Author: عابد خان

  • عدالت نے ادویات کی قیمتوں کے تعین کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا

    عدالت نے ادویات کی قیمتوں کے تعین کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے ادویات کی قیمتوں کے تعین کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محمد اسلم کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ادویات کی قیمتیں مقررکرنے کے لیے نگراں حکومت نے قانون کے منافی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ حکومت ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کی سیکشن ڈرگ ایکٹ سے نکال رہی ہے، نگراں حکومت کے پاس یہ اختیار نہیں ہے، عوامی اور جمہوری حکومت یہ اقدام کر سکتی ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک نوٹیفکیشن معطل کرنے کا حکم دے، کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

    حکومت نے جان بچانے والی 146 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

    واضح رہے کہ گزشتہ روز نگراں حکومت نے جان بچانے والی نیشنل اسینشل میڈیسنز (WHO) لسٹ 146 ادویات کی قیمتیں بڑھا دی ہیں، جن ادویات کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں ان میں کینسر، ویکسین اور اینٹی بائیوٹک دوائیں شامل ہیں، ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈریپ نے حکومت کو 262 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری بھیجی تھی، جس پر حکومت نے لسٹ میں شامل جان بچانے والی 146 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔

    لسٹ میں شامل 116 ادویات کی قیمتیں فارماسیوٹیکل کمپنیاں از خود بڑھائیں گی، اور حکومت اب صرف نیشنل اسینشل میڈیسنز لسٹ میں شامل صرف 200 ادویات کی قیمتوں پر کنٹرول رکھے گی، باقی ادویات پر ڈسٹری بیوٹر اور مینوفیکچرر اپنی مرضی سے قیمتوں کا تعین کریں گے۔

  • پی آئی اے کے فلائٹ کچن ٹھیکے پر دینے کے خلاف درخواست دائر

    پی آئی اے کے فلائٹ کچن ٹھیکے پر دینے کے خلاف درخواست دائر

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ میں پی آئی اے کے فلائٹ کچن ٹھیکے پر دینے کے خلاف درخواست دائر کردی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ ٹھیکے سے پی آئی اے کو 80 کروڑ روپے کا خسارہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے فلائٹ کچن ٹھیکے پر دینے کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ، پیپلز لیبر یونین نے نبیل جاوید ایڈوکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔

    درخواست میں وفاقی حکومت، پی آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے اور مؤقف میں کہا گیا ہے کہ فلائٹ کچن پر سالانہ لاگت 55 کروڑ آتی ہے، ٹھیکہ ایک ارب 32 کروڑ کا دے دیا گیا،ٹھیکے سے پی آئی اے کو 80 کروڑ روپے کا خسارہ ہو گا۔

    درخواست میں کہنا تھا کہ دو نجی کمپنیوں کا لاہور اور اسلام آباد کا ٹینڈر منظور کر لیا گیا ہے، اب کراچی فلائٹ کچن کی نیلامی ہوناباقی ہے۔

    پیپلز لیبر یونین نے کہا کہ پی آئی اے کی پہلے ہی مالی پوزیشن بہتر نہیں ، استدعا ہے کہ عدالت فلائیٹ کچن ٹینڈر کو کالعدم قرار دے۔

  • ٹیکسی ڈرائیور کے  قتل کے مقدمے میں سزائے موت کا منتظر ملزم بری

    ٹیکسی ڈرائیور کے قتل کے مقدمے میں سزائے موت کا منتظر ملزم بری

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے ٹیکسی ڈرائیور کے قتل کے الزام میں سزائے موت پانے والے ملزم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا ۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہاہیکوٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ٹیکسی ڈرائیور کے قتل کے ملزم کی اپیل کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پراسکیوشن اپنا کیس ثابت کرنے میں ناکام رہی مقدمہ تاخیر سے درج ہوا اور مقدمہ درج کرتے وقت کوئی نامزد ملزم نہیں تھا جبکہ ملزم الفت کو بعد میں نامزد کیا گیا۔

    فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ مدعی کے مطابق ملزم الفت کی بیوی کا مقتول شفیق کے ساتھ تعلق تھا، ملزم الفت نے اس وجہ سے بھائی شفیق کو قتل کیا۔

    عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم الفت کی بیوی کے موبائل سے ملنے والی مقتول شفیق کی تصاویر کا فرانزک نہیں کروایا گیا اور گواہوں کے بیانات میں بھی تضاد پایا گیا، لہذا عدالت ملزم کو بری کرنے کا حکم دیتی ہے۔

    خیال رہے ملزم الفت کو تھانہ پاکپتن میں درج مقدمے میں جولائی 2018 میں نامزد کیا تھا، بعد ازاں ٹرائل کورٹ نے 2019 میں ملزم الفت کو سزائے موت کا حکم دیا تھا۔

  • صنم جاوید کے شوہر کی ضمانت منظور

    صنم جاوید کے شوہر کی ضمانت منظور

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کے شوہرعتیق ریاض کی ضمانت منظور کر لی، جناح ہاؤس حملے کے مقدمے میں گرفتار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کے شوہر کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

