Author: عبدالقادر

  • ایک اور بڑا کرپشن اسکینڈل: نواز شریف، شہباز شریف کے ملوث ہونے کا انکشاف

    ایک اور بڑا کرپشن اسکینڈل: نواز شریف، شہباز شریف کے ملوث ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد : سابق دور حکومت میں کرپشن کا ایک اور بڑا اسکینڈل سامنے آ گیا، نواز شریف شہباز شریف، اور احسن اقبال کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، حکومتی وزیر آج اہم پریس کانفرنس میں کرپشن کے مزید کرداروں کو بے نقاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کا کرپشن میں ملوث مزید عناصر کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، سابق دور حکومت میں کرپشن کا ایک اور بڑا اسکینڈل سامنے آ گیا، جس میں نواز شریف شہباز شریف، اور احسن اقبال کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    کرپشن کے مرکزی کرداروں کی تفصیلات سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا فرنٹ مین کون تھا؟ سابق لیگی وزیر احسن اقبال نے غیر ملکی کمپنی سے معاہدے کیسے کئے؟

    حکومت کی جانب سے تہلکہ خیز انکشافات پر مبنی پریس کانفرنس میں سب بتایا جائےگا۔

    غیر ملکی انجینئرنگ کنسٹرکشن کمپنی اور جاوید صادق کی ڈیلز کی اہم دستاویزات سامنے آ گئیں

    حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی انجینئرنگ کنسٹرکشن کمپنی اور جاوید صادق کی ڈیلز کی اہم دستاویزات سامنے آ گئیں ہیں ، جس میں نواز شریف کی جگہ دستخط کرنے والے لیگی وزیر احسن اقبال بھی ملوث ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایسے منصوبوں کا آغاز کیا گیا جو وفاقی کابینہ اور لاء ڈیپارٹمنٹ سے منظور نہیں ہوئے، منصوبے کا پی سی ون 257 ارب کا تیار ہوا مگر بڈنگ 406 ارب روپے میں کی گئی۔

    حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے نجی ہوٹلز میں ہونے والی اہم ملاقاتوں کی تفصیلات بھی حاصل کر لیں، فرنٹ مین کے ذریعے قومی خزانے کو کم از کم 60 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

    مزید پڑھیں : کرپٹ افراد کو جیلوں میں ڈالیں گے: وزیراعظم

    خیال رہے شریف خاندان کے خلاف کرپشن کیسز احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں اپنے مخالف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کان کھول کرسن لیں، کسی قسم کاکوئی این آراو نہیں ہوگا، سڑکوں پرآناہے،تو ہم کنٹینردینےکوتیار ہیں،کھانابھی پہنچائیں گے، کرپٹ لوگوں کو جیلوں میں ڈالیں گے۔

  • سول سروس میں سیاسی مداخلت ختم کرنے کے لیے حکومت کا اہم قدم

    سول سروس میں سیاسی مداخلت ختم کرنے کے لیے حکومت کا اہم قدم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کا مشن ہے کہ بیورو کریسی کو سیاسی مداخلت سے بچایا جائے، سول سروس کو سیاسی مداخلت سے بچانے کے لیے سیاستدانوں کی ٹریننگ ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سول سروس ریفارمز ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ہر تقرری صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جائے۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 60 اور 70 کی دہائی میں پاکستان کی سول سروس خطے کی بہترین تھی، خطے کے دیگر ممالک ہم سے سیکھنے آتے تھے۔ بدقسمتی سے سیاسی مداخلت سے سول سروس کا زوال شروع ہوا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نیک نیتی کے ساتھ اصلاحات کا ایجنڈا لے کر آئی ہے، عوامی فلاح و بہود کی خاطر نظام میں بہتری کی خواہش ہے۔ احتساب اور میرٹ ہی نظام میں بہتری لانے کے اصول ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کا مشن ہے بیورو کریسی کو سیاسی مداخلت سے بچایا جائے، پختونخواہ میں انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیوں سے گورننس بہتر ہوئی۔ سول سرونٹس کو بے جا تنگ کرنے سے کام رک جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پوسٹ پر مدت ملازمت کو تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ ڈیلیوری میں تسلسل قائم رہے، سرکار کے زیر انتظام کمپنیوں اور اداروں کے بورڈز میں اچھی شہرت اور اہل افراد کو شامل کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات اور سروسز مہیا کی جاسکیں۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ وسائل کے ضیاع کو روکنا ہوگا، اسپیشلائزیشن کا دور ہے، ہر شعبے میں ماہر افراد ہی کام کرسکتے ہیں۔ ’لوکل گورنمنٹ کا ایسا ماڈل لا رہے ہیں جس میں مقامی نمائندے عوامی فلاح و بہود میں بھرپور کردار ادا کریں گے‘۔

