو عہدے سے ہٹانے کی تصدیق بھی کردی۔

    ذرائع کے مطابق ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے اور روپے کی قدر گرنے کی وجہ سے گورنر اسٹیٹ بینک کو عہدے سے ہٹایا گیا جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات نہ ہونے پر چیئرمین ایف بی آر کو سبک دوش کیا گیا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’ وزیراعظم کئی ماہ سےدونوں عہدیداروں کی کارکردگی سےناخوش تھے اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر بھی ہٹانے کی سفارش کرچکے تھے‘۔

    مزید پڑھیں: ایف بی آر کے کرپٹ ملازمین بھی قانون کے دائرے میں

    یاد رہے کہ طارق باجوہ اسٹیٹ بینک کے گورنر کے طور پر امور سرانجام دے رہے تھے انہیں 7 جولائی 2017 کو عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ سابق سیکریٹری خزانہ اور سابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین طارق باجوہ کو گورنر تعینات کرنے کا نوٹی فکیشن سابق صدر ممنون حسین نے جاری کیا تھا۔

    ایف بی آر کی ویب سائٹ پر موجود فہرست کے مطابق طارق باجوہ کے گورنر اسٹیٹ بینک تعینات ہونے کے بعد رخسانہ یامین کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا گیا انہوں نے 02 جولائی 2018 سے 29 اگست تک امور انجام دیے، جس کے بعد تحریک انصاف کی حکومت نے ایف بی آر کاچیئرمین محمد جہازیب خان کو تعینات کیا تھا۔

  • رمضان میں کسی صورت مہنگائی نہیں ہونی چاہیئے: وزیر اعظم کی سخت ہدایت

    رمضان میں کسی صورت مہنگائی نہیں ہونی چاہیئے: وزیر اعظم کی سخت ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی زیر صدارت مہنگائی میں کمی پر خصوصی اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے سختی سے ہدایت کی کہ ماہ رمضان میں کسی صورت مہنگائی نہیں ہونی چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت مہنگائی میں کمی پر خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ، مشیر تجارت، مشیر خزانہ، صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ وفاقی و صوبائی وزرا شریک ہوئے۔

    اجلاس میں صوبائی وزرا اور متعلقہ سیکریٹریز نے وزیر اعظم کو رمضان سے متعلق حکمت عملی پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رمضان بازاروں میں چینی 55 روپے فی کلو فراہم کی جائے گی، 10 کلو آٹے کی 290 روپے میں فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ ضروری اشیا کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

    وزیر اعظم نے رمضان میں اشیائےخور و نوش کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یقینی بنایا جائے تمام اشیا مقرر شدہ ریٹ پر عوام کو دستیاب ہوں، انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔

    انہوں نے منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا حکم بھی دیا۔ اجلاس میں بجلی، گیس اور پانی کی دستیابی کی مانیٹرنگ کے لیے صوبائی سطح پر کنٹرول رومز قائم کرنے کا فیصلہ بھی ہوا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ فیلڈ افسران کی جانب سے روازنہ بھیجی گئی رپورٹس کا جائزہ لیا جائے۔ حکومت کو عوام کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔ حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ عوام کو ممکنہ ریلیف دیا جا سکے۔

    انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ ماہ رمضان میں کسی صورت مہنگائی نہیں ہونی چاہیئے۔ ضلعی انتظامیہ اور وفاقی و صوبائی حکومتوں میں رابطہ ضروری ہے۔ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    وزیر اعظم نے حکم دیا کہ انتظامیہ ایسے عناصر کے خلاف فوری ایکشن کو یقینی بنائے۔ انہوں نے اشیا کے معیار کو یقینی بنانے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کردی۔

    وزیر اعظم نے سحر و افطار میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت بھی کردی۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے جبکہ امن و امان کی صورتحال پر مکمل نظر رکھی جائے۔

