Author: عابد خان

  • صنم جاوید کو بڑا ریلیف مل گیا

    صنم جاوید کو بڑا ریلیف مل گیا

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے جیل سے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کی گوجرنوالہ کے مقدمے میں گرفتاری کیخلاف درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

    جسٹس اسجد جاوید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے14 صفحات کاتحریری فیصلہ جاری کیا ، جس میں لاہور ہائیکورٹ نےپی ٹی آئی رہنما کو جیل سےفوری رہاکرنے کا حکم دے دیا۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ تفتیشی افسر کےپاس درخواست گزار کو مقدمے میں نامزدکرنے کےشواہدنہیں، درخواست گزارکیخلاف گوجرنوالہ کامقدمہ بدنیتی کی بنیادپر درج کیا گیا، درخواست گزار کومقدمے سے ڈسچارج کیا جاتا ہے.

    لاہورہائیکورٹ کا کہنا تھا کہڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے بیان دیا پی ٹی آئی رہنما کیخلاف مزید کوئی مقدمہ نہیں ، وہ کسی اور مقدمےمیں مطلوب نہیں تو فوری جیل سے رہا کیا جائے۔

    عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کو باربار ایک نوعیت کے مقدمے میں نامزدکرنا بدنیتی ظاہر کرتاہے اور رہائی کےبعدبار بار گرفتار کرنا عدالتی نظام کو شکست دینا ہے، درخواست گزار کےجیل میں ہونے کے باوجودنظر بندی کے احکامات جاری کیےگئے۔

    عدالت بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈی سی لاہوراورگوجرانوالہ کیخلاف کارروائی نہیں کررہی اور امید کرتی ہے ڈپٹی کمشنرز آئندہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں کریں گے۔

    فیصلے میں کہنا تھا کہ وہی ریاستیں ترقی کرتی ہیں جہاں عدالتوں کے فیصلوں پر عمل درآمد ہو، جہاں عدالتی فیصلے ہوا میں اڑا دیے جائیں وہاں افراتفری پھیلتی ہے ، جسمانی ریمانڈدینےوالی عدالتوں کوبھی ریمانڈدیتےوقت بنیادی حقوق سامنےرکھنےچاہئیں۔

  • جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس بن گئیں

    جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس بن گئیں

    لاہور : جسٹس عالیہ نیلم  نے لاہورہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا اور لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس بن گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی۔

    تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس عالیہ نیلم  نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔

    حلف برداری تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سمیت ہائی کورٹ کے ججز اور دیگر شعبوں ست تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

    حلف برداری کے موقع پر گورنر اور وزیر اعلیٰ سمیت دیگر نے چیف جسٹس عالیہ کو مبارکباد دی ۔

    حلف برداری کے بعد لاہور ہائی کورٹ میں چیف جسٹس نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں، انہیں عدالت پہنچنے پر روایتی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    جسٹس عالیہ 2013 میں لاہور ہائی کورٹ کی جج مقرر ہوئیں اور انھیں 2015 میں مستقل جج تعینات کیا گیا، ان کو آئین ، وائٹ کالر کرائمز ، دیوانی ، فوجداری ، نیب ، بینکنگ اور دہشت گردی قوانین میں خصوصی مہارت حاصل ہے۔

    وہ صوبے کی دہشت گردی عدالتوں کی پہلی خاتوں ایڈمنسٹریٹو جج رہیں جبکہ صنفی تشدد کے لیے علیحدہ عدالتوں کے قیام اور ای کورٹس میں بیانات اور شواہد ریکارڈ کرنے کے حوالے سے پروسیجر کی تیاری میں بھی فاضل چیف جسٹس نے اہم کردار ادا کیا۔

  • حکومت کا  فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کا اختیار عدالت میں چیلنج

    حکومت کا فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کا اختیار عدالت میں چیلنج