    انہوں نے کہا کہ سول سروس کو سیاسی مداخلت سے بچانے کے لیے سیاستدانوں کی ٹریننگ ضروری ہے۔ اصلاحات کے بعد بیورو کریٹ بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں گے۔

  • ایک پودا پاکستان کے لیے: وزیر اعظم کل شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے

    ایک پودا پاکستان کے لیے: وزیر اعظم کل شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے شجر کاری مہم ’پلانٹ فار پاکستان‘ مہم کی تیاریاں مکمل کرلیں، وزیر اعظم عمران خان کل بلوکی میں مہم کا آغاز کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے شجر کاری سائٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت 3 ماہ میں 15 کروڑ درخت لگائے گی۔

    مشیر ماحولیات کا کہنا تھا کہ لاہور میں قبضہ مافیا سے 25 سو ایکڑ زمین واگزار کروا لی گئی، ملکی تاریخ میں پہلی بار قبضہ چھڑا کر جنگل آباد کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام سے کیا گیا سرسبز پاکستان کا وعدہ پورا کر رہے ہیں، عوام سے گزارش ہے کہ بڑھ چڑھ کر شجر کاری مہم میں حصہ ڈالیں، جنگل لاہور کے اسموگ جیسے مسائل ختم کر سکے گا۔

    خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں سنجیدہ اقدامات کیے جارہے ہیں جن میں وسیع پیمانے پر شجر کاری بھی شامل ہے۔

    گزشتہ برس اکتوبر میں وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا آغاز کیا تھا، اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درختوں کی بہت ضرورت ہے، 5 سال بعد پاکستان یورپ سے زیادہ صاف نظر آئے گا۔

    ایک اور شجر کاری مہم ’پلانٹ فار پاکستان‘ کا کل 9 فروری سے آغاز کیا جارہا ہے جس کا آغاز وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔

    کل کے روز پورے پاکستان میں 25 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ 3 ماہ میں 15 کروڑ درخت لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان اتوار کو دبئی کی عالمی کانفرنس میں‌ خطاب کریں‌گے

    وزیراعظم عمران خان اتوار کو دبئی کی عالمی کانفرنس میں‌ خطاب کریں‌گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان شیخ راشد المکتوم کی دعوت پر دبئی کا ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ  ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں نہ صرف شرکت بلکہ  خطاب کر کے خوشحال اور مضبوط پاکستان کا وژن بھی اجاگر کریں گے۔

    ترجمان وزیراعظم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عمران خان 10 فروری کو ایک روزہ دورے پر دبئی روانہ ہوں گے، اس دورے کی دعوت دبئی کے حکمران نے دی۔

    وزیر اعظم کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو راشد المکتوم نے ساتویں عالمی حکومتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جس میں وہ مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنا وژن پیش کریں گے۔

    عمران خان متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں سے ملاقاتیں کر کے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے پر اُن کی مزید حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔

    مزید پڑھیں: ابوظہبی کے ولی عہد کا دورہ پاکستان، خصوصی جھلکیاں انسٹا گرام پرپوسٹ کردیں

