Author: عبدالقادر

  • عمران خان کا تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ

    عمران خان کا تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ

    راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے تمام اسمبلیوں‌ سے استعفے دینے کا فیصلہ کرلیا۔

    راولپنڈی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تمام صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹری پارٹی سے مشاورت کے بعد تاریخ کا اعلان کریں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ مارچ کینسل نہ کرتا تو اگلے دن تباہی ہونا تھی اسی لیے یہ فیصلہ کیا ہے، ملک میں تباہی مچانے سے بہتر ہے ہم اس نظام کا حصہ نہ رہیں۔

    پی ٹی آئی چیئرمین  نے کہا کہ ملک میں انتشار نہیں چاہتے پُرامن احتجاج پر یقین رکھتے ہیں، ملکی معیشت بچانے کے لیے فوری الیکشن ناگزیر ہیں جب معیشت تباہ ہوتی ہے تو قومی سلامتی بھی متاثر ہوتی ہے، فیصلہ سازوں کو بھی بتا رہا ہوں ملک ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے۔

    اس سے قبل جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ موت کا خوف بڑے سے بڑے آدمی کو چھوٹا انسان بنادیتا ہے مجھے سازش کرکے قتل کروانے کی کوشش کی گئی۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ ’وہ تین مجرم ابھی بھی بڑے عہدوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ مجھے کہا گیا کہ وہ دوبارہ سازش کریں گے لیکن اللہ نے واضح کہا ہے زندگی اور موت اس کے ہاتھ میں ہے اگر اللہ نے موت لکھ دی ہے تو کوئی کہیں بھی چلا جائے موت سے نہیں بچ سکتا۔‘

    عمران خان نے کہا کہ اللہ نے مجھے زندگی دی کنٹینر پر 12 لوگوں کو گولیاں لگی تھیں، ایک گارڈ کو چھ گولیاں لگیں وہ بھی بچ گیا کیونکہ اللہ نے موت نہیں لکھی تھی، صحیح معنوں میں زندگی گزارنی ہے تو موت کے خوف سے خود کو آزاد کریں۔

  • ’عہد کرتے ہیں شہید ارشد شریف کے قاتلوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے‘

    ’عہد کرتے ہیں شہید ارشد شریف کے قاتلوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے‘

    راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید کا کہنا ہے کہ اگر ملک کے لیے کھڑا ہونا بغاوت ہے تو ہم سب باغی ہیں، ہم عہد کرتے ہیں شہید ارشد شریف کے قاتلوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کہا کہ ہمارا بھائی شہید ارشد شریف بھی ایسے ہی عہد لیتا تھا ہم شہید ارشد شریف کے سوالوں کا جواب نہیں دے سکے تو اسے قتل کردیا گیا، ہم آج عہد کرتے ہیں کہ شہید ارشد شریف کے قاتلوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جیسے تم نے ارشد شریف پر زمین تنگ کردی تھی اللہ کا عذاب تم پر نازل ہوگا، انشا اللہ وہ وقت دور نہیں جب ارشد شریف کے قاتلوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

    "ملکی خود مختاری، خود داری اور حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے”

    مراد سعید نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم تھے اور امریکا کو اڈے چاہیے تھے لیکن عمران خان نے ’ایبسلوٹلی ناٹ‘ کا جواب دیا جس کے بعد سازشیں کی گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام اپنے مقبول لیڈر کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں، سات سے آٹھ ماہ میں انہوں نے عمران خان کو توڑنے کے لیے ہر قسم کا حربہ استعمال کیا۔

    مراد سعید نے کہا کہ عمران خان کو راستے سے ہٹانے کے لیے ان پر قاتلانہ حملہ بھی کیا گیا لیکن آج عوام یہ واضح کرتے ہیں کہ عمران خان کو کسی صورت نہیں ہٹایا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میرے پاکستانیوں کیا اپنے مستقبل کے لیے کھڑے رہو گے، آج ہم عہد کرتے ہیں ملکی خود مختاری، خود داری اور حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہر بیرونی اور اندرونی سازشوں کا مل کر مقابلہ کریں گے، عہد کرتے ہیں کہ عمران خان کے ساتھ مل کر ہر قسم کی سازشوں کا مقابلہ کریں گے۔

  • ’عمران خان یہ جنگ جیت کر رہے گا‘

    ’عمران خان یہ جنگ جیت کر رہے گا‘

    راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ عمران خان یہ جنگ جیت کر رہے گا۔

    پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا کہ تحریک انصاف کے جلسے میں خواتین کی بڑی تعداد شریک ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کو ان چوروں اور لٹیروں کے حوالے نہیں کرسکتے۔

    یاسمین راشد نے کہا کہ ہم انشا اللہ عمران خان کے موقف کے ساتھ اسی طرح کھڑے رہیں گے اگر ہم عمران خان کے ساتھ اسی طرح کھڑے نہ رہے تو اس امپورٹڈ حکومت سے ہماری جان نہیں چھوٹ سکتی۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم اپنی آنی والی نسل کو ان لوگوں کے پاس نہیں چھوڑ سکتے اسی لیے یہ جنگ جاری رکھیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انشا اللہ عمران خان یہ جنگ جیت کر رہے گا، انہوں نے شرکا سے نعرہ تکبیر اللہ اکبر، پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے۔