    لاہور : حکومت کا فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کا اختیار عدالت میں چیلنج کردیا گیا، جس میں نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کے اختیار کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، درخواست لاہورہائیکورٹ میں دائر کی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ حکومت نے ایک نوٹیفکیشن میں لوگوں کےفون ٹیپ کرنےکی اجازت دی ، پی ٹی اے ایکٹ کے جس سیکشن کے تحت نوٹیفکیشن ہوا اس کے ابھی رولز نہیں بنے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ آئین شہریوں کو پرائیویسی اور آزادی اظہار رائے فراہم کرتا ہے، استدعا ہے کہ حکومت کا فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیا جائے۔

    یاد رہے حکومت نے قومی سلامتی اور جرم کے خدشے کے تناظر میں فون ٹیپنگ کی اجازت دی تھی ، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ کی دفعہ چوون کے تحت آئی ایس آئی کو اجازت دی گئی۔

    وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن نے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا، نوٹیفکیشن کے مطابق کم از کم گریڈ اٹھارہ کا افسر تعینات کیاجائے گا، کسی بھی کال یا میسج کو ٹریس کرنے کا اختیار ہوگا۔

  • بانی پی ٹی آئی کی جناح ہاؤس سمیت 3 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد

    بانی پی ٹی آئی کی جناح ہاؤس سمیت 3 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد

    لاہور: انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت 3 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔

    انسداد دہشتگردی عدالت کے جج خالد ارشد نے ضمانت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے تین الگ الگ ضمانت کی درخواستوں پر کارروائی مکمل ہونے پر 6 جولائی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر حاضری کا حکم دیا تاہم سابق وزیر اعظم کی ویڈیو لنک سے حاضری مکمل نہ ہو سکی اور جیل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ نیٹ کی وجہ سے ویڈیو لنک پر حاضری نہ لگوائی جا سکی۔

    بانی پی ٹی آئی نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور شاد مان پولیس اسٹیشن پر حملوں کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں۔

    گزشتہ روز راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ہفتے میں ایک بار واٹس ایپ پر بیٹوں سے بات کروانے کی استدعا مسترد کی تھی۔

    سابق وزیر اعظم کی درخواست پر جیل انتظامیہ کی جانب سے عدالت میں جواب داخل کروایا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ رپورٹ جیل مینوئل کے مطابق کسی ملزم کی واٹس ایپ پر رشتہ داروں سے ملاقات کا قانون نہیں، عدالتی حکم کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی مہینے میں 2 بار بیٹوں سے بات کروائی جاتی ہے۔

  • جج کو ہراساں کرنے کا کیس: وزیراعظم سے عملدرآمد رپورٹ طلب

    جج کو ہراساں کرنے کا کیس: وزیراعظم سے عملدرآمد رپورٹ طلب

    لاہور : سرگودھا کے اے ٹی سی جج کو ہراساں کرنے کا کیس میں لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعظم سے عملدرآمدرپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سرگودھا اے ٹی سی جج کے ساتھ ناخوشگوار واقعے سے متعلق کیس پر سماعت ہوئی۔

    ڈی پی او سرگودھا، ریجنل افسرمحکمہ انساد دہشت گردی اور متعلقہ اسٹیشن ہاؤس افسرنے لاہور ہائیکورٹ سے غیرمشروط معافی مانگ لی۔

    جس پر عدالت نے توہین عدالت کے مرتکب پولیس افسران کوشوکازنوٹس کےجوابات دینے کی ہدایت کرتےہوئے ریمارکس دیے عدالت تحریری جوابات دیکھنے کے بعدفیصلہ کرے گی معافی دینی ہے یا نہیں۔

    عدالت نے آئندہ سماعت پر وزیراعظم سے بھی عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی، جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے میں اے ٹی سی جج کو بھی کارروائی کرنے کا کہہ دیتا ہوں۔

    جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا کہ عدالت کے سامنے دو معاملات ہیں، ایک رٹ ہے دوسرا توہین عدالت کا معاملہ ہے، توہین عدالت کے معاملے کا کیا کرنا ہے؟ اس پر عدالتی معاون حنا حفیظ عدالت کی معاونت کریں گی۔

    عدالتی معاون نے بتایا توہین عدالت کی کارروائی ہوسکتی ہے، اس عدالت کے پاس اختیارموجود ہے،بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت اگست کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔

  • پرویز الہٰی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم

    پرویز الہٰی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہٰی ، ان کے بیٹے راسخ الہٰی اور بہو زاہرا الہٰی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے پرویز الہٰی اور ان کے خاندان کے ارکان کی الگ الگ درخواستوں پر سماعت کی۔

    جس میں سابق وزیراعلی پنجاب کے علاوہ ان کے بیٹے راسخ الہی اور بہو زاہرا نے اپنے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا۔

    عدالت نے حکم دیا کہ سابق وزیراعلی پنجاب، ان کے بیٹے اور بہو کا پاسپورٹ لسٹ سے خارج کیا جائے۔

    سابق وزیراعلی پنجاب اور ان کے خاندان کے ارکان نے اپنے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے پر عدالت سے رجوع کیا اور درخواستوں میں یہ استدعا کی کہ ان کے نام لسٹ سے خارج کئے جائیں۔

  • بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر ایک جھلک ہی دکھادیں، بیرسٹر سلمان صفدر کی استدعا

    بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر ایک جھلک ہی دکھادیں، بیرسٹر سلمان صفدر کی استدعا

    لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک پر حاضری کا حکم دے دیابیرسٹر سلمان صفدر نے استدعا کی تھی کہ بانی کی ایک جھلک ہی دکھادیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ سمیت 3مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔

    بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی 4مقدمات میں دوسری عدالت سے عبوری ضمانت کنفرم ہوچکی، دوسری عدالت نے ملزم کے پیش ہوئے بغیر ہی فیصلہ سنا دیا تھا۔

    جس پر عدالت نے کہا کہ اس عدالت کے فیصلےکی کاپی پیش کر دیں تو بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ جب آپ کہیں میں ضمانتوں پردلائل دینےکو تیارہوں، بہت کوشش کی ملزم کی اڈیالہ جیل سےعدالت میں پیشی ہو سکے پھر سمجھوتہ کر لیا کہ بغیر ویڈیو لنک کیس سن کر فیصلہ ہوجائے۔

    وکیل نے استدعا کی کہ بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر ایک جھلک ہی دکھادیں، تو فاضل جج نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ایک جھلک دکھا دیں گے۔

    وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ ان کی منہ دکھائی سپریم کورٹ میں ہوچکی ہے، وکیل کی اس بات پر عدالت میں قہقہہ لگ گئے۔

    عدالت کی وکیل کو ہدایت کی کہ آپ کل ضمانتوں پر دلائل مکمل کریں اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کوبانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک پر حاضری کا حکم دیتے ہوئے عبوری ضمانت کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

  • گھریلو صارفین کے بجلی بلوں  میں اضافے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

    گھریلو صارفین کے بجلی بلوں میں اضافے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

    لاہور : گھریلو صارفین کے بجلی بلوں میں اضافے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ اضافے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں گھریلو صارفین کے بجلی بلز میں اضافے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیپرا نے ڈومیسٹک بلوں میں سلیپ ریٹ لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، یونٹ کی تعداد کے مطابق بل بھجوائے جارہے ہیں۔

    درخواست میں مزید کہا کہ بجلی کے سلیپ ریٹ سے بلوں میں بے تحاشا اضافہ ہوگیا ہے، استدعا ہے کہ اضافے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔

    یاد رہے وفاقی کابینہ نے بجلی کے فی یونٹ بنیادی ٹیرف میں سات روپے بارہ پیسےتک اضافے کی منظوری دی تھی اور گھریلو صارفین کیلئے بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48 روپے چوراسی پیسے تک مقرر کردیا تھا۔

    سیلز ٹیکس کے بعد فی یونٹ بنیادی ٹیرف ستاون روپے تریسٹھ پیسے جبکہ ایڈجسٹمنٹس اور ٹیکسوں کو ملاکر زیادہ سے زیادہ ٹیرف پینسٹھ روپے سے تجاوز کرجائے گا۔

    جس کے تحت یکم جولائی 2024 سے بجلی کی قیمت میں پانچ روپے باہتر پیسے فی یونٹ اضافہ ہوگا جبکہ بلوں میں کم سے کم اضافے کیلئے حکومت 440 ارب سبسڈی دے گی۔