    لاہور ہائیکورٹ کے2 رکنی بینچ نے وکلاکےدلائل کے بعد فیصلہ سنایا اور صنم جاوید کےشوہرعتیق ریاض کی ضمانت منظور کرلی۔

    لاہورہائیکورٹ نے صنم جاوید کےشوہرعتیق ریاض کی ضمانت منظور کرلی۔

    ملزم عتیق ریاض جناح ہاؤس حملےکے مقدمے میں گرفتار ہیں اور ان کیخلاف تھانہ سرور روڑ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔

  • ریسٹورنٹ کے اوقات کار کے حوالے سے عدالت کا بڑا حکم آگیا

    ریسٹورنٹ کے اوقات کار کے حوالے سے عدالت کا بڑا حکم آگیا

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ تدارک کیس میں ریسٹورینٹ کا وقت بڑھانے کی درخواست مسترد کر دی اور غلط پارکنگ کرنے والوں کو جرمانہ کرنے کا حکم دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ تدارک کیس کی سماعت کی ، ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

    درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ پی ایس ایل میچز شروع ہوگئے اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، عدالتی احکامات پر معاملات بڑی مشکل سے ٹھیک ہوئے تھے۔

    عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ درخواست لائیں پی ایس ایل کے خلاف حکم امتناعی جاری کر دیتے ہیں، ٹریفک جام اور ماحول کی بہتری کیلئے بڑی کوششیں کیں۔

    ریسٹورینٹس کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ریسٹورینٹس کا ایک گھنٹہ وقت بڑھا دیا جائے، جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ریسٹورینٹس والوں نے بہت تنگ کیا ہوا ہے، وقت میں رعایت بالکل نہیں دی جا سکتی۔

    پی ایچ اے کے وکیل نے بتایا کہ شاہدرہ کے قریب پی ایچ اے نے 16 ہزار درخت لگائے ہیں، ایریگیشن سے ایک درخت کاٹنے پر تین درخت لگانا طے پایا تھا ، اب تک ایرگیشن والوں نے 3 سو درخت لگا دئیے ہیں۔

    جس پر ممبر کمیشن نے کہا کہ کمیشن کے لوگوں کے تبادلے کیے جارہے ہیں تو سرکاری وکیل نے بتایا کہ الیکشن کی وجہ سے لوگوں کے تبادلے ہوئے ہیں۔

    درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ سوشل میڈیا کو بھی ایکٹویٹ کرنے کی ضرورت ہے، گھروں میں پودے لگائے جانے چاہیے، ہیٹ ویو اسموگ کی روک تھام کے لیے میڈیا کو بھی اشتہار چلانے چاہیے، اسکول و کالجز میں ایک پیریڈ ہونا چاہیے جس میں بچوں کو درختوں کی اہمیت کی آگاہی دینی چاہیے۔

    جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ایسا ضروری ہے ایسا ہونا چاہیے عدالت نے غلط پارکنگ کرنے والوں کو بھاری جرمانے کرنے کی ہدایت کی اور کیس کی سماعت 23 فروری تک ملتوی کردی۔

  • پی ٹی آئی  کے 11 رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا گیا

    پی ٹی آئی کے 11 رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا گیا

    لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9مئی کو کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے کیس میں 11پی ٹی آئی رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9مئی کو کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے11پی ٹی آئی رہنماؤں کواشتہاری قرار دے دیا۔

    اشتہاری قرار دیئے جانے والے رہنماؤں میں اعظم سواتی،زبیرنیازی، مرادسعید،حماداظہر،میاں اسلم اقبال ، امتیازاحمدشیخ،وائق قیوم عباسی،مسرت اقبال چیمہ ، جمشید اقبال چیمہ، حامد رضا گیلانی اور صیاد خان شامل ہیں۔

    پولیس نے ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست دائرکی تھی۔

    دوسری جانب انسداد دہشتگری عدالت لاہور نے پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس میں نو اشتہاری ملزمان کی جائیداد قرقی کاحکم دےدیا۔

    عدالت نے اعظم سواتی ،زبیر نیازی ،مراد سعید ، حماد اظہر،میاں اسلم ، امتیاز شیخ ،حافظ فرحت ،واثق قیوم عباسی اورحامد رضا کی جائیداد قرقی کے احکامات جاری کئے۔

  • چوہدری پرویز الہٰی کی  ضمانت منظور

    چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور

    لاہور: ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کی تعیناتی کیس میں چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، عدالت نے ضمانت منظور کرتے ہوٸے پرویز الہٰی کو ایک لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی۔

    وکلا نے دلائل دیے کہ پرویز الہٰی کے وزیر اعلیٰ بننے سے پہلے پرنسپل سیکریٹری کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا تھا، پرنسپل سیکریٹری کا نوٹیفکیشن چیف سیکریٹری پنجاب نے جاری کیا اور مقدمے میں چیف سیکریٹری کو فریق ہی نہیں بنایا گیا۔

    وکلا نے کہا جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کو مقدمے سے ڈسچارج کر دیا، یہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے، لہٰذا پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر کے ان کی رہائی کا حکم دیا جائے۔

