Author: عابد خان

  • دہشت گردی کا الزام ثابت، بھارتی جاسوس کو 20 سال قید کی سزا سنادی گئی

    دہشت گردی کا الزام ثابت، بھارتی جاسوس کو 20 سال قید کی سزا سنادی گئی

    لاہور(30 اگست 2025): انسداد دہشت گردی عدالت نے بھارتی دہشت گرد عثمان عرف عبد الرحمان کو مجموعی طور پر بیس  سال قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عرفان حیدر نے مقدمے پر فیصلہ سنایا، عدالت نے مختلف  دفعات کے تحت مجرم کو مجموعی طور پر 20 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    پراسیکیوشن کے مطابق مجرم بھارتی شہری اور جاسوس ہے، سرکاری وکیل نے بتایا کہ دہشت گرد چمن کے راستے سے پاکستان میں داخل ہوا اور حساس مقامات کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔

    سرکاری وکیل نے مزید بتایا کہ اس کے قبضہ سے  دھماکہ خیز بارودی مواد برآمد ہوا ہے، بھارتی دہشت گرد  کیخلاف 2024 میں سی ٹی ڈی لاہور نے مقدمہ درج کیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/ctd-busts-raw-terror-network-in-karachi/

  • بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

    بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

    لاہور : انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے علیمہ خانم کے بیٹے شاہ ریز خان کے جسمانی ریمانڈ سماعت کی، پولیس نے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزم شاہ ریز خان کو عدالت میں پیش کیا اور مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شاہ ریز خان سے ڈنڈا برآمد کیا گیا ہے جبکہ فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ بھی کرایا جا چکا ہے، اس لیے وقوعہ کی مزید تفتیش کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

    دورانِ سماعت شاہ ریز خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اپنایا کہ ملزم 9 مئی کو لاہور میں موجود نہیں تھے بلکہ دوستوں کے ہمراہ چترال گئے ہوئے تھے۔ اس سلسلے میں شاہ ریز خان کے دوستوں کے بیان حلفی بھی عدالت میں جمع کرائے گئے۔

    وکیل کے مطابق عمران خان کے بھانجے ملک کے بہترین ایتھلیٹ ہیں اور انہیں صرف بانی پی ٹی آئی کا بھانجا ہونے کی وجہ سے مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے استدعا ہے کہ شاہ ریز خان کو مقدمے سے ڈسچارج کیا جائے۔

    عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کے بھانجے کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

    سماعت کے موقع پر شاہ ریز خان کی والدہ علیمہ خانم، خالہ عظمیٰ خانم اور تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی عدالت میں موجود تھے

  • پی ٹی آئی کے سابق اراکین اسمبلی کی نااہلی کیخلاف اپیلوں میں اہم پیش رفت

    پی ٹی آئی کے سابق اراکین اسمبلی کی نااہلی کیخلاف اپیلوں میں اہم پیش رفت

    لاہور : ہائیکورٹ نے سابق ارکان اسمبلی کی نااہلی کیخلاف اپیلیں آئندہ ہفتے دورکنی بنچ کے روبرو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیاء باجوہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پی ٹی آئی کے سابق اراکین اسمبلی کی نااہلی کیخلاف اپیلوں پر سماعت کی۔

    درخواستوں میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نا اہلی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا. عدالت نے قرار دیا کہ وہ آئندہ ہفتے موجودہ بنچ تعطیلات پر ہے اس لئے اسے دوسرے دو رکنی بنچ کےسامنے سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔

    بنچ نے ریمارکس دیئے کہ جو دو رکنی بنچ اپیلوں پر سماعت کرے گا وہ خود اپیلوں کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ کرے گا۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ارکان اسمبلی نے سرنڈر کیا ہے تو وکیل نے بتایا کہ سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کیں ہیں، سابق ایم پی اے احمد خان بچھر اور محمد احمد چٹھہ نے اپیلیں دائر کیں ہائیکورٹ آفس نے اپیلوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض لگایا کہ اپیل کنندہ سزا یافتہ ہیں اس لئے پہلے سرنڈر کریں.

    بعد ازاں عدالت کے دورکنی بنچ نے اپیلوں پر سماعت یکم ستمبر تک ملتوی کردی ۔

    اس سے پہلے ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے احمد خان بچراورمحمد احمد چٹھہ کی درخواستیں مسترد کر دی تھی.