  • بیرون ملک پناہ لینے والوں کو پاسپورٹ کے اجرا پر پابندی، بڑی خبر آگئی

    بیرون ملک پناہ لینے والوں کو پاسپورٹ کے اجرا پر پابندی، بڑی خبر آگئی

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو بیرون ملک پناہ لینے والوں کو پاسپورٹ جاری کرنے پر پابندی کا معاملہ حل کرنے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے شہری بلال حامد کی بیرون ملک پناہ لینے والوں کو پاسپورٹ جاری کرنے پر پابندی کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔

    جس میں پاسپورٹ جاری نہ کرنے کے حکومتی اقدام کو چیلنج کیا گیا، درخواست گزار کے وکیل رانا انتظار نے دلائل دیے کہ اُن کے موکل نے پاسپورٹ کے اجرا کیلئے درخواست دی لیکن حکومت پاسپورٹ نے جاری نہیں کیا، درخواست گزار کے خلاف کسی قسم کا کوئی مقدمہ نہیں ہے۔

    وکیل نے استدعا کی کہ اسائلم لینے پر پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیا جائے، جس کے بعد عدالت نے ہدایت کی کہ وفاقی حکومت یہ معاملہ خود حل کرے اور اس بارے میں رپورٹ داخل کی جائے۔

    عدالت نے قرار دیا کہ اگر حکومت معاملہ طے نہیں کرتی تو عدالت خود حکم جاری کرے گی۔

    یاد رہے حکومت نے ملکی سلامتی اور سیکیورٹی کے تناظر میں اسائلم لینے والے پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    مراسلے میں کہنا تھا کہ ایسے تمام پاکستانی جو کسی بھی بنیاد پر دوسرے ممالک میں پناہ لیں گے، ان کو پاسپورٹ نہیں ملے گا اور ان کے پاسپورٹ منسوخ اور دوبارہ قابل تجدید نہیں ہوں گے۔

  • وزیر اعظم آفس ایجنسیوں کو کسی بھی جج سے رابطہ کرنے سے روکے، عدالت کی ہدایت

    وزیر اعظم آفس ایجنسیوں کو کسی بھی جج سے رابطہ کرنے سے روکے، عدالت کی ہدایت

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے وزیر اعظم آفس کا ہدایت کی کہ سول اور ملٹری ایجنسیوں کو   ججز اور ان کے عملے سے رابطہ کرنے سے روکیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے اے ٹی سی سرگودھا کے جج کو ہراساں کرنے کے متعلق گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کیساتھ ناخوش گوار واقعہ کے معاملے پر عبوری تحریری فیصلہ جاری کیا۔

    فیصلے میں حکم دیا کہ وزیر اعظم آفس سے یہ ہدایت جاری کی جائیں گی کہ آئی بی، آئی ایس آئی سمیت تمام سول اور ملٹری ایجنسیوں کو اعلی اور ماتحت عدلیہ کے ججز اور ان کے عملے سے رابطہ نہیں کریں گے اور آئی جی پولیس پنجاب بھی ان کے ماتحت افسروں کو عدلیہ میں مداخلت سے روکیں۔

    عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ انسداد دہشت گردی عدالتوں کی سیکیورٹی کے اگر کوئی حفاظتی اقدامات کرنے ہیں تو متعلقہ جج سے مشاورت اور اتفاق رائے کے بغیر نہ کیے جائیں۔

    عدالت نے ہدایت کی کہ پنجاب کی انسداد دہشت گردی عدالتیں 9 مئی کےتمام مقدمات پر ترجیحی بنیادوں پر فیصلہ کریں۔

    عدالت نے مزید کہا کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج سرگودھا کے معاملہ پر عدالتی عملہ تفتیش میں مکمل تعاون کرے اور تفتیش کی وڈیو ریکارڈ کرکے ہائیکورٹ کو فراہم کی جائے اور عمل درآمد رپورٹ 8 جولائی تک داخل کرانے کا بھی حکم دے دیا۔