Author: عبدالقادر

  • پاکستان اوپن مینز اسکواش چیمپئن شپ مصر کے کھلاڑی نے جیت لی

    پاکستان اوپن مینز اسکواش چیمپئن شپ مصر کے کھلاڑی نے جیت لی

    اسلام آباد : مصر کے کھلاڑی مروان الشوربگی نے پاکستان اوپن مینز اسکواش چیمپئن شپ جیت لی، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے مصحف علی میر اسکواش کمپلکس میں پاکستان اوپن مینز کا فائنل مقابلہ ہوا جسے مصری کھلاڑی مروان الشوربگی نے محمد ابو الغر کو ایک دلچسپ مقابلے میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    ٹاپ سیڈ مروان پہلے راؤنڈ سے ہی میں اپنے حریف پر حاوی رہے اور پہلے راؤنڈ میں 11/3سے کامیابی حاصل کی، محمد ابو الغر نے دوسرے راؤنڈ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11/7سے کامیابی حاصل کرکے میچ 1-1سے برابر کر دیا۔

    تیسرے راؤنڈ میں بھی دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم مروان نے 11/8سے یہ راؤنڈ جیت کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔

    چوتھے راؤنڈ میں بھی وہ اپنے حریف پر حاوی رہے اور 11/6سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپئن شپ ٹرافی حاصل کی۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان جو کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں اس میچ کے مہمانِ خصوصی تھے، انہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

    سابق ورلڈ چیمپئنز جہانگیر خان، قمر زمان کے علاوہ اسکواش کے شائقین کی ایک بڑی تعداد نے یہ میچ دیکھا۔

    واضح رہے کہ پاکستان اوپن اسکواش چیمپئن شپ جو کہ اسکواش سرکٹ میں 10سال بعد واپس آئی ہے میں 50ہزار ڈالرز کی انعامی رقم رکھی گئی تھی۔

    چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا آغاز 17 دسمبر سے ہوا جبکہ مین راؤنڈ 19 دسمبر سے شروع ہوا، اس چیمپئن شپ میں پاکستان کے علاوہ دوسرے ممالک کے 48 بہترین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔


    اسکواش مینزچیمپین شپ: کوئی پاکستانی کھلاڑی کوالیفائی نہ کرسکا


    واضح رہے کہ پچاس ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کی حامل اس پاکستان اوپن انٹرنیشنل مینز اسکواش چیمپین شپ میں کوئی پاکستانی کھلاڑی کوارٹر فائنل راؤنڈ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔

  • اسکواش چیمئنز شپ: ہانگ کانگ کی خاتون کھلاڑی نے فائنل جیت لیا

    اسکواش چیمئنز شپ: ہانگ کانگ کی خاتون کھلاڑی نے فائنل جیت لیا

    اسلام آباد: ہانگ کانگ کی کھلاڑی ’اینی او‘ نے چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل وویمن اسکواش چیمپئن شپ جیت کر اعزاز اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے مصحف اسپورٹس کمپلیکس میں وویمنز اسکواش چمپئن شپ کا فائنل کھیلا گیا جس میں ہانگ کانگ کی کھلاڑی نے فتح اپنے نام کی۔

    25 ہزار ڈالر انعامی رقم کی حامل چیف آف دی ائیر اسٹاف انٹر نیشنل وویمن اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل ہانگ کانگ کی کھلاڑی اینی او نے ملائیشین کھلاڑی سیواسنگاری سبرا مینیئم کو یک طرفہ مقابلے میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

    مزید پڑھیں: اسکواش مینزچیمپین شپ: کوئی پاکستانی کھلاڑی کوالیفائی نہ کرسکا

    اینی اوو گیم کے ابتداء سے ہی اپنی حریف پرحاوی نظر آئیں اور انہوں نے پہلے گیم میں 5/11 جبکہ دوسرے گیم میں 7/11 اور تیسرے میں 1/11 سے کامیابی اپنے نام کی۔

    اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان مہمانِ خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے جبکہ فائنل میچ دیکھنے کےلیے غیر ملکی سفیر، سابق ورلڈ چیمپئن جہانگیر خان، قمر زمان کے علاوہ اسکواش کے شائقین نے میچ دیکھا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں 19سال بعد اسکواش کے عالمی ٹورنامنٹس کا اعلان

    واضح رہے کہ اسکواش فیڈریشن نے 6 دسمبر کو پاکستان میں مرد اور خواتین کے انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کے انعقاد کا اعلان کیا تھا، چیمپئن شپ 17 سے 24 دسمبر تک وفاقی دارالحکومت میں کھیلی گئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • اسکواش مینزچیمپین شپ: کوئی پاکستانی کھلاڑی کوالیفائی نہ کرسکا

    اسکواش مینزچیمپین شپ: کوئی پاکستانی کھلاڑی کوالیفائی نہ کرسکا

    اسلام آباد : پاکستان اوپن انٹرنیشنل مینز اسکواش چیمپین شپ میں پاکستانی پلیئرز کاسفرتمام ہوا، ٹورنامنٹ میں کوئی پاکستانی کھلاڑی کوارٹر فائنل راؤنڈ تک رسائی حاصل نہ کر سکا۔

    تفصیلات کے مطابق مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں جاری پچاس ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کی حامل پاکستان اوپن انٹرنیشنل مینز اسکواش چیمپین شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا سفر ختم ہوگیا، کوئی پاکستانی کوارٹر فائنل راؤنڈ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔

     چیمپین شپ کے مین راؤنڈ کے دوسرے مرحلے میں پاکستانی کھلاڑی فرحان زمان کو مصر کے مزن ہشام کے ہاتھوں0-3سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    دوسرے پاکستانی کھلاڑی احسن ایاز کو بھی مصری پلیئر زاہد محمد کے ہاتھوں1-3سے شکست ہوئی۔ دوسری جانب چیف آف ائیر اسٹاف انٹرنیشنل وویمن اسکواش چیمپین شپ کا کوارٹر فائنل راونڈ بھی مکمل ہو گیا۔

    وویمن اسکواش چیمپین شپ میں ٹاپ سیڈہانگ کانگ ،آسٹریلین اورملائشیئن کھلاڑیوں نے اپنے میچز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

    پہلے کواٹر فائنل میں ٹاپ سیڈ اینی او نے اپنی حریف اینا موتاز کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

    مصری کھلاڑیوں رووان ایلاریبی نے ہم وطن مایار ہانی کوشکست دیکر سیمی فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔ایونٹ کے سیمی فائنل مقابلے جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • پاکستان میں 19سال بعد اسکواش کے عالمی ٹورنامنٹس کا اعلان

    پاکستان میں 19سال بعد اسکواش کے عالمی ٹورنامنٹس کا اعلان

    اسلام آباد: اسکواش فیڈریشن نے پاکستان میں مرد اور خواتین کے انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کے انعقاد کا اعلان کردیا، چیمپئن شپ 17 سے 24 دسمبر تک وفاقی دارالحکومت میں کھیلی جائے گی۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری ونگ کمانڈر طاہر سلطان کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں 17 سے 24 دسمبر تک اسکواش کے عالمی مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی جانب سے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کے مقابلے منعقد کرنے کا یہ اعزاز پاکستان کو 19 سال بعد حاصل ہوگا جو ایک بڑی کامیابی ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ میں بھارت، ہانگ کانگ، ملائیشیا، فرانس، آسٹریلیا، امریکا، اسپین، پرتگال، آئرلینڈ اور ایران سمیت دیگر مختلف ممالک کے کھلاڑی حصہ لیں گے جبکہ بھارتی خاتون اسکواش پلیئر سچیکا انگالے بھی شرکت کریں گی۔

    طاہر سلمان کا کہنا تھا کہ جیتنے والی خواتین کھلاڑیوں کو 25 ہزار جبکہ مردوں کو 50 ہزار ڈالر کی رقم بطور انعام دیا جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • تحریک انصاف کی گھوسٹ ووٹرز کے خلاف کارروائی