    اسی سے متعلق: ولی عہد محمد بن زید النہیان کے دورہ پاکستان پر وفاقی حکومت کا اعلامیہ جاری

    ترجمان وزیر اعظم کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر بحری امور علی زیدی اور مشیر برائے تجارت بھی اس دورے میں عمران خان کے ہمراہ ہوں گے۔

    ترجمان وزیراعظم کے مطابق عمران خان کی سربراہی اجلاس میں شرکت علم پر مبنی معیشت، مصنوعی ذہانت، ترقی اور شرح نمو کے حصول کے لیے جدت کی اہمیت کے حوالے سے پاکستان کی دلچسپی ظاہر کرتی ہے۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد نومبر میں بھی متحدہ عرب امارات کا کامیاب دورہ کیا تھا جس کے دوران انہوں نے اماراتی ہم منصب سے ملاقات کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان، 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع

    دونوں ممالک کے سربراہان کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی اور علاقائی مسائل پر گفتگو ہوئی تھی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ زید بن سلطان النہیان سے بھی ملاقات کی تھی۔

  • وزیر اعطم وزیر ریلوے ملاقات: شیخ رشید کا  پی اے سی  کے لیے نامزدگی پر اظہار تشکر

    وزیر اعطم وزیر ریلوے ملاقات: شیخ رشید کا پی اے سی کے لیے نامزدگی پر اظہار تشکر

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے وزیر ریلوے شیخ رشید نے اہم ملاقات کی ، جس میں ملکی و سیاسی صورت حال پر  تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے اور وزیر اعظم کی ملاقات میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے معاملات زیر بحث آئے.

    اس اہم ملاقات میں شیخ رشید کے  پی اے سی ممبر بننے سے متعلق بات چیت کی، شیخ رشید نے پی اے سی ممبر نامزدگی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا.

    ملاقات میں وزارت ریلوے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے،شیخ رشید نے وزیراعظم کو ریلوے کی کارکردگی میں بہتری سے آگاہ کیا اور بریفنگ دی۔ اس موقع پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال ہوا.

    مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کا شہباز شریف سے پی اے سی کی چیئرمین شپ سے استعفے کا مطالبہ

    یاد رہے کہ اس وقت اپویشن لیڈر شہباز شریف پی اے سی کے چیئرمین ہیں. شہباز شریف کے خلاف بدعنوانی کے تحت مقدمات جاری ہیں، جن کے باعث حکومت کی جانب سے شہباز شریف پر شدید تنقید جاری ہے.

    خیال رہے کہ آج وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف سے پی اے سی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا گیا.

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، کسی کو این آر او نہ دینے کا فیصلہ

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، کسی کو این آر او نہ دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس ہوا، جس میں این آر او کے امکان کو ایک بار پھر رد کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال اور این آر او کی بازگشت پر تبادلہ خیال ہوا، اجلاس کے بعد وزیراطلاعات نے ویڈیو بیان جاری کیا.

    [bs-quote quote=” شہبازشریف کوبھی علیم خان کی طرح اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے” style=”style-7″ align=”left” author_name=”فواد چوہدری”][/bs-quote]

    فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں کسی کو  این آر او نہیں ملے گا، اجلاس میں متفقہ فیصلہ ہوا ہے کہ نہ تو کسی سے ڈیل ہوگی، نہ ڈھیل دی جائے گی.

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ بدعنوانی کیسز کا سامنا کرنے والے عناصر کو انجام تک پہنچایا جائے گا، شہبازشریف پی اے سی کو کیسزکے خلاف بطورڈھال استعمال کررہے ہیں، پی اے سی میں سعد رفیق ناقابل قبول ہیں.

    مزید پڑھیں: سینئروزیر علیم خان کی گرفتاری کی وجوہات سامنے آگئیں

    فوادچوہدری نے کہا کہ اجلاس میں علیم خان کی گرفتاری کے معاملے پر بھی مشاورت ہوئی، علیم خان کی جانب سے فوری مستعفی ہوناقابل تعریف تھا، علیم خان نے استعفیٰ دے کر شاندار روایت قائم کی، شہبازشریف کوبھی علیم خان کی طرح اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے.

    ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف چیئرمین پی اے سی کاعہدہ چھوڑ کر کیسزکا سامنا کریں، احتساب وقت کی ضرورت ہے، ہم اداروں کے پیچھےکھڑے ہیں، ایسا تاثر نہیں دیناچاہتے کہ کوئی بیلنسنگ ایکٹ ہو رہا ہے، چاہتے ہیں احتساب شفاف اور انصاف ہوتا نظر آئے.

  • وزیر اعظم کی ایف بی آر کو بڑے ٹیکس چوروں کے خلاف ہنگامی اقدامات کی ہدایت

    وزیر اعظم کی ایف بی آر کو بڑے ٹیکس چوروں کے خلاف ہنگامی اقدامات کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر  اعظم عمران خان نے بڑے ٹیکس چوروں کے خلاف ایف بی آر کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کر دی.

    تفصیلات کے مطابق آج وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات سے متعلق معاملات پر غور ہوا، وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ مملکت برائے ریونیو حماد اظہر اور چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان سمیت سینئر افسران کی شرکت کی.

    اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی بڑے ٹیکس چوروں کے خلاف کاروائی اور نان ٹیکس فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے ایف بی آر کو ہدایات جاری کیں.

    [bs-quote quote=”ماضی کی حکومتوں نے ٹیکس نظام میں موجود خرابیوں کو  نظر انداز کیا” style=”style-7″ align=”left” author_name=”وزیر اعظم عمران خان”][/bs-quote]

    وزیرِ اعظم کو پاکستانی شہریوں کی بیرون ملک جائیدادوں اور  بیرون ملک اثاثوں پر ملکی قوانین کے تحت قابلِ وصول ٹیکسز کی وصولی کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی.

    ایف بی آر نے وزیر اعظم کو  آگاہ کیا کہ بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات موصول ہو رہی ہیں، تفصیلات کا جائزہ شروع کر دیا، قانون کے مطابق ٹیکس کی وصولی کے لئے سیکڑوں افراد کو نوٹس جاری کیے گئے.

    اجلاس میں‌ ملک کے چھ بڑے شہروں میں آف شور  ٹیکسیشن کمشنریٹ قائم کرنے پر اتفاق ہوا ، کمشنریٹ لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان میں قائم ہوں گے، وزیراعظم عمران خان کی بیرون ممالک اثاثہ جات سے متعلقہ کیسز کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی۔

    مزید پڑھیں: برف پوش پہاڑوں پر فرائض انجام دینے والے پولیو ورکرز کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات

     وزیر اعظم نے کہا کہ آف شور ٹیکسیشن کمشنریٹس کو افرادی طور پر مزید مستحکم کیا جائے، ایف بی آر میں اصلاحات حکومت کے ریفارمز ایجنڈے کا اہم جزو ہے، ماضی کی حکومتوں نے ٹیکس نظام میں موجود خرابیوں کو  نظر انداز کیا، ٹیکس نیٹ بڑھانے کے طریقہ کار پر بھی توجہ نہیں دی گئی، ملکی اخراجات کا تیس فیصد محض قرضوں پر جمع شدہ سود کی ادائیگیوں پر خرچ ہو رہا ہے.

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹیکس وصولیوں کا عمل پیچیدہ بنایا گیا، عام شہریوں کا ٹیکس کے نظام اور ایف بی آر سے اعتماد اٹھ چکا ہے، جسے بحال کرنے کی ضرورت ہے.

