Author: عابد خان

  • NA – 71 سیالکوٹ: ریحانہ ڈار نے  دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کردی

    NA – 71 سیالکوٹ: ریحانہ ڈار نے دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کردی

    سیالکوٹ : تحریک انصاف کی حمایت یافتہ امیدوار ریحانہ ڈار نے این اے 71 سیالکوٹ میں دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کردی ، اس حلقے سے ن لیگ کے خواجہ آصف کو فاتح قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق این اے 71 سیالکوٹ سے ریحانہ ڈار نے لاہور ہائی کورٹ میں دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کردی، درخواست میں آر او ، الیکشن کمیشن اور خواجہ آصف سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ این اے 71سیالکوٹ سے ن لیگ کے خواجہ آصف کو فاتح قرار دیا گیا ہے ، خواجہ آصف فارم 45 کے مطابق ہار چکے ہیں، ان نے مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیا۔

    ریحانہ ڈار نے درخواست میں کہا ہے کہ فارم 45 کے نتائج ہمارے پاس موجود ہیں، استدعا ہے کہ عدالت فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت الیکشن کمیشن کو حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روکنے کاحکم دے اور دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے فارم 47 کا نتیجہ کالعدم قرار دے۔

  • لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل نے استعفیٰ دے دیا

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل نے استعفیٰ دے دیا

    لاہور ہائیکورٹ کے سینیئر جج جسٹس شاہد جمیل خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے فاضل جج شاہد جمیل نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا، جسٹس شاہد جمیل سنیارٹی میں 11ویں نمبر پر تھے۔

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کردیا۔

    واضح رہے کہ جسٹس شاہد جمیل نے 2028 میں ریٹائرہونا تھا۔

  • بانی پی ٹی آئی  کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے کا حکم

    بانی پی ٹی آئی کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے کا حکم

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے کا حکم دے دیا اور کہا پیمراعدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے کیخلاف درخواست کا فیصلہ جاری کردیا۔

    جسٹس شمس محمود مرزانےبانی پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا، جس میں بانی پی ٹی آئی کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے کا حکم دے دیا۔

    لاہورہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا کہ پیمراعدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنائے ساتھ ہی پیمرا بانی پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کے امیدواروں کی میڈیاپر مکمل کوریج بھی یقینی بنائے۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ آزاد اور شفاف الیکشن جمہوریت کے لیے لازم ہیں، ہر سیاسی جماعت کو آزادانہ الیکشن مہم چلانے کی مکمل آزادی ہے، سیاسی جماعتوں کواجتماع اور اپنا منشور عوام تک پہنچانےمیں مکمل آزادی ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ آزاد میڈیا بھی جمہوریت کیلئےاتنا ہی ضروری ہے ، آئین میں دی گئی آزادی اظہارسمیت دیگرحقوق کےبغیرالیکشن شفاف اور آزاد قرار نہیں دیے جاسکتے۔

  • اے ٹی سی کا 9 مئی کے اشتہاری ملزمان کی جائیدادیں قرق کرنیکا حکم

    اے ٹی سی کا 9 مئی کے اشتہاری ملزمان کی جائیدادیں قرق کرنیکا حکم

    لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے اشتہاری ملزمان کی جائیدادیں قرق کرنے کا حکم دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت  کے جج محمد نوید اقبال کی جانب سے جاری کیے گئے فیصلے میں قرار دیا گیا کہ تفتیشی آفیسر نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ضروری ہے کہ ملزمان کی جائیدادیں قرق کرنے کا حکم دیا جائے۔

    ریونیو افسران کو ڈسٹرکٹ میں ملزمان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد قرق کرے۔

    عدالت نے اشتہاری ملزم میاں اسلم اقبال، حماد اظہر، مراد سعید، اعظم سواتی، حافظ فرحت، علی امین گنڈا پور، واجد عظیم، شاہد چوہدری، طارق ثنا باجوہ، چوہدری آصف شکور، نعیم ریاض، علی رشید پوتا، ممتاز بیگم، محمد اکرم، ملک اظہر، حسین بارا، امجد سہیل نیازی اور ثاقب سلیم بٹ کی جائیدادیں قرق کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

  • ن لیگ کا آفس جلانے کا کیس: صنم جاوید کی درخواست ضمانت منظور

    ن لیگ کا آفس جلانے کا کیس: صنم جاوید کی درخواست ضمانت منظور

    لاہور : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ن لیگ کا آفس جلانے کے کیس میں صنم جاوید کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ن لیگ کا دفتر جلانے سے متعلق کیس میں صنم جاوید کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

    وکیل ملزمہ نے بتایا کہ صنم جاوید کو 6ماہ بعد نئے مقدمہ میں ملوث کیا گیا ، صنم جاوید کا مسلم لیگ ن کا دفتر جلانے کے واقعے سے تعلق نہیں۔

    پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملک پھر میں 9 مئی کی 1300 ایف آئی آرز درج ہیں ، شواہد سامنے آنےپرملزمان کودیگرمقدمات میں ملوث کیا جا رہا ہے، ملزمہ نے عوام کو فسادات پر اکسایا ،خود بھی پیٹرول بم پھینکے۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید چدھڑ نے صنم جاوید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا.