    تحریک انصاف کی گھوسٹ ووٹرز کے خلاف کارروائی

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی میں جمہوری رویوں کو فروغ دینے کے لئے انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا تو ایک کے بعد ایک مشکل انتخابات کی راہ میں آڑے آنے لگی، پہلے جسٹس (ر)وجیہ الدین اور پھر تسنیم نورانی کی صورت میں پارٹی کو دو چیف الیکشن کمشنرز سے ہاتھ دھونا پڑا، پارٹی میں دھڑے بندی ہونے لگی اور مرکزی رہنماؤں کے آپسی اختلافات شدت اختیار کرنے لگے، غرض یہ کہ انٹرا پارٹی انتخابات تحریک انصاف کے گلے کی ہڈی بن گئے، یہاں تک کہ سربراہ تحریک انصاف عمران خان کو پارٹی انتخابات ملتوی کرنا پڑے۔

    ان تمام معاملات کے باوجود تحریک انصاف نے نئے چیف الیکشن کمشنر سینیٹر نعمان وزیر کی سربراہی میں رمضان المبارک کے فوری بعد پارٹی انتخابات کروانے کا بیڑہ اٹھایا۔ اس ساری صورت حال کے دوران موبائل سمز کے ذریعے پارٹی ممبر سازی کا عمل جاری تھا کہ اے آر وائی نیوزنے پیسو ں کے عوض پی ٹی آئی کی فراڈ ممبر سازی کا انکشاف کیا۔

    منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں گاؤں دیہات کے سادہ لوح افراد کو فی کس دس ہزار روپے کے عوض تحریک انصاف کی ممبر شپ حاصل کرنے کا جھانسہ دیا جارہا تھا۔اس صورت حال کے پیش نظر اسلام آباد میں سینیٹر نعمان وزیر کی زیر صدارت پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کااعلی سطحی ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں پارٹی کے صوبائی الیکشن ممبران نے بھی شرکت کی۔

    اجلاس میں اب تک ہونے والی پارٹی ممبر سازی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،گھنٹوں جاری رہنے والے اجلاس کے بعد پی ٹی آئی الیکشن کمیشن اس نتیجے پر پہنچا کہ انٹرا پارٹی انتخابات کے لئے دو لاکھ اسی ہزار گھوسٹ ووٹرزرجسٹرڈ ہو چکے ہیں،اسی اجلاس کے دوران معلوم ہوا کہ انٹرا پارٹی انتخابات کے لئے ملک بھر سے کل ستائیس لاکھ پانچ ہزار بانوے ووٹرز نے رجسٹریشن کروائی جس میں سے چوبیس لاکھ پچیس ہزار چھ سو بیاسی ممبران کے ڈیٹا کی تصدیق ہو سکی۔

    پنجاب سے ایک لاکھ نواسی ہزار،جبکہ خیبر پختون خواہ سے پینسٹھ ہزار نو سو ستر ووٹرز کے ڈیٹا کی تصدیق نہ ہو سکی،ا سی طرح سندھ سے تیرہ ہزار سات سو پچیس،بلوچستان سے چار ہزار دو سو چھ اور اسلام آباد سے تین ہزار نو سو تیرہ،جبکہ فاٹا سے ستائیس ہزار تین سو ننانوے ووٹرز گھوسٹ قرار پائے۔

    پارٹی الیکشن کمیشن نے کارروائی کرتے ہوئے انتخابی فہرست سے غیر تصدیق شدہ گھوسٹ ووٹرزکو انتخابی فہرست سے بلاک کر دیا۔ تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات تا حال تاخیر کا شکار ہیں اورعمران خان کا پارٹی میں جمہوری استحکام کا خواب پوراہونے میں بھی ابھی وقت لگے گا،تاہم پی ٹی آئی نے گھوسٹ ووٹرز کے خلاف بروقت کارروائی کرکے پارٹی کو اپنوں کے ہاتھوں دھاندلی کا شکار ہونے سے بچا لیا۔