    بیرون ملک جائیدادوں سے متعلق کیسز کی چھان بین کے دوران اہم معلومات مل گئیں، وزیراعظم کا کیسز کو حتمی انجام تک پہنچانے کے لئے ملک کے چھ بڑے شہروں میں آف شور ٹیکسیشن کمشنریٹ قائم کرنے کی ہدایت

  • وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کااجلاس کل طلب کرلیا

    وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کااجلاس کل طلب کرلیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نےوفاقی کابینہ کااجلاس کل طلب کرلیا، جس میں پاکستانی ویزاپالیسی میں نرمی ،قومی انسدادمنشیات پالیسی 2018 اور حج پالیسی پلان سے متعلق بریفنگ دی جائےگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کااجلاس کل طلب کرلیا، اجلاس کل صبح ساڑھے11 بجے ہوگا، جس کے لئے 20 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔

    اجلاس میں کابینہ کوپاکستانی ویزاپالیسی میں نرمی سےمتعلق بریفنگ دی جائےگی، مشیرعشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات پرکابینہ کورپورٹ پیش کریں گے۔

    وفاقی کابینہ اجلاس میں قومی انسدادمنشیات پالیسی 2018 ، حج پالیسی پلان2019 پیش کیاجائےگا جبکہ کابینہ کوغیرفعال سرکاری اداروں پربریفنگ دی جائےگی۔

    وزیراعظم یوتھ ٹریننگ اسکیم کیلئے تکنیکی اضافی گرانٹ کی منظوری، پاک سعودی عرب کھیلوں کےشعبےمیں معاہدےکی منظوری اور چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی کےتقرر کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

    کراچی انفراسٹرکچرڈویلپمنٹ کمپنی کی مواصلات سے کابینہ ڈویژن کومنتقلی، پاک لیبیاہولڈنگ کمپنی اورنیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ کےایم ڈیزکی تقرری بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

    کابینہ اجلاس میں ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک جمیل احمدکےتقررکیلئےقواعدکی منظوری اور سول ڈیفنس کیلئے31.44ملین کی اضافی گرانٹ کی منظوری دی جائےگی جبکہ مختلف ممالک کےساتھ معاہدوں اورمفاہمتی یادداشتوں کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہیں۔

  • جرمن سفیر کی مراد سعید سے ملاقات، پاکستان پوسٹ کی کارکردگی کو سراہا

    جرمن سفیر کی مراد سعید سے ملاقات، پاکستان پوسٹ کی کارکردگی کو سراہا

    اسلام آباد: پاکستان میں متعین جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید سے ملاقات کی اور پاکستان پوسٹ کی نمایاں بہتری کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید سے مارٹن کوبلر کی ملاقات اسلام آباد میں ہوئی جس میں جرمن سفیر نے پاکستان پوسٹ کی جانب سےسروس کےمعیارمیں نمایاں بہتری پر تعریف کی۔

    مارٹن کوبلر کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ بہت تیزی سےبہتری کی جانب گامزن ہے، موجودہ حکومت کےاقدامات کےنتیجےمیں سروس کامعیاربہت بہترہوا، میں نے پاکستان پوسٹ کےذریعےبرلن میں اپنےاہل خانہ کوتحفہ بھجوایا۔

    جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ تھا کہ اسلام آباد سے برلن بھیجا گیا تحفہ حیرت انگیز طور پر 7 روز اہل خانہ کو موصول ہوگیا، جس میں صرف 200 روپے خرچ ہوئے۔

    وفاقی وزیر مواصلات نے جرمن سفیر کا دفتر آنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان پوسٹ قوم کا بہترین اثاثہ ہے، مارٹن کوبلر کی جانب سے تعاون کی پیش کش نہایت اہم ہے جس کی قدر کرتے ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: پاکستان پوسٹ کی ساکھ میں بہتری، غیرملکی سفیر پاکستان پوسٹ استعمال کرنے لگے

    اُن کا کہنا تھا کہ جرمنی کی حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے جامع منصوبہ بندی کریں گے۔

    یاد رہے کہ 8 روز قبل جرمن سفیر نے اپنے اہل خانہ کو تحفہ بھیجا تھا جس کی انہوں نے تصویر بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کی تھی۔

