Author: عبدالقادر

  • تحریک انصاف کا پارٹی نام استعمال کرنے والی ذیلی تنظیموں سے اعلانِ لاتعلقی

    تحریک انصاف کا پارٹی نام استعمال کرنے والی ذیلی تنظیموں سے اعلانِ لاتعلقی

    اسلام آباد: تحریک انصاف نے مختلف ممالک میں پارٹی کا نام استعمال کرنے والی ذیلی تنظیموں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے باضابطہ آئینی سرکلر جاری کردیا۔

    پی ٹی آئی کی جانب سے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کیا گیا جس پر سیکریٹری جنرل ارشد داد کے دستخط موجود ہیں۔ سرکلر میں یوتھ کونسل لاہور، یوتھ کونسل مڈل ایسٹ سعودی عرب، پاکستان انصافین فورم قطر کا نام سرکل میں شامل ہے۔

    علاوہ ازیں تحریک انصاف جنون گروپ یو اے ای، تحریک انصاف دبئی کشمیر چیپٹر، ویلفیئر ونگ سعودیہ اور تحریک انصاف ہالینڈ کے ناموں سے بنائی جانے والی تنظیموں سے بھی تحریک انصاف لاتعلقی کا اعلان کیا۔

    سرکلر میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ متذکرہ تنظیموں کا پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی پارٹی کی جانب سے انہیں کوئی شناخت دی گئی۔

    مزید پڑھیں: تحریک انصاف قوم سے کیے تمام وعدے پورے کرے گی: گورنرپنجاب

    یاد رہے کہ تحریک انصاف کا 23واں یومِ تاسیس یکم مئی کو منایا جائے گا جس کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد کی جائے گی، تقریب میں وزیر اعظم بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

    تحریک انصاف نے یومِ تاسیس کی تیاریوں کا آغاز کردیا اس ضمن میں ایک روز قبل چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجاز احمد چوہدری، سینٹر فیصل جاوید اور ڈاکٹر ابوالحسن سمیت دیگر شریک ہوئے  تھے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ یوم تاسیس کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد کی جائے گی جس میں بانی چیئرمین و وزیراعظم بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے، تقریب میں پارٹی کا نظر ثانی شدہ آئینی مسودہ منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا ۔

    پاکستان تحریک انصاف کی قومی کونسل مجوزہ آئینی مسودے کی باضابطہ منظوری دے گی ، جبکہ بانی چیئرمین و وزیراعظم عمران خان یوم تاسیس کی تقریب سے خصوصی خطاب کریں گے ۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف نے چمکتا دمکتا کراچی مہم کا افتتاح کردیا

    وزیراعظم اپنے خصوصی خطاب میں مستقبل کے اہداف کا احاطہ اور بائیس سالہ جدوجہد کا اجمالی جائزہ بھی پیش کریں گے،  یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی آئین کی منظوری کے بعد مرکزی و صوبائی تنظیمی تبدیلیاں کی جائیں گی۔

  • پاکستانی قوم کو مسلح افواج کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے، وزیر اعظم عمران خان

    پاکستانی قوم کو مسلح افواج کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے، وزیر اعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کو مسلح افواج کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے، ہم اپنے دفاع کا حق آئندہ بھی استعمال کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کیلیے آنے والے مسلح افواج کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،  وزیراعظم عمران خان سے تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے ملاقات کی، ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی۔

    اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ظفر محمود عباسی اور ایئر چیف مجاہد انور خان بھی موجود تھے۔

     ملاقات میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر غور اور پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا  اور خطے کی سیکیورٹی اور23 مارچ کے حوالے سے قومی تقریب کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    مسلح افواج کے سربراہان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، سروسز چیفس نے زمینی، فضائی اور بحری صورت حال اور تیاریوں پر وزیر اعظم عمران خان کو بریفنگ دی۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امن کیلئے حالیہ اقدامات سے آگاہ کیا، اس کے علاوہ وزیراعظم کو پاک بھارت کشیدگی اور ممکنہ خطرات پر تازہ صورتحال اور کشیدگی پر ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اپنی گفتگو میں حالیہ کشیدگی میں پاک فوج کے بروقت اقدامات کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ قوم کو مسلح افواج کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے۔

    پاکستان اپنے دفاع کا حق آئندہ بھی استعمال کرے گا، انہوں نے پاک فضائیہ کی کارکردگی کی تعریف کی اور سمندری حدود میں پاک بحریہ کے کردار کو بھی سراہا۔