  • علیمہ خانم کے  بیٹے نے ضمانت کی درخواست دائر کردی

    علیمہ خانم کے بیٹے نے ضمانت کی درخواست دائر کردی

    لاہور : جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم کے بیٹے شیر شاہ نے ضمانت کی درخواست دائر کردی۔
    تفصیلات کے مطابق جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم کے بیٹے شیر شاہ نے ضمانت کی درخواست دائر کی۔

    ملزم نے اپنے وکیل کی وساطت سے انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور میں درخواست جمع کرائی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم کو سیاسی بنیادوں پر مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے، صرف ویڈیو میں نظر آنا کسی جرم کا ثبوت نہیں بنتا۔

    درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ ملزم شیر شاہ کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔

    مزید ہڑھٰں : جناح ہاؤس حملہ کیس : بانی پی ٹی آئی کا بھانجا جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

    یاد رہے شیرشاہ خان کو جناح ہاؤس پر حملے اور دیگر پُرتشدد کارروائیوں میں مبینہ کردار کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی آرز میں انکشاف کیا گیا تھا کہ علیمہ خان کے دونوں بیٹے، شیرشاہ خان اور شہر یز خان، 9 مئی کے واقعات میں ملوث تھے، شیرشاہ نے پولیس وین جلانے، سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے میں حصہ لیامویڈیو شواہد اور جیو فینسنگ ڈیٹا بھی اس کی موجودگی ثابت کرتے ہیں۔

    تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ ملزم ہنگاموں کے بعد بیرونِ ملک فرار ہو گیا اور تقریباً دو سال لندن میں مقیم رہ کر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مبینہ طور پر ریاست مخالف پروپیگنڈا مہم چلاتا رہا، اسے پاکستان واپسی پر 22 اگست 2025 کو گرفتار کیا گیا۔

  • بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شیر شاہ  کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شیر شاہ کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    لاہور : جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کے بھانجے اور علیمہ حانم کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے شیر شاہ کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مؤقف اپنایا کہ ملزم موقع پر موجود تھا جس کے ویڈیو شواہد موجود ہیں، عدالت میں جناح ہاؤس کی ویڈیو بھی چلائی گئی جس میں شیرشاہ کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم کا فوٹوگرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ کروانا ہے، لہٰذا عدالت 30 روزہ جسمانی ریمانڈ دے۔

    مزید پڑھیں : بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم کا دوسرا بیٹا بھی زیر حراست

    دوسری جانب ملزم کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ 27 ماہ بعد یاد آیا ہے کہ ملزم کو گرفتار کیا جائے، اس سے قبل بھی عدالتیں تاخیر سے گرفتاری پر ملزمان کو ڈسچارج کر چکی ہیں۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پورے شہر کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر نہ دیا جائے بلکہ ڈسچارج کیا جائے۔

    عدالت نے دلائل سننے کے بعد عمران خان کے بھانجے کے جسمانی ریمانڈ کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے شیر شاہ کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور ملزم کو پولیس کے حوالےکردیا۔

  • بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ  منظور

    بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کے بھانجے کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کےبھانجے شاہ ریزخان کےجسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی،

    عدالت کے جج منظر علی گل نے سماعت کی ، پولیس کی جانب سے ملزم کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

    سماعت کے دوران ملزم کی جانب سے ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ پیش ہوئے جنہوں نے مؤقف اپنایا کہ شاہ ریز خان کو دو سال کی تاخیر سے مقدمے میں نامزد کیا گیا، جبکہ ان کی والدہ علیمہ خانم کو پہلے ہی اس مقدمے سے ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔

    وکیل نے استدعا کی کہ شاہ ریز کو بھی مقدمے سے خارج کیا جائے کیونکہ ان کا پی ٹی آئی کے سیاسی معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔

    وکیلِ صفائی کا کہنا تھا کہ شاہ ریز خان ملک کے نامور ایتھلیٹ ہیں اور ان پر مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔

    دوران سماعت پولیس نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی جبکہ ڈی ایس پی آصف جاوید نے عدالت کو بتایا کہ ملزم جناح ہاؤس حملے میں ملوث ہے۔

    عدالت نے وکلاء اور پولیس کے مؤقف سننے کے بعد شاہ ریز خان کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

  • تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کیخلاف  طالب علم عدالت پہنچ گیا

    تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کیخلاف طالب علم عدالت پہنچ گیا

    لاہور : پنجاب میں تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کیخلاف طالب علم عدالت پہنچ گیا ، عدالت نے سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب سمیت متعلقہ اداروں کو نوٹسز جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں پنجاب کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کے حکومتی فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

    طالب علم دانیال حسین کی جانب سے وکیل وقار اعوان کے توسط سے درخواست دائرکی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ محکمہ تعلیم پنجاب نے بلاجواز طور پر تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع کردی ہے، پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز ایکٹ کے تحت صرف ناگہانی صورتحال میں چھٹیاں دینے کا اختیار ہے، تین ماہ تک تعلیمی سرگرمیوں کو معطل کرنا بچوں کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

    مزید پڑھیں : اسکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ کیوں کیا؟ وزیر تعلیم نے وجہ بتادی

    سماعت کے دوران جسٹس جواد الحسن نے حکومتی فیصلے پر اظہارِ برہمی کیا اور ریمارکس دیے کہ "جنگ کے دنوں میں بھی عدالتیں کھلی رہیں، ججز اور وکلا اپنے فرائض انجام دیتے رہے، مگر یہاں کبھی فوگ اور کبھی گرمی کے نام پر اسکول بند کردیے جاتے ہیں۔ تعلیم بچوں کا بنیادی حق ہے، انہیں اس سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔”