  • عمران خان شوکت خانم اسپتال سے ڈسچارج

    عمران خان شوکت خانم اسپتال سے ڈسچارج

    لاہور: عمران خان کو صحت بہتر ہونے پر شوکت خانم اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طبیعت میں بہتری آنے پر انھیں شوکت خانم اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

    چار رکنی میڈیکل بورڈ نے آج پھر عمران خان کا طبی معائنہ کیا، شوگر اور بلڈ پریشر لیول نارمل تھے، ڈاکٹروں کے مطابق پاؤں کے زخم میں بھی بہتری آ رہی ہے۔

    شوکت خانم اسپتال نے وضاحتی بیان میں کہا کہ عمران خان کے جسم میں گولی کے چار ٹکڑے تھے، دائیں ٹانگ سے ٹکڑے نکالے گئے ہیں، جب کہ بائیں ٹانگ سے ٹکڑا نہیں نکالا گیا۔

    شوکت خانم اسپتال کا عمران خان کو گولی لگنے پر وضاحتی بیان جاری

    شوکت خانم اسپتال نے وضاحتی بیان میں یہ بھی کہا کہ جب عمران خان اسپتال پہنچے تھے تو اس وقت وہ مکمل طور پر ہوش میں تھے۔

    عمران خان کا منگل کو وزیر آباد سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

  • عمران خان کی معظم کے اہل خانہ سے ملاقات، ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان

    عمران خان کی معظم کے اہل خانہ سے ملاقات، ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان

    لاہور : وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کے دوران قاتل کو پکڑنے کی کوشش میں شہید ہونے والے معظم گوندل کی والدہ اور بچوں نے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی۔

    اس موقع پر سابق وزیر اعظم عمران خان نے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے معظم کے یتیم بچوں کو پیار کیا دست شفقت پھیرتے ہوئے انہیں دعائیں بھی دیں۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے معظم کے بچوں کی پرورش اور کفالت کی ذمہ داری اٹھاتے ہوئے معظم کے اہل خانہ کیلیے ایک کروڑ روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔

    ذرائع کے مطابق 50لاکھ روپے کیش تحریک انصاف کی جانب سے معطم کی والدہ کو دیئے گئے جبکہ باقی 50 لاکھ روپے کی امدادی رقم پنجاب حکومت ادا کرے گی۔

    ملاقات کے موقع پر عمران خان نے جاں بحق معظم کے بچوں کی شرٹس پر آٹوگراف بھی دیئے۔

    مزید پڑھیں : عمران خان کے کنٹینر پر حملے میں جاں بحق معظم گوندل کون تھا

    یاد رہے کہ وزیرآباد کا رہائشی معظم گوندل ایک ماہ قبل ہی کویت سے واپس آیا تھا، اہل خانہ نے بتایا ہے کہ معظم گوندل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے جنون کی حد تک محبت کرتا تھا۔

    اہلخانہ کا کہنا تھا کہ معظم اپنےآبائی گاؤں سے دوستوں کےہمراہ لانگ مارچ میں شریک تھا، مقتول معظم کے تین بچے ہیں جولانگ مارچ میں والد کے ساتھ موجود تھے۔

  • عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی

    عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالا کے باہر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق بنی گالا کے باہر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے جب کہ ایف سی کا تازہ دم دستہ بھی پہنچ گیا ہے۔

    سیکڑوں اہلکاروں پر مشتمل تازہ دم دستہ بنی گالا کے باہر الرٹ ہے اور کسی بھی احکامات پر فوری عمل کے لیے تیار ہیں۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس جاری ہے اور ممکنہ طور پر 8 بجے کے بعد عمران خان فیصلے پر اظہار خیال کریں گے۔

  • عمران خان نے کس قومی کرکٹر کی تعریف کی؟

    عمران خان نے کس قومی کرکٹر کی تعریف کی؟

    چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان ساتھیوں سمیت ڈی آئی خان سے بنی گالا جا رہے تھے کہ اس دوران ہیلی کاپٹر میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔

    پائلٹ نے اڈیالہ گاؤں کے قریب ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کروائی گئی۔ اس دوران گاؤں کے قریب ہی نوجوان اور بچے کرکٹ کھیلنے میں مصروف تھے جو عمران خان کو دیکھ کر خوش ہوگئے نوجوانوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور گفتگو بھی کی۔

    نوجوانوں اور بچوں سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے موجودہ کرکٹرز کے حوالے سے سوالات کیے۔

    اس موقع پر عمران خان نے فاسٹ بولر حارث رؤف کی تعریف کی اور کہا کہ وہ بڑا زبردست بولر ہے جس پر نوجوانوں نے بھی ان کی تائید کی۔