  • آپ کو گھر اور بنیادی سہولیات فراہم کریں گے، وزیراعظم کی بزرگ خاتون کو یقین دہانی

    آپ کو گھر اور بنیادی سہولیات فراہم کریں گے، وزیراعظم کی بزرگ خاتون کو یقین دہانی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی بوڑھی خاتون کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا اور خاتون کی فوری مدد کے احکامات جاری کردیئے اور یقین دہانی کرائی آپ کو گھر اور بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بے سہارا بوڑھی خاتون کی فریاد سنتے ہوئے فوری طور پر مدد دینے کے احکامات جاری کیے۔

    وزیراعظم کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر، ایم ڈی بیت المال اور حلقے کے ایم این اے علی اعوان نے خاتون سے ملاقات کی۔

    وزیر اعظم نے ویڈیو کال کے ذریعے بزرگ خاتون سے خود بات بھی کی۔ وزیراعظم نے بزرگ خاتون کو یقین دہانی کرائی کہ آپ کو کوئی تکلیف نہیں ہونے دیں گے اور آپکی ہر ضرورت پوری کی جائے گی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر آپ کی ویڈیو دیکھی جس پر بہت دکھ ہوا، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں، آپ کو گھر اور بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔

    ویڈیو کال کے بعد بوڑھی خاتون نے وزیراعظم سے اظہار تشکر کرتے ہوئے تھینک یو میسج بھی ریکارڈ کروایا۔

    بوڑھی خاتون نے ویڈیو میں وزیراعظم سے مدد نہ ملنے کا شکوہ کیا تھا۔ انہوں نے شکایت کی تھی کہ عمران خان کو ووٹ دیا، مگر وہ ہماراخیال نہیں کرتا۔ ساتھ ہی جنگل میں بھوکی پیاسی رہنے کا بھی ذکر کیا تھا۔

    خاتون نے آتے جاتے راہ گیروں کو جھونپڑی دکھا کر حالات سے وزیراعظم کو آگاہ کرنے کی التجائیں کی تھیں۔

    دوسری جانب نسیم بی بی نے پناہ گاہ منتقل ہونے سے انکار کر دیا ہے، بزرگ خاتون کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ خاوند کی قبر اسی جگہ ہے رہنے کی چھت بھی یہیں دی جائے۔

    جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے انتظامیہ کو نسیم بی بی کی خواہش کے مطابق سہولت دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے بوڑھی خاتون کے لواحقین کو تلاش کر لیا اور بزرگ خاتون کو ان کے حوالے کر دیا گیا ہے، حوالگی سے قبل بہتر دیکھ بھال کی تحریر ی ضمانت لی گئی، داماد کا کہنا تھاساس لا پتہ ہو گئی تھیں انہیں تلاش کر رہے تھے، د ساس گھر پررہتی ہیں لیکن مرضی سے قبرستان چلی جاتی ہیں۔

    داماد نے تحریری ضمانت دی کہ ساس کی بہتر دیکھ بھال کروں گا۔

  • ڈیم فنڈریزنگ تقریب ، وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ بلا 15 ہزار ڈالرز میں نیلام

    ڈیم فنڈریزنگ تقریب ، وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ بلا 15 ہزار ڈالرز میں نیلام

    اسلام آباد : کینیڈا میں ڈیم فنڈریزنگ تقریب میں وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ بلا 15ہزار ڈالرز میں نیلام ہوگیا ، فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ  دل کھول کر عطیات دینے پر اوورسیز پاکستانی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق کینیڈا میں ڈیم فنڈریزنگ کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا ، تقریب میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار، فردوس عاشق اعوان اور سینیٹر فیصل جاوید موجود تھے۔

    ڈیم فنڈریزنگ تقریب میں وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ بلا15 ہزار ڈالرز میں نیلام ہوگیا۔

    لوگوں کےعطیات صرف ڈیم کی تعمیر پر خرچ ہوں گے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار


    سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے تقریب سے خطاب میں کہا بیرون ملک پاکستانیوں میں بہت جذبہ ہے، وزیراعظم کو بتایا ڈیم کا نہ بننامجرمانہ غفلت ہے، تربیلا کے بعد پاکستان میں ڈیم نہ بننے کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

    سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹینکر مافیا کے خلاف ازخود نوٹس لیا، مجھے فخر ہے ملکی سالمیت کے خلاف ازخود نوٹس کا استعمال کیا ، خوشی ہے وزیراعظم بھی ڈیم فنڈ کا حصہ بن گئے، لوگوں کےعطیات صرف ڈیم کی تعمیر پر خرچ ہوں گے۔