    عدالت نے کہا کہ والدین بھاری فیسیں تعلیم کے حصول کے لیے ادا کرتے ہیں، اس طرح کے فیصلوں سے ان کے بچوں کا مستقبل متاثر ہوتا ہے۔

    لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے درخواست باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

    عدالت نے سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب سمیت متعلقہ اداروں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

  • پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کو 35 سال قید، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی گرفتاری کا حکم

    پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کو 35 سال قید، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی گرفتاری کا حکم

    لاہور : 9 مئی کے کیس میں پی ٹی آئی کے سینئررہنماؤں کو مجموعی طور پر 35 سال قید کی سزا سنائی جبکہ عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی گرفتاری کا حکم دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے تھانہ شادمان جلانے کے کیس کا تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

    جج منظر علی گل کی جانب سے تحریر کردہ 93 صفحات پر مشتمل فیصلے میں سینئر رہنماؤں سمیت متعدد مجرموں کو مختلف دفعات کے تحت سزائیں سنائی گئیں۔

    عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو مجرمانہ سازش اور عوام کو بغاوت پر اکسانے کا جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 35، 35 سال قید اور چھ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ فہیم قیصر، نیاز احمد، زین علی سمیت سات مجرم واقعے کے وقت موقع پر موجود تھے اور توڑ پھوڑ میں ملوث پائے گئے۔ انہیں مختلف دفعات کے تحت 31، 31 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

    مزید پڑھیں : 9 مئی کیسز: یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید، شاہ محمود بری

    عدالت نے قرار دیا کہ عالیہ حمزہ اور صنم جاوید جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھیں تاہم وہ سوشل میڈیا کے ذریعے جرم میں بھرپور طور پر ملوث رہیں اور 9 مئی سے پہلے بھی اس مقصد کے لیے سرگرم تھیں، دونوں کو پانچ، پانچ سال قید اور ایک، ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔

    عدالت نے شاہ محمود قریشی کو مقدمے سے بری کردیا کیونکہ زمان پارک میں ہونے والی سازشی میٹنگ میں ان کی موجودگی کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

    فیصلے کے وقت ضمانت پر رہنے والے تمام ملزم غیر حاضر تھے، جس پر عدالت نے عالیہ حمزہ، صنم جاوید اور دیگر غیر حاضر ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ انہیں گرفتار کرکے جیل بھیجا جائے تاکہ وہ اپنی سزا پوری کر سکیں۔

  • 9 مئی کیسز: یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید، شاہ محمود بری

    9 مئی کیسز: یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید، شاہ محمود بری

    لاہور (11 اگست 2025): عدالت نے 9 مئی کیسز میں یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید جب کہ شاہ محمود کو بری کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں 9 مئی واقعات میں تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ اور جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔

    عدالت نے پی ٹی آئی کی سینئر رہنما یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا جب کہ پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا۔

    انسداد دہشتگردی کی عدالت نے میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ اور عائشہ بھٹہ کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا کا حکم سنایا۔

    اس کے علاوہ اے ٹی سی نے پی ٹی آئی پنجاب کی آرگنائزر عالیہ حمزہ اور صنم جاویدکو بھی پانچ، پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    اے ٹی سی نے جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے کیس میں شاہ محمود قریشی سمیت 7 ملزمان کو بری کیا۔

    انسداد دہشتگردی کی عدالت نے شاہ محمود قریشی کے علاوہ جن افرادکو بری کیا ہے۔ ان میں سہیل خان، اویس، رفیع الدین، فرید خان، سلمان احمد، عبدالقادر، فیضان، طیب سلطان، شاہدبیگ، ماجد علی، بخت رواں بھی شامل ہیں۔

  • عالیہ حمزہ کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات سامنے آگئیں

    عالیہ حمزہ کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات سامنے آگئیں

    لاہور : تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کیخلاف درج مقدمات سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کو آگاہ کردیا گیا۔

    جس میں بتایا گیا کہ تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی کے خلاف مجموعی طور پر 21 مقدمات درج ہیں۔

    پنجاب حکومت کے وکیل نے پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہنا ہے کہ لاہور میں 3، قصور میں 7، گوجرانوالہ میں 1، راولپنڈی میں 4، میانوالی میں 2 اور فیصل آباد میں 4 مقدمات درج ہیں۔

    مزید پڑھیں : عالیہ حمزہ کا پی ٹی آئی قیادت کے خلاف طنز بھرا ٹویٹ

    کیس کی سماعت جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے کی، تاہم درخواست گزار رہنما کے وکیل پیش نہ ہوئے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں اور پولیس کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔

    عدالت نے گزشتہ سماعت پر درخواست گزاررہنما کو ہراساں کرنے سے روک دیا تھا تاہم درخواست پر اب پر سماعت اٹھارہ اگست کو ہوگی۔