    انہوں نے بچوں سے پوچھا کہ آپ کو کونسا کرکٹر پسند ہے انہوں نے شاہنواز دہانی کا نام لیا جبکہ نوجوانوں کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کو پسندیدہ بولر قرار دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز میں قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی ہے، کپتان بابر اعظم کو شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

  • لانگ مارچ سے قبل عمران خان کا پنجاب اور خیبر پختون خوا میں اہم انتظامی تبدیلیوں کا فیصلہ

    لانگ مارچ سے قبل عمران خان کا پنجاب اور خیبر پختون خوا میں اہم انتظامی تبدیلیوں کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ سے قبل پنجاب اور خیبر پختون خوا میں اہم انتظامی تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت سینئر رہنماؤں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، عمران خان نے اجلاس کے شرکا کو لانگ مارچ کی حتمی تاریخ بتانے سے گریز کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں عمران خان نے کہا لانگ مارچ کی تاریخ کا کسی کو نہیں بتاؤں گا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومتی حکمت عملی کو کاؤنٹر کرنے پر بھی مشاورت ہوئی، پارٹی کے بعض رہنماؤں نے وزیر داخلہ پنجاب کی کارکردگی سے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو تبدیل کیے جانے کا بھی امکان ہے، پی ٹی آئی نے تمام ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا بھی فیصلہ کیا۔

    ضمنی انتخابات ہوئے تو عمران خان عوامی مہم چلائیں گے، اجلاس میں عمران خان کے نئے جلسوں کا شیڈول بھی فائنل کر لیا گیا۔

  • چاہتا ہوں سائفر کو پبلک کیا جائے، عمران خان

    چاہتا ہوں سائفر کو پبلک کیا جائے، عمران خان

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی آڈیو لیک پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں سائفر کو پبلک کیا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے پنجاب ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آڈیو شہباز شریف نے ہی لیک کی ہیں، میں چاہتا ہوں کہ سائفر کو عام کیا جائے۔

    عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ابھی تو سائفر پر کھیلا ہی نہیں ہوں، اب یہ ایکسپوز کریں گے تو اس پر ہم کھیلیں گے، سائفر پبلک ہوجائے تاکہ قوم کو پتہ چلے کہ کتنی بڑی ساز ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کی مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جس میں اعظم خان وزیراعظم عمران خان کو سائفر سے متعلق آگاہ کر رہے ہیں، اس گفتگو نے یہ سوال کھڑا کردیا ہے کہ کیا امریکا سے آنے والے سائفر کو سابق وزیراعظم سے چھپایا گیا تھا؟

    لیک ہونے والی مبینہ آڈیو میں اعظم خان وزیراعظم عمران خان سے گفتگو میں سائفر سے آگاہ کر رہے ہیں، گفتگو میں سائفر کی تصدیق ہوتی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سفیر نے لکھا سائفر کے بعد ڈیمارچ کیا جائے۔

    گفتگو کے مطابق اعظم خان یہ بولتے ہوئے سنے جاسکتے ہیں کہ اگر آپ کو یاد ہے تو سفیر نے آخر میں لکھا ہے ڈیمارچ کریں، میں سوچ رہا ہوں سائفر کے اوپر ایک میٹنگ کرلیتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: کیا امریکا سے آنے والا سائفر سابق وزیراعظم عمران خان سے چھپایا گیا؟

    سابق پرنسپل سیکریٹری مبینہ آڈیو میں یہ بھی کہتے ہیں کہ شاہ محمود قریشی اور فارن سیکریٹری کی میٹنگ کریں جس میں لیٹر پڑھ کر سنایا جائے، میں وہ کاپی کرلوں گا۔

  • ’عوام مہنگائی سے مر رہے ہیں ان کی آواز بنیں‘

    ’عوام مہنگائی سے مر رہے ہیں ان کی آواز بنیں‘

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنی پارٹی کے سینیٹرز کو ہدایت کی ہے کہ عوام مہنگائی سے مر رہے ہیں ان کی آواز بنیں سینیٹ میں پی ٹی آئی کی مہنگائی مخالف آواز گونجنی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی سینیٹرز کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ کےآئندہ اجلاس اور ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ عمران خان نے اپنے سینیٹرز کو مہنگائی کےخلاف ایوان میں آواز اٹھانےکی ہدایت کی۔

    عمران خان نے کہا کہ سیاست میں غیریقینی کی صورتحال ملک کی معیشت کیلئےنقصان دہ ہے غیریقینی کا خاتمہ صرف اورصرف فوری الیکشن سےہی ممکن ہے پی ٹی آئی واحدجماعت ہےجوملک کےمستقبل کیلئےسوچ رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی سے مر رہے ہیں ان کی آواز بنیں سینیٹ میں پی ٹی آئی کی مہنگائی مخالف آواز گونجنی چاہیے۔

    سینیٹ میں ملک کو درپیش 4 بڑے چیلنجز کو اٹھایا جائےگا۔ حکومت کی جانب سےسیاسی انتقامی کارروائیوں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔

    میڈیا پر کریک ڈاؤن اور صحافیوں کی ہراسگی کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔ بدترین معاشی صورتحال، سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں ناکامی کو اجاگر کیا جائے گا۔