  • مریم نواز اور علیم خان کی کامیابی کے انتخابی نتائج روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    مریم نواز اور علیم خان کی کامیابی کے انتخابی نتائج روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے این اے 119 سے ن لیگی رہنما مریم نواز اور این اے117سے آئی پی پی کے رہنما علیم خان کے انتخابی نتائج روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں این اے 119 سے مریم نواز کی کامیابی کے انتخابی نتائج روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت میں آزاد امیدوارشہزاد فاروق کےوکیل نےدلائل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز فارم 45 کے مطابق ہار چکی ہیں، ریٹرنگ افسر نے مبینہ طور پر مریم نواز کو فاتح قرار دیا۔

    وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ فارم 45 کے نتائج ہمارے پاس موجود ہیں،عدالت فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے، جس کے بعد عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں این اے117 سے آئی پی پی کے رہنما علیم خان کی کامیابی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
    لاہور ہائیکورٹ جسٹس علی باقر نجفی نےدرخواست قابل سماعت ہونے پرفیصلہ محفوظ کرلیا

    لاہورہائیکورٹ میں آزاد امیدوار علی اعجاز کی جانب سے درخواست دائرکی گئی، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ علیم خان فارم 45 کے مطابق ہار چکے ہیں،علیم خان نے مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیا۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے اور الیکشن کمیشن کو حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روکنے کا حکم دے ساتھ ہی این اے 177 کا نتیجہ کالعدم قرار دے۔

  • الیکشن 2024 پاکستان : علیم خان اور عطا تاڑر کی کامیابی ہائی کورٹ میں چیلنج

    الیکشن 2024 پاکستان : علیم خان اور عطا تاڑر کی کامیابی ہائی کورٹ میں چیلنج

    لاہور : استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما علیم خان اور مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تاڑر کی کامیابی کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق این اے117سے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما علیم خان کی کامیابی کو لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کردیاگیا۔

    درخواست میں ریٹرننگ افسر،الیکشن کمیشن سمیت دیگرکوفریق بنایا گیا ہے اور موقف اختیار کیا گیا کہ علیم خان فارم 45 کے مطابق ہار چکے ہیں، مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں علیم خان کو فاتح قرار دیاگیا۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت فارم 45 کےمطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے اور الیکشن کمیشن کوحتمی نتیجہ جاری کرنے سے روکنے کا حکم دے۔

    این اے127لاہور سے بھی ن لیگی رہنما عطا تاڑر کی کامیابی کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیاگیا، پی ٹی آئی کےحمایت یافتہ آزاد امیدوار ظہیر عباس کھوکھر نے درخواست دائر کی۔

    درخواست میں ریٹرننگ افسر، الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا اور مؤقف اختیار کیا کہ عطاتارڑفارم45کےمطابق ہارچکےہیں،ملی بھگت سےفارم47میں فاتح قراردیاگیا، ہمارے پولنگ ایجنٹ کو پولیس نے ریٹرننگ افسر آفس سے باہر نکال دیا۔

    درخواست میں کہنا تھا کہ میری عدم موجودگی میں حلقےکارزلٹ جاری کیاگیا،فارم 45 کے نتائج ہمارے پاس موجود ہیں، استدعا ہے کہ فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے، الیکشن کمیشن کو حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روکنے کاحکم دے اور عدالت دوبارہ گنتی کا حکم دے اور فارم 47 کا نتیجہ کالعدم قرار دے۔

  • الیکشن 2024 پاکستان :  نواز شریف اور  مریم نواز کی کامیابی کو چیلنج کردیا گیا

    الیکشن 2024 پاکستان : نواز شریف اور مریم نواز کی کامیابی کو چیلنج کردیا گیا

    لاہور : این اے 130 سے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور این اے 119 سے مریم نواز کی کامیابی چیلنج کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق این اے 130 نواز شریف کی کامیابی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا، ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    درخواست میں ریٹرننگ افسر، الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا اور کہا گیا کہ نواز شریف فارم 45 کے مطابق ہار چکے ہیں، نواز شریف کو مبینہ ملی بھگت سےفارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیاگیا۔

    دائر درخواست میں کہنا تھا کہ فارم 45 کےنتائج ہمارے پاس موجود ہیں، عدالت فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کو حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روکنےکا حکم دیا جائے اور دوبارہ گنتی کا حکم اور فارم 47 کا نتیجہ کالعدم قرار دے۔

    دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں این اے 119 سے مریم نواز کی کامیابی کو بھی چیلنج کردیا گیا، درخواست آزادامیدوار شہزاد فاروق کی جانب سے دائرکی گئی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ حلقےکےپریزائیڈنگ افسران نے فارم 45 نہیں دیا ،آراو نے بھی نتیجہ مرتب کرتے ہوئے نوٹس نہیں کیے، آر او نے عدم موجودگی میں نتیجہ مرتب کرکے جاری کیا۔

    درخواستمیں کہنا تھا کہ مریم نواز سے جیت چکا تھا مگر دھاندلی کر کے ہرایا گیا ،عدالت آراو کو فارم 47 دوبارہ مرتب کرنے کا حکم دے اور مریم نواز کی کامیابی نتیجہ کالعدم قرار دے۔