    انسداد دہشت گردی عدالت نے صنم جاوید کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کر لی اور صنم جاوید کو رہائی کیلئے 2 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

  • نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے  کی اپیل پر فیصلہ محفوظ

    نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کی اپیل پر فیصلہ محفوظ

    لاہور : نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کیلئےانٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کیلئےانٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ہوئی۔

    ،سرکاری وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا اعلان کر دیا ہے، 8 فروری کو عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع کر دی ہے ، جس کے بعد درخواست غیر موثر ہو چکی ہےخارج کی جائے۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 15 نومبر کو نگران وزیر اعظم کی 90 روز کی آئینی مدت مکمل ہو چکی، 90 روز کے بعد نگران وزیراعظم کا عہدے پر برقرار رہنا غیر قانونی ہے۔

    لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے دلائل سننے کے بعد نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

  • ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

    ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

    لاہور : ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن لاہورہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا، جس مین کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کی قیمتوں میں اضافہ قانون کے منافی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

    درخواست غلام عباس ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں نگران پنجاب حکومت،آئی جی سمیت دیگرکوفریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں اضافہ قانون کے منافی ہے، نگران حکومت کے پاس اضافی ٹیکسز لگانے کا اختیار نہیں ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ڈرائیونگ لائسنس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔

  • الیکشن 2024 پاکستان : سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان واپس لینے کا قانون چیلنج

    الیکشن 2024 پاکستان : سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان واپس لینے کا قانون چیلنج

    لاہور : سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان واپس لینے کا قانون چیلنج کردیا گیا ، جس میں استدعا کی گئی کہ پی ٹی آئی کا انتخابی نشان واپس لینے کوغیر قانونی قراردے۔

    تفصیلات کے مطابق سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان واپس لینے کے قانون کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔

    لاہورہائیکورٹ میں درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائرکی گئی ، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن ایکٹ کی شق 215 آئین اور بنیادی حقوق کےخلاف ہے ، الیکشن کمیشن کے کسی جماعت سےانتخابی نشان واپس لینےکااختیار آئین کےمنافی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ قرار دے چکی پارٹی الیکشن کاعام انتخابات پر کوئی اثر نہیں ہو سکتا۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت الیکشن ایکٹ کی شق 215 کو کالعدم قرار دےاور پی ٹی آئی کا انتخابی نشان واپس لینے کوغیر قانونی قراردے۔

  • بانی پی ٹی آئی سمیت پی ٹی آئی کے متعدد امیدوار الیکشن کی دوڑ سے باہر

    بانی پی ٹی آئی سمیت پی ٹی آئی کے متعدد امیدوار الیکشن کی دوڑ سے باہر

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی سمیت شاہ محمود قریشی، پرویز الہیٰ ،فواد چوہدری اور صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف درخواستیں خارج کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں فل بنچ نے محفوظ کیے گئے فیصلے سنادئیے۔

    فل بینچ نے بانی پی ٹی آئی کے این اے 122 اور این اے 89 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف درخواست خارج کر دی۔

    عدالت نے پرویز الہیٰ کے این اے 64گجرات، پی پی32,34, این اے69منڈی بہاوالدین ، پی پی42منڈی بہاوالدین ، این اے59تلہ گنگ، پی پی23 تلہ گنگ سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف درخواستیں خارج کیں۔

    عدالت نے ۔شاہ محمود قریشی کے این اے 150 این اے 151 ، پی پی218 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے سے متعلق ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف درخواستیں خارج کردیں۔

    فواد چوہدری کے این اے60 اور این اے61 سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کو چیلنج کیا تھا، جسے عدلت نے مسترد کر دیا ۔

    حلقہ این اے 129سے حماد اظہر اور صنم جاوید کے این اے119 اور این اے 120 پی پی 150 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواستیں خارج کر دی گٸیں۔

    دوسری جانب این اے 56سے شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف درخواست مسترد کردی گٸی ۔ عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کے این اے 71 اور پی پی 46 سے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف بھی درخواست مسترد کر دی گئی۔

  • الیکشن 2024 پاکستان : نواز شریف اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کیخلاف درخواست دائر

    الیکشن 2024 پاکستان : نواز شریف اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کیخلاف درخواست دائر

    لاہور : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے کاغذات منظوری کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست شہری شاہد اورکزئی نے دائر کی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف این اے130لاہور الیکشن لڑرہےہیں، نوازشریف سپریم کورٹ حملہ کیس میں ملوث ہیں اور سپریم کورٹ حملہ کیس عدالت میں زیرالتوا ہے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ایپلٹ ٹربیونل نےحقائق کےبرعکس نوازشریف کےکاغذات منظورکئے، استدعا ہے کہ عدالت نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

    دوسری جانب استدعا لاہورہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کیخلاف بھی درخواست دائر کردی گئی ہے۔

    درخواست شہری شاہد اورکزئی کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف سپریم کورٹ پر حملے میں ملوث ہیں ، ریٹرننگ افسر اور ٹریبونل نے کاغذات نامزدگی منظور کیے جو قانون کیخلاف ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت کاغذات نامزدگی منظوری کالعدم قراردیکر شہبازشریف کوالیکشن لڑنے سے روکے۔