    جرمن سفیر مارٹن کوبلر کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ پاکستان پوسٹ سامان کی ترسیل کا بااعتماد ادارہ بن چکا ہے، پاکستان پوسٹ کے ذریعے برلن میں موجود اہل خانہ کو تحفہ ارسال کیا ہے۔

    مارٹن کوبلر نے ڈاک خانے پر عمدہ سہولتوں اور دوستانہ ملازمین پر مراد سعید کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کا سہرا وفاقی وزیر برائے مواصلات کو دیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے ملک بھر میں ون ڈے ڈیلیوری سسٹم کا افتتاح کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ تقریباً 10 ارب سالانہ خسارے میں رہا ہے، پاکستان پوسٹ میں بہت صلاحیت ہے، پوسٹ کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: وزیر مملکت نے پاکستان پوسٹ کی ون ڈے ڈیلیوری سسٹم کا افتتاح 

    ان کا کہنا تھا کہ 50 ہزار روپے تک کی بھیجی گئی رقم گھر کے دروازے پر مل سکے گی۔ ون ڈے ڈیلیوری کی سہولت ابتدائی طور پر 25 شہروں میں ہوگی۔ الیکٹرانک منی آرڈر کی سہولت 80 شہروں میں دے رہے ہیں۔

    وزیر مملکت نے کہا کہ پوسٹل سروسز کو جدت کی نئی راہوں پر لے جانے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان بھر کے ڈاک خانوں کا معیار تبدیل کریں گے۔ 13 ہزار ڈاک خانوں کو جدید ترین پوسٹل سروسز کا مرکز بنائیں گے۔

  • گھریلو استعمال کی اشیاخریدنے والے صارفین کے لیے  خوشخبری

    گھریلو استعمال کی اشیاخریدنے والے صارفین کے لیے خوشخبری

    لاہور : حکومت نے مصنوعی مہنگائی کے خلاف ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری قیمتوں کی معلومات کے لیے ایپ متعارف کرادی ،عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ صارفین ایپ کے ذریعے مصنوعی مہنگائی کی شکایت کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گھریلو استعمال کی اشیاخریدنے والے صارفین کے لیے اچھی خبر آگئی ، حکومت نے مصنوعی مہنگائی کےخلاف ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کرلیا ہے ، سیالکوٹ میں سرکاری قیمتوں کی معلومات کے لیے ایپ متعارف کرادی گئی ہے۔

    "قیمت ایپ” کے ذریعے کھانے پینے کی اشیاء کے سرکاری نرخ معلوم کیے جاسکیں گے، ناجائز منافع لینے والے دکانداروں کے خلاف ڈپٹی کمشنر کاروائی کرے گا۔

    عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ کے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کر رہے ہیں، صارفین ایپ کے ذریعے مصنوعی مہنگائی کی شکایت جبکہ صارف دکانداروں کے رویے یا اضافی قیمت لینے کی شکایت کر سکیں گے۔

    عثمان ڈار کا مزید کہنا تھا ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دے دی گئی، جدید طریقہ کار کے ذریعے ہیرا پھیری کرنے والا دکاندار ٹریس کیا جا سکے گا۔

    انھوں نے کہا ابتدائی طور پرایپ کا استعمال سیالکوٹ سے شروع کیا جا رہا ہے، منصوبہ کامیاب ہو گیا تو صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی شروع کیا جا سکے گا۔

    مزید پڑھیں : عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی موثر نگرانی کا فیصلہ

    یاد رہےچند روز قبل  حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اشیائے خردونوش کی قیمتوں کی موثر نگرانی کا اعلان کیا تھا، وفاقی وزیر خسرو بختیارکا کہنا تھا کہ حکومت ذخیرہ اندوزی، منافع خوری کی روک تھام کے لئے پرعزم ہے۔

    واضح رہے یاد رہے کہ نئے مالی سال 2018-19کے ساتویں ماہ ( جنوری 2019 ) کے چوتھے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریئے میں 0.07 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