  • حکومتی اخراجات کا بوجھ کم کرنے کے لیے نجی شراکت داری ناگزیر ہے: وزیر اعظم

    حکومتی اخراجات کا بوجھ کم کرنے کے لیے نجی شراکت داری ناگزیر ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کے لیے پیچیدہ طریقہ کار کو ختم کیا جا رہا ہے۔ حکومتی اخراجات کا بوجھ کم کرنے کے لیے نجی شراکت داری ناگزیر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سے ملائیشیا کے سابق وزیر اور پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ڈیلیوری یونٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ادریس جالہ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور مشیر اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب بھی موجود تھے جبکہ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر اور سینئر حکام بھی شامل تھے۔

    ملاقات میں حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے پر عملدر آمد اور کامیاب نتائج کے لیے تجاویز پیش کی گئیں جبکہ برآمدات، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کے لیے بھی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران دی گئی تجاویز کا خیر مقدم کیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری میں آسانی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے جامع منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے، سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کے لیے پیچیدہ طریقہ کار کو ختم کیا جا رہا ہے۔ حکومتی اخراجات کا بوجھ کم کرنے کے لیے نجی شراکت داری ناگزیر ہے۔ نجی شراکت داری کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اقتصادی و معاشی منصوبہ بندی کے لیے ادریس جالہ سے مشاورت کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلیٰ حکام کو ادریس جالہ کے ساتھ ملاقاتوں کی ہدایت کردی۔

  • شہباز شریف سے کوئی ڈیل نہیں‌ ہوئی، ملک لوٹنے والوں‌ سے حکومت حساب لے گی، نعیم الحق

    شہباز شریف سے کوئی ڈیل نہیں‌ ہوئی، ملک لوٹنے والوں‌ سے حکومت حساب لے گی، نعیم الحق

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی نعیم الحق نے شہباز شریف کی ڈیل سے متعلق چلنے والی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے تمام باتوں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نعیم الحق نے شہباز شریف کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ چھوڑنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ استعفے کی وجوہات کا مجھے کوئی علم نہیں ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم شروع دن سے شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے کے خلاف تھے، مستعفیٰ ہونے کے معاملے پر مشاورت کے بعد ہی ردعمل دیں گے۔

    مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن کی سیکنڈ لیڈر شپ قیادت سنبھال سکتی ہے، خواجہ آصف

    نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ’جس نے بھی پاکستان کی دولت کو لوٹا تحریک انصاف کی حکومت میں اُسے جواب دینا ہوگا، کسی بھی شخص سے کوئی ڈیل یا این آر او نہیں ہوگا۔‘ معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ شہبازشریف عدالتی فیصلے کے بعد ملک  سے باہر گئے اور اگر عدالت سمجھ گی تو اُن کو واپس بھی بلا لے گی۔

    یاد رہے کہ شہبازشریف گزشتہ دنوں اپنی پوتی کو دیکھنے اور علاج کرانے کی غرض سے لندن گئے تھے، ذرائع کے مطابق انہوں نے لندن میں اپنا قیام غیر معینہ مدت تک طویل کردیا۔ قائد حزب اختلاف نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے بھی مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا جس کے بعد مسلم لیگ ن نے رانا تنویر کو عہدے کے لیے نامزد کردیا۔

  • وزیر اعظم کا سات سال سے وطن واپس نہ آنے والے مزدوروں کے لیے بڑا اعلان

    وزیر اعظم کا سات سال سے وطن واپس نہ آنے والے مزدوروں کے لیے بڑا اعلان

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سات سال سے وطن واپس نہ آنے والے مزدوروں کو ائیر ٹکٹ پر سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیراعظم کی زیر صدارت مزدوروں کی فلاح و بہبود سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں "مزدورکا احساس پروگرام” کے انعقاد کی منظوری دی گئی، پروگرام کی تقریب کل احساس پروگرام کے تحت منعقد ہو گی.

    اجلاس میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر، معاون خصوصی زلفی بخاری، فردوس عاشق اعوان، ندیم افضل چن شریک ہوئے.

    اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ سات تک پاکستان نہ آ سکنے والے مزدوروں کو حکومت سبسڈی فراہم کرے گی.

    معاشرے کے کمزور طبقوں، مزدوروں بشمول گھروں میں کام کرنے والے افراد کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے. اس موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کی گئی.

    اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں اقدامات کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے، ابتدا رجسٹریشن کے عمل سے کی جائے گئی، تاکہ تمام مزدوروں کا مکمل ریکارڈ میسر آسکے.

    مزید پڑھیں: وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی سمری پر نظرثانی کی ہدایت کر دی

    اس موقع پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ احساس روگرام غربت میں کمی کے لئے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، کمزور طبقوں کے لئے 115 سماجی فلاحی پروگرام ترتیب دیے جا رہے ہیں.

    پروگرام کے تحت آئندہ ایک سال میں روایتی اور غیر روایتی شعبوں سے منسلک مزدوروں کی رجسٹریشن عمل میں لائی جائے گی.

  • وزیر اعظم عمران خان 2 مئی کو مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیر اعظم عمران خان 2 مئی کو مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان 2مئی کو مہمندڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے، تقریب میں شرکت کے لئے دعوت نامے ارسال کردیئے گئے ہیں، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی تقریب سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مہمند ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، ڈیم کا سنگ بنیاد 2مئی کو رکھا جائے گا، جس کے لئے دعوت نامے ارسال کردیئے گئے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان اس تاریخ ساز منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی تقریب سے خطاب کریں گے جبکہ وفاقی وزرا ، چیئرمین واپڈا ، چیف منسٹر کے پی شریک ہوں گے۔

    یاد رہے چند روز قبل وفاقی وزیرآبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا تھا مہمندڈیم کاٹھیکہ ایوارڈ ہوگیا، جلدسنگ بنیادرکھا جائے گا، جسٹس(ر)ثاقب نثارکومہمندڈیم سنگ بنیادپربلائیں گے ، سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکاڈیم کےلیےبہت اچھاکرداررہا۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم جلد مہمندڈیم کی تعمیر کا باقاعدہ افتتاح کریں گے،فیصل واوڈا

    واضح رہے کہ مہمند ڈیم ضلع مہمند میں دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس سے 5 کلومیٹر اپ سٹریم تعمیر کیا جا رہا ہے،700 فٹ بلنڈ ڈیم میں 1.293 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا،مہمند ڈیم کی تعمیر نومبر 2024 میں مکمل ہو گی۔

    خیال رہے 6 جولائی 2018 کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

    جس کے بعد دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے کھولے جانے والے فنڈز میں پاکستانیوں کی جانب سے عطیات دینے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور اب تک ڈیم فنڈ میں 10 ارب سے زائد رقم جمع ہوچکی ہے۔

  • چین پاکستان سے ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کررہا ہے، وزیراعظم

    چین پاکستان سے ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کررہا ہے، وزیراعظم

    بیجنگ: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کوٹیکس سمیت دیگرمعاملات میں سہولتیں دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اک چین تجارت اورسرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرا چین کا پہلا دورہ بہتررہا جبکہ دوسرا دورہ بہترین ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری شراکت داری میں تبدیل ہوچکی ہے، چین پاکستان سے ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کررہا ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں 60 فیصد سے زائد آبادی کی عمر30 سال سے کم ہے، نوجوان آبادی کی بنیاد پرپاکستان میں ٹیکنالوجی کے میدان میں بہت مواقع ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں5 سال کے دوران ایک ارب درخت لگائے گئے، ماحولیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے، دنیا کاماحول بدل رہا ہے، پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 8 ممالک میں شامل ہے۔

    >
    وزیراعظم نے کہا کہ چین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں آنے کی دعوت دیتا ہوں، چینی سرمایہ کاروں کوٹیکس سمیت دیگرمعاملات میں سہولتیں دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ امید ہے بھارت کا جارحانہ رویہ جلد ختم ہوجائے گا، 2 مہذب ممالک اپنے مسائل مذاکرت سے حل کرلیتے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان صرف ایک ہی مسئلہ ہے، ایک مسئلہ کشمیر ہے جسے دونوں ملکوں نے حل کرنا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امید ہے ہم چین کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی سے استفادہ کر سکیں گے۔