    ڈیم کے لئے روزانہ ساڑھے5کروڑ روپے کی فنڈریزنگ ہورہی ہے، سینیٹر فیصل جاوید


    سینیٹر فیصل جاوید نے کہاہم مشن کے لئے پاکستانیوں کی سخاوت قابل دید ہے، دل کھول کر عطیات دینے پر اوورسیز پاکستانی مبارکباد کے مستحق ہیں، جوکہتےہیں ڈیم نہیں بنےگاانہیں بتاناچاہتاہوں ڈیم ضرور بنےگا، ڈیم کے لئے روزانہ ساڑھے5کروڑ روپے کی فنڈریزنگ ہورہی ہے۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا حکومت نے ڈیم تعمیر کے لئے17ارب روپے جاری کئے ہیں، عمران خان ناممکن کو ممکن بنانا جانتے ہیں، ڈیم ضرور بنے گا، چیئرمین واپڈا کے مطابق 20 مارچ کو مہمند ڈیم پر کام شروع ہوجائے گا، دیامر بھاشا ڈیم اس سال اکتوبر میں شروع ہو جائے گا۔

    یاد رہے چندروز قبل سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے بیان میں کہا تھا ڈیم فنڈ میں عطیات 10 ارب تک پہنچ گئے ہیں ، ڈیم فنڈمیں حصہ ڈالنےپرقوم زبردست تحسین کی مستحق ہے، سپریم کورٹ اوروزیراعظم خصوصی شاباش کےمستحق ہیں۔

    مزید پڑھیں : ڈیم فنڈ میں عطیات 10 ارب تک پہنچ گئے ہیں ، فیصل جاوید

    سینیٹرفیصل جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیامیں خیرات کرنےوالی اقوام میں سرفہرست ہے، اپنےلوگوں کےعزم کوخصوصی سلام پیش کرتا ہوں، ہمارے قومی جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

    انھوں نے کہا  تھا  ڈیم کیلئے1200 سے1300 ارب روپے چاہئیں، ڈیم صرف فنڈزسےنہیں جذ بےسے بنتے ہیں، ڈیم فنڈ کیلئے کمرشل فنانسنگ کی طرف بھی جارہے ہیں، ڈیم کی رقم 5 سے 9 سال میں پوری ہوجائےگی۔

    بعد ازاں  وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر سے عوام کی جانب سے ڈیم فنڈ میں10 ارب روپے کے رقم جمع ہونے پر پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔

    خیال رہے فروری میں سنچورین میں ڈیم فنڈ ریزنگ میں 2 گھنٹے میں 3 کروڑ 70 لاکھ پاکستانی روپے جمع ہوئے تھے ، فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ میں پاکستانی کمیونٹی کےجذبےکوخراج تحسین پیش کرتا ہوں، انشاءاللہ یہی جذبہ رہا تو ہم کئی ڈیم بنائیں گے۔

  • بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا ڈوزیئر اقوام متحدہ میں پیش

    بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا ڈوزیئر اقوام متحدہ میں پیش

     اسلام آباد: بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی پر پاکستان نے ڈوزیئر عالمی ادارہ ماحولیات میں پیش کردیا، ڈوزیئر میں بھارت کو ماحولیاتی دہشت قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھا دیا۔ بھارت کو ماحولیاتی دہشت گرد قرار دینے کا ڈوزیئر عالمی ادارہ ماحولیات میں پیش کردیا گیا۔

    ڈوزیئر وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ان کے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے پیش کیا۔ ڈوزیئر میں کہا گیا ہے کہ 26 فروری کو بھارت نے پے لوڈ پاکستانی جنگلات پر گرانے کی حرکت کی، اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائیں۔

    ڈوزیئر میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ نریندر مودی کو دیا گیا ’چیمپیئن آف ارتھ‘ کا خطاب واپس لے اور بھارتی در اندازی کا نوٹس لے۔ اسٹرائیک کے نام پر درختوں کو نقصان پہنچا کر ماحولیاتی دہشت گردی کی گئی۔

    وزیر اعظم کے مشیر ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ حملے سے بھارت نے پاکستان کے ماحولیاتی اثاثوں کو نقصان پہنچایا، درختوں کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ بھارت کو کرنا ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی دہشت گردی پر پاکستان کا بھارت کے خلاف مقدمہ مضبوط ہے۔

    خیال رہے کہ 26 فروری کو رات کے اندھیرے میں بھارتی طیارے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے بالا کوٹ تک آئے، تاہم پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن نے بھارتی طیاروں کو دم دبا کر واپس بھاگنے پر مجبور کردیا۔

    جاتے ہوئے بھارتی طیارے اپنا پے لوڈ گرا گئے تاکہ تیزی سے واپس بھاگ سکیں، ان کے گرائے پے لوڈ سے چند درخت تباہ ہوئے۔

    بعد ازاں پاکستان نے اسے بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھانے کا اعلان کیا۔

    وزیر اعظم کے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی اقدام سے ماحولیاتی نقصان ہوا، بھارت نے جنرل اسمبلی کی قرارداد 47/37 کی خلاف ورزی کی ہے۔

  • فواد چودھری کی جگہ نہیں لے رہا، بابراعوان نے تردید کردی

    فواد چودھری کی جگہ نہیں لے رہا، بابراعوان نے تردید کردی

    اسلام آباد: ڈاکٹر بابر اعوان نے وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی، سینئر قانون دان نے وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کی جگہ لینے کی اطلاع کو غلط قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر قانون دان بابر اعوان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزیرِ اعظم عمران خان سے کل بھی ملے تھے اور آج بھی ملے۔

    ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ مجھے فواد چوہدری کی جگہ لانے کی اطلاعات درست نہیں ہیں، وزیر اعظم سے صرف قانونی اور آئینی معاملات پر بات ہوئی۔

    سینئر قانون دان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے ملاقات میں عہدے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، پہلے بھی حکومت میں تھا اب بھی حکومت میں ہوں، عہدہ اپنی مرضی سے چھوڑا تھا، یہ پلانٹڈ اسٹوری لگتی ہے، اس پر قطعی یقین نہ کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نندی پور کیس: راجہ پرویزاشرف اوربابراعوان سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد

    یاد رہے کہ 11 مارچ کو احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور بابر اعوان سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی، تاہم بابراعوان سمیت تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

    بابر اعوان نے عدالت سے استدعا کی کہ اس کیس کی سماعت روزانہ بنیاد پر کی جائے، سینئر قانون دان کا کہنا تھا کہ انھوں نے سات ماہ تک میڈیا ٹرائل کو برداشت کیا، اب جب حقیقی ٹرائل کا وقت آیا ہے تو نیب کترا رہی ہے۔

  • وزیرِ اعظم کی اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری روکنے کی ہدایت

    وزیرِ اعظم کی اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری روکنے کی ہدایت

    اسلام آباد: اراکینِ پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر ذرایع نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اضافے کی سمری روکنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم نے گورنر پنجاب کو سمری پر دستخط سے روک دیا ہے، وزیر اعظم نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو بل دوبارہ ایوان میں لانے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو دی گئی لائف ٹائم مراعات کے فیصلے پر بھی نظرِ ثانی کی ہدایت کی گئی ہے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کو پوری زندگی کے لیے گھر دینے کا فیصلہ مناسب نہیں ہے، لائف ٹائم مراعات کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 3 ماہ کرنے کی تجویز دی گئی۔

    دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کا بل پی ٹی آئی کی سوچ کے بر عکس ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کو احساس دلایا گیا ہے کہ یہ غلط ہوا ہے۔

    نعیم الحق نے کہا کہ وزیر اعظم نے ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہیں بڑھانے کا سخت نوٹس لیا، میں نے وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ پنجاب سے بل واپس لینے کی بات کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم اراکینِ پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پربرہم

    ادھر حکومت پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے تنخواہیں بڑھنے کے بل پر میڈیا پر چلنے والی خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بل نافذ نہیں ہوا ہے، گورنر پنجاب کے دستخط کے بعد ہی بل نافذ العمل ہوگا، وزیر اعلیٰ کے پاس ایسی کوئی مراعات نہیں ہیں جس پر ایشو بنایا جائے۔

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی اراکین کی تنخواہیں بڑھنے پر وزیر اعظم نے مایوسی کا اظہار کیا، بل میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے صرف مناسب سیکورٹی کا ذکر ہے، بل سے پہلے پنجاب اسمبلی ارکان کی تنخواہ 18 ہزار تھی اب 80 ہزار کر دی گئی۔

    ترجمان نے کہا کہ خیبر پختون خوا ارکان اسمبلی کی تنخواہ 1 لاکھ 53 ہزار روپے ہے، تنخواہوں کے بل میں کچھ غلط ہوا تو ہم اسے ٹھیک کریں گے، وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم بھی ذاتی طور پر سمجھتے ہیں کہ یہ نہیں ہونا چاہیے تھا، میری لیڈر شپ کا مائنڈ سیٹ پوچھیں تو اس بل کا دفاع کرنا آسان نہیں۔

  • عمران خان بطور وزیراعظم کتنی تنخواہ لیتے ہیں؟ تفصیلات منظرعام پر آگئی

    عمران خان بطور وزیراعظم کتنی تنخواہ لیتے ہیں؟ تفصیلات منظرعام پر آگئی

    اسلام آباد : عمران خان کی بطور وزیراعظم تنخواہ کی تفصیلات سامنے آگئیں ، جس کے مطابق عمران خان کی تنخواہ وفاقی وزرا، اپنے ملٹری سیکرٹری ، صدر مملکت،چیف جسٹس اور وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی کم ہے، کٹوتیوں کے بعد عمران خان کو صرف ایک لاکھ چھیانوے ہزار روپے تنخواہ ملتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سیلری سلپ پہلی بارمنظرعام پرآ گئی، جس کے مطابق عمران خان ملک کے وزیراعظم ہوتے ہوئے وزرا سے بھی کم تنخواہ وصول کرر ہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو ہرماہ ایک لاکھ چھیانوے ہزار روپے تنخواہ ملتی ہے۔

    عمران خان کی بنیادی تنخواہ ایک لاکھ سات ہزار دو سو اسی روپے ہے، وزیراعظم کو مہمانداری الاؤنس کی مد میں پچاس ہزاراورایڈہاک ریلف الاؤنس کےاکیس ہزارچارسو چھپن روپےملتے ہیں۔

    وزیراعظم کی تنخواہ پر چار ہزار پانچ سوپچانوے روپےٹیکس بھی کٹتاہے جبکہ بطور وزیراعظم ان کا کوئی کیمپ آفس نہیں اور بنی گالہ میں سیکیورٹی، خاردار تار کے اخراجات بھی خود برداشت کیے۔

    عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس کے دو سو ملازمین کم کیے اور دیگراخراجات بھی محدود کردیے ہیں۔

    وزیراعظم کے مقابلے میں وفاقی وزرا کی تنخواہ ڈھائی لاکھ روپے کے قریب ، وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری کی تنخواہ بھی عمران خان سے زیادہ ہے جبکہ چیف جسٹس اور صدر پاکستان کی تنخواہ بھی چھ سے آٹھ لاکھ روپے ہے۔

    گزشتہ روز کے اضافے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سوا چار لاکھ روپےتنخواہ وصول کریں گے۔

    خیال رہے عمران خان نے عہدہ سنبھالتے ہی وزیراعظم ہاؤس کےاخراجات کم کیے، پرتعیش گاڑیاں اور بھینسیں نیلام کیں تھیں۔

  • حکومت بیرون ملک سے 530ملین روپے کی غیر قانونی دولت ریکور کرنے میں کامیاب

    حکومت بیرون ملک سے 530ملین روپے کی غیر قانونی دولت ریکور کرنے میں کامیاب

    اسلام آباد : حکومت کا ریکوری یونٹ بیرون ملک سے پانچ سو تیس ملین روپے کی رقم ریکور کرنے میں کامیاب ہوگیا، ریکور کی جانے والی تمام رقم قومی خزانے میں جمع کرادی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے بیرون ملک سے غیرقانونی دولت واپس لانےمیں بڑی پیش رفت سامنے آئی ، وفاقی حکومت کا ریکوری یونٹ پانچ سو تیس ملین روپے کی بڑی رقم ریکور کرنے میں کامیاب ہوگیا جبکہ مزید ریکوریاں جاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے یہ رقم غیر ملکی جائیداد اور غیر ملکی اکاونٹس کی مد میں ریکور کی گئی، اور ریکور کی جانے والی تمام رقم قومی خزانے میں جمع کرادی گئی ہے۔

    سب سے بڑی ریکوری سنگا پور میں آف شور اکاونٹ کی مد میں کی گئی

    حکومتی ذرائع کا کہنا ہے سب سے بڑی ریکوری سنگا پور میں آف شور اکاونٹ کی مد میں کی گئی ، بعض وجوہات کی بنا پرسنگاپور اف شوراکاونٹ کی تفصیلات کوخفیہ رکھاجارہاہے یہ رقم اکاونٹ میں خفیہ طورپر رکھی گئی تھی۔

    ذرائع نے مزید بتایا ریکوری ایف آئی آے، ایف بی آراوردوسرے اداروں کی مدد سے کی گئی ،چند ماہ میں سات ارب روپے سے زائد کی مزید ریکوری کاامکان ہے۔

    بتایاجا رہا ہے کہ چھوٹے پیمانے سے شروع ریکوری میں تیزی لانے کے مزیداقدامات جاری ہے، بیوروکریسی کے تاخیر ی حربوں کے باوجود ریکوری میں تیزی کے لئے قانونی رکاوٹیں دور کرنے پر کام جاری ہے۔

    دوسری جانب حکومت نے ریکوریوں کے آغاز کو اہم پیشرفت قرار دے دیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نےاسمبلی سے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ لوٹی گئی دولت بیرون ملک سےواپس لائیں گے، 6 ہزار سے 28 ہزار قرضہ چڑھانے والوں کا احتساب کریں گے، جو پیسہ قوم پر خرچ ہونا تھا وہ لوگوں کی جیبوں میں گیا، قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کا کڑا احتساب کریں گے، اپنی قوم سے پیسہ اکٹھا کریں گے تاکہ ہمیں کسی کے آگے جھکنا نہ پڑے۔

    بعد ازاں بیرون ممالک سے پیسے واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کی گئی تھی، وزیر اعظم ہاؤس میں یونٹ قائم کیا گیا، یونٹ میں ایف آئی اے اور نیب کے نمائندے بھی شامل تھے۔

  • جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا، وزیراعظم عمران خان

    جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن کی تعریف کرتے ہوئے پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کردی اور کہا جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ، اعلامیہ میں وزیراعظم عمران خان نے پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن کی تعریف کی اور پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں کوبھارت کےغیرذمہ دارانہ رویے سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی کااجلاس کل طلب کرلیا ہے۔

    بھارت کےخودساختہ دعوے یکسر مسترد


    اجلاس میں بھارت کے خود ساختہ دعوے یکسر مستردکردیئے گئے  اور کہا گیابھارتی اقدام مقامی سطح پرہونےوالےانتخابات کیلئےفائدہ اٹھانےکی کوشش ہے، اس سے علاقائی امن واستحکام کو شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں۔

    دراندازی کی جگہ بین الاقوامی اور مقامی میڈیا کیلئے اوپن کرنے کا اعلان


    حکومت نے دراندازی کی جگہ بین الاقوامی اور مقامی میڈیا کیلئے اوپن کرنے کا اعلان کردیااور کہا عالمی برادری خود آکر زمینی حقائق دیکھیں۔

    پوری قوم کو اعتماد میں لینے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا اعلان


    اجلاس میں پوری قوم کو اعتماد میں لینے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا اعلان بھی کیا گیا، اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی ،تینوں افواج کےسربراہان کی شرکت کریں گے جبکہ وزرائےخارجہ، دفاع، خزانہ اور دیگر سول و ملٹری حکام بھی شریک ہوں گے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بھارتی طیاروں کی دراندازی پر قومی سلامتی سےمتعلق اجلاس ہوا ، اجلاس میں عسکری حکام ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اوروزیر دفاع پرویز خٹک شریک ہوئے۔

    قومی سلامتی سےمتعلق اجلاس میں پاک فضائیہ کےاعلیٰ حکام نے بھارتی طیاروں کی دراندازی سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

    واضح رہے بھارتی ایئرفورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی ، پاک فضائیہ کی بروقت ردعمل کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

    مزید پڑھیں : لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، پاک فضائیہ کا بھرپور جواب، بھارتی طیارے بھاگ گئے

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں نے مظفرآباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور مظفر آباد سیکٹر میں تین سے چارمیل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ کھلے علاقے میں گرایا، تاہم پے لوڈ گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

    آئی ایس پی آرنے بھارتی طیاروں کی جانب سےجلدبازی میں پھینکےگئے پےلوڈکی تصاویرجاری بھی کی۔

    خیال رہے گذشتہ ہفتے وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    قومی سلامتی اجلاس میں وزیرِ اعظم پاکستان نے مسلح افواج کو بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا اختیار دے دیا تھا اورکہا تھا کہ  یہ نیا پاکستان ہے، ریاست اپنے لوگوں کا تحفظ یقینی